(پی این این)
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت پارٹی کے تمام سینئر رہنماؤں نے پارٹی کے 14ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر کے کارکنوں اور حامیوں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اب عام آدمی پارٹی کے قیام کو 14 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
ان 14 برسوں میں سیاست ہمیں بدلنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، بلکہ ہم نے سیاست کو بدل کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے پارٹی کی بنیاد رکھی تھی تو ہم پر کئی طرح کے سوالات اٹھائے گئے تھے، لیکن ہم نہ صرف ثابت قدم رہے بلکہ پورے ملک کے لوگوں کے دل بھی جیتے۔ ہم نے دہلی اور پنجاب میں حکومتیں قائم کیں اور جموں و کشمیر سے لے کر گوا اور گجرات تک عوام کی محبت اور حمایت حاصل کی۔ اروند کیجریوال نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہماری پارٹی کا یومِ تاسیس ہے۔ ہم نے بہت کم وقت میں ایک طویل سفر طے کیا ہے۔ جب پارٹی قائم ہوئی تھی تو ہم پر کئی سوالات اٹھائے گئے تھے۔ کہا جاتا تھا کہ کیا ہم کچھ کر پائیں گے؟ یہ پارٹی کتنے دن قائم رہ سکے گی؟ آخر ان لوگوں کو سیاست کی کیا سمجھ ہے؟ لیکن ہم نہ صرف قائم رہے بلکہ پورے ملک کے لوگوں کا اعتماد اور محبت بھی حاصل کی۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ ہم نے دہلی میں حکومت بنائی، پنجاب میں حکومت بنائی اور جموں و کشمیر سے لے کر گوا اور گجرات تک ہندوستان کے لوگوں کا اعتماد اور پیار حاصل کیا۔ ہم نے کام کی سیاست کی اور تعلیم و صحت جیسے بنیادی مسائل پر توجہ مرکوز کی۔ سیاست ہمیں بدل نہیں سکی، بلکہ ہم نے سیاست کو بدل دیا۔ ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے اور ملک کے لیے بہت سے کام کرنے ہیں۔ ہم نہ ڈریں گے اور نہ ہی پیچھے ہٹیں گے۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کے تمام کارکنوں اور حامیوں کو یومِ تاسیس کی دلی مبارک باد پیش کی۔ دوسری جانب پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا نے عام آدمی پارٹی کے 15ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ملک بھر کے تمام ساتھیوں، رضاکاروں اور شہریوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ 2011 میں دہلی کی سڑکوں پر اترنے والے عام لوگوں نے ایک سیدھی اور واضح بات کہی تھی کہ سیاست بدلے بغیر ملک نہیں بدل سکتا۔ اسی تحریک کے نتیجے میں 2012 میں آج ہی کے دن عام آدمی پارٹی کا قیام عمل میں آیا۔ ملک بھر کے ہزاروں ساتھیوں نے اپنی محنت اور جدوجہد سے اس سفر کو آگے بڑھایا۔ دہلی اور پنجاب میں ہم نے یہ دکھایا کہ ایماندار سیاست کے اثرات عام لوگوں کی زندگیوں میں کس طرح نظر آتے ہیں۔
سرکاری اسکولوں میں بچوں کو بہتر تعلیم ملی، اسپتالوں میں علاج کی سہولیات بہتر ہوئیں، بجلی اور پانی کے بلوں میں خاندانوں کو راحت ملی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی کی گئی۔ منیش سسودیا نے کہا کہ آج ہم ایک بار پھر یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم ایسا ہندوستان بنائیں گے جہاں دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں اور کالج ہوں اور کسی گاؤں کے ایک عام خاندان کا بچہ بھی اعلیٰ ترین معیار کی تعلیم حاصل کرسکے۔ ایسا ہندوستان جہاں ہمارے نوجوان اپنی صلاحیت، سوچ اور محنت کے بل پر دنیا کی مضبوط ترین کمپنیاں قائم کریں اور اپنے ہی ملک میں لاکھوں لوگوں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسا ہندوستان بنائیں گے جس کے گاؤں اور شہر دنیا کے صاف ستھرے اور خوبصورت ترین مقامات میں شمار ہوں۔ جہاں کسان کو اس کی محنت کا پورا معاوضہ ملے، بیٹیاں بلا خوف و خطر کہیں بھی آ جا سکیں اور کسی خاندان کو اپنے عزیزوں کے علاج کے لیے زندگی بھر کی جمع پونجی خرچ نہ کرنی پڑے۔ منیش سسودیا نے مزید کہا کہ ہمارا خواب ہے کہ پوری دنیا ہندوستان کی ترقی کی مثال دے اور ملک کا ہر شہری اس ترقی کو اپنی زندگی میں محسوس کرسکے۔ ہر بچے کو یہ یقین ہو کہ اس کا خواب چاہے کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو، اسے پورا کرنے کا موقع اپنے ہی ملک میں ملے گا۔ اسی ہندوستان کی تعمیر کے مقصد سے ہم نے سیاست میں قدم رکھا تھا۔ اسی خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہم آئین اور جمہوریت کی حفاظت کرتے ہوئے پوری ایمانداری، عزم اور طاقت کے ساتھ اپنا کام جاری رکھیں گے۔
