حیدرآباد: پرانے شہر حیدرآباد میں واقع مانو ایوننگ کالج میں بی اے کے علاوہ بی کام، بی ایس سی اور ایم اے کے کورسز شروع کیے جائیں گے۔ اس بات کا اعلان پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کیا۔ وہ آج مانو ماڈل اسکول، فلک نما، حیدرآباد میں یومِ آزاد تقاریب 2026 کے آغاز کے موقع پر صدارتی خطبہ دے رہے تھے۔ 6 روزہ یومِ آزاد تقاریب کا آج باضابطہ طور پر مانو ماڈل اسکول، حیدرآباد میں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر مانو ماڈل اسکول کے طلبہ کی جانب سے رنگا رنگ تہذیبی، ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔ اس تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، پروفیسر سید عین الحسن نے آج کے ثقافتی پروگرام میں حصہ لینے والے سبھی 125 طلبہ کو 1000 روپئے فی کس کا خصوصی انعام دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، مانو ماڈل اسکول فلک نما کو ترقی دینے کے لیے ہر طرح کے اقدامات کر رہی ہے۔ تاکہ پرانا شہر حیدرآباد میں رہنے والے طلباء و طالبات کو حصول تعلیم کے لیے کہیں اور جانے کی ضرورت نہ رہے۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اس موقع پر شجرکاری بھی کی۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ غیر ضروری کاموں میں اپنی توانائی کو صرف نہ کریں۔ اور حصول تعلیم کے لیے پوری طرح مستعدی کا مظاہرہ کریں۔ مانو ماڈل اسکول میں منعقدہ اس افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے اور مخاطب کرنے والوں میں ایجوکیشن کے پروفیسر صدیقی محمد محمود، ڈائرکٹر سی ڈی او ای پروفیسر رضاء اللہ خان، ڈین اسکول آف لینگویجس پروفیسر گلفشاں حبیب، ڈین اسکول آف ایجوکیشن پروفیسر محمد مشاہد، ڈین اسکول آف سوشل سائنسس پروفیسر پی ایچ محمد، پرووسٹ بوائز ہاسٹل پروفیسر شاہد رضاء کے علاوہ کنوینر یومِ آزاد تقاریب پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی بھی شامل تھے۔
مانو ایوننگ کالج میںنئے یو جی کورسز کے ساتھ پی جی کورس بھی ہوں گےشروع : پروفیسر سید عین الحسن
