لکھنؤ:خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی کے شعبہ اردو کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد اکیڈمک بلڈنگ میں جشن اردو کے عنوان سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر شعبۂ اردو کے صدر پروفیسر ثوبان سعید نے اپنی افتتاحی کلمات میں مہمانوں شکریے کے ساتھ جشن اردو کے انعقاد کی اہمیت اور معنویت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نومبر کا مہینہ اردو زبان و ادب کی دو عظیم اور ہمہ جہت شخصیات علامہ اقبال اور مولانا ابوالکلام آزاد سے خصوصی نسبت رکھتا ہے۔
ان دونوں عظیم شخصیات نے اپنی علمی، ادبی، فکری اور ملی خدمات کے ذریعے اردو زبان و ادب کو ایک نئی شناخت اور وسعت عطا کی۔ لہٰذا اس مہینے میں ان شخصیات کو یاد کرنا اور ان کے افکار و نظریات سے نئی نسل کو روشناس کرانا ہماری علمی و ادبی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ ایک طرح کا فرض بھی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جشن اردو محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ اردو زبان کی تہذیبی، ثقافتی اور ادبی روایت سے وابستگی کے اظہار کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ ایسے پروگراموں کے انعقاد سے طلبہ میں اردو زبان کے تئیں دلچسپی پیدا ہوتی ہے اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بامعنی پلیٹ فارم میسر آتا ہے۔ بیت بازی، ادبی کوئز اور مقالہ خوانی جیسے مقابلے طلبہ کے ادبی ذوق، مطالعے کے رجحان اور علمی استعداد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پروفیسر فخر عالم نے اپنے کلیدی خطبے میں اردو زبان کی اہمیت، اس کی تہذیبی و ثقافتی معنویت اور موجودہ عہد میں درپیش چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت اور گنگا جمنی تہذیب کی امین ہے۔ اس زبان نے ہندوستان کی قومی یکجہتی، سماجی ہم آہنگی اور آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
افسوس کی بات ہے کہ آج بعض سیاسی عیاریوں اور مفاد پرستانہ رویوں کے تحت زبانوں کو مذہبی اور سیاسی شناختوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہےجب کہ زبان کا تعلق کسی مذہب یا مخصوص طبقے سے نہیں بلکہ عوام کے تہذیبی شعور اور جذبات سے ہوتا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر اجے تنیجا نے اپنے صدارتی کلمات میں اردو زبان سے اپنی دلچسپی اور قلبی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو ایک نہایت شیریں، خوب صورت اور تہذیبی اقدار سے مالا مال زبان ہے۔ اس کی شیرینی، شائستگی اور ادبی لطافت ہر زبان کے بولنے والے کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ زبانیں معاشرے کو جوڑنے اور مختلف تہذیبوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہوتی ہیں۔ اردو زبان نے ہندوستان کی مشترکہ تہذیب اور گنگا جمنی روایت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس موقع پر مختلف علمی، ادبی اور تعلیمی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا، جن میں بیت بازی، ادبی کوئز اور مقالہ خوانی قابلِ ذکر تھے۔ ان پروگراموں میں طلبہ اور ریسرچ اسکالرز نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہوئے اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان سرگرمیوں میں علیشا رضوی، حسن اکبر، انوری خاتون، پرکھر دویدی، شاداب انجم، عبداللہ ضیاء، فاروق احمد، محمد ثاقب، محمد ذاکر، عرفی خانم، سنبل فاطمہ سمیت دیگر طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر شعبے کے اساتذہ ڈاکٹر نیرج شکلا، ڈاکٹر محمد اکمل، ڈاکٹر اعظم انصاری، ڈاکٹر مرتضیٰ علی اطہر، ڈاکٹر منور حسین، ڈاکٹر موسیٰ رضا، ڈاکٹر سدھارتھ سدیپ، ڈاکٹر راج کمار، ڈاکٹر عبدالحفیظ اور ڈاکٹر عارف عباس کے علاوہ دیگر اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ بھی موجود تھے۔اس پروگرام کی نظامت عبد اللہ اور شکریے کے کلمات ارسلہ ابرار نے ادا کیا۔اس پروگرام کے انعقاد میں شعبۂ اردو کی ریسرچ اسکالرس ایسوایشن اور بزم ادب کے اراکین کا اہم کردار رہا ہے۔
تہذیبی شعور اور عوامی جذبات سے ہوتا ہےزبان کا تعلق، مذہب سے نہیں: پروفیسر فخر عالم
