(پی این این)
شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ تقریبات میں اسراف اور بے پردگی سے اجتناب کریں اور شریعت اسلامیہ کے احکام پر عمل کریں- مفتی مکرم احمد نے اجین میں سنگھستھ مہا پرو 2028 کے نام پر تاریخی مساجد، شاہی مقبروں اور درگاہوں کے انہدام کی کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور اسے غیر آئینی وغیر قانونی عمل سے تعبیر کیا- انہوں نے کہا کہ ہم دوسرے مذاہب کا بھی احترام کرتے ہیں ہم سیکولر جمہوری ملک میں رہ رہے ہیں کسی مذہبی پروگرام کے لیے دوسرے مذہب کی تاریخی عبادت گاہوں کو منہدم کرنا سراسر غیر آئینی عمل ہے جس کی مذمت سب کو کرنی چاہیے ہر سیکولر پارٹی کو اس فرقہ پرستانہ عمل کی واضح الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے – بڑے افسوس کی بات ہے کہ اجین میں 21 نومبر کو صبح اندھیرے سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر پلیٹ فارم نمبر 8 کے قریب مسجد قلندری، شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زیادہ مزارات کو بھاری تعداد میں فورس لگا کر منہدم کر دیا گیا اور اس کے علاوہ دیگر تاریخی مساجد کو بھی منہدم کیا جا رہا ہے۔2028 ابھی بہت دور ہے ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ تاریخی مساجد کو ہرگز منہدم نہ کیا جائے عدالت اس سلسلے میں ان عبادت گاہوں کو قانونی تحفظ فراہم کرے۔
مفتی محمد مکرم احمد نے نئی دہلی میں واقع کرشی بھون مسجد کے تحفظ کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ وقف ایکٹ 1991 قدیم تاریخی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور آزادی کو 80 برس ہو رہے ہیں اتنے لمبے عرصے سے آزاد بھارت میں مسجد موجود رہی ہے تو اب اس تاریخی مسجد کوسیکولرزم کے منافی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے 1945 کا رجسٹرڈ معاہدہ بھی موجود ہے اور وقف گزٹ 1970 بھی موجود ہے ہم امید کرتے ہیں کہ عدالت ان تمام ثبوتوں کے مطابق فیصلہ سنائے گی –
