تازہ ترین
اسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گاتنظیمی مضبوطی کے مد نظر ارریہ ضلع کانگریس کمیٹی کی میٹنگ، میٹنگ میں مستقبل کے پروگرام کے لئے نئی حکمت عملی پر کیا گیاتبادلہ خیال ، بٹو یادو اور شکیب رضا کانگریس میں شاملدعوت و تبلیغ کے مخلص خادم اور بہار شوریٰ کے معزز رکن محمد شمشیر کا انتقال، دینی و سماجی حلقوں میں رنج و غم کی لہرآئی آئی ایم بودھ گیا میں بدھونومکس 2026 کا آغاز، اخلاقیات، رحم دلی اور پائیدار ترقی پر ملکی و غیر ملکی ماہرین کا اظہار خیال، 11 ممالک کے 96 اداروں کی شرکتایک صاحب کردار انسان تھے حاجی جمیل منظر: امیر شریعتجیتنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدوار کو ہی دیا جائے گاٹکٹ، اکھلیش یادو نے طے کیا سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہاے ایم یو کے ایس ٹی ایس اسکول میں طلبہ کو سرکاری ملازمت کیلئے تیار کرنے کے موضوع پر اجلاس کا انعقاداے ایم یو کے اساتذہ اور ریزیڈنٹس کی’ نیپکون‘ میں شاندار کارکردگی
محاسبہ

اسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گا

(محاسبہ  ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔  سید فیصل علی)

ٹرمپ کے خلاف امریکی عوام نے جس غصے کا مظاہرہ کیا ہے اور ٹرمپ کے غرور کو شکست فاش دی ہے، وہ اس بات کی عکاس ہے کہ امریکہ کے ماحول میں نفرت کی سیاست یا تجارتی مفاد کا کوئی ہتھکنڈہ کامیاب نہیں ہوسکتااور یہی صورتحال اور غم وغصہ اسرائیل میں  بھی نظر آیا، جہاں نہ صرف نیتن یاہو اقتدار سے بے دخل نظر آرہے ہیں، جنہوں نے اہل فلسطین پر ظلم وستم اور نفرت کی انتہا کردی اور مسلم دشمنی کی حدیں پار کرتے ہوئے ایران پر چڑھ دوڑے، یہی نہیں! اپنی اس فتینیت میں وہ اپنے آقائے محترم ٹرمپ کو بھی شامل کر لیاجن کے بڑبولے پن،سنکی پن اور کمینہ پن کو امریکی عوام نے ایسا جھٹکا دیاکہ اب وہ ہزار بار سوچیں گے کہ نفرت کی سیاست یا تجارت کی راہ انسانیت پر حاوی نہیں ہوسکتی۔
میں کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ یہی تجارتی ڈگراور نفرتی سیاست کی نقطہ نظر ہمارے مہامانو پردھان منتری مودی نے بھی اپنا رکھا ہے۔ کیا ان کی سیاست کا حشر بھی یہی ہونے والا ہے؟ جو ان کے پرم متروں ٹرمپ اور نیتن یاہو کا ہوا ہے، کیونکہ اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ نیتن یاہو ہوں، ٹرمپ ہوں، یا مودی ہوں، ان تینوں کے نظریات و افکار اور فتین ذہنیت یکساں مماثلت رکھتے ہیں۔ تینوں اقتدار کے حصول ، تجارتی ذہنیت اور چودھری بننے کے جنون کے تحت ایک ہی راہ کے مسافر ہیں۔ تینوں جھوٹ بولنے میں ید طولہ رکھتے ہیں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ سب سے زیادہ جھوٹ ٹرمپ بولتے ہیں، نیتن یاہو بولتے ہیں یا اپنے مہامانو پردھان منتری مودی بولتے ہیں۔ ایک زمانے میں واشنگٹن پوسٹ نے ٹرمپ کے جھوٹ بولنے کی ایک فہرست تیار کی تھی۔ ٹرمپ کا جھوٹ ایک سال میں 4ہزار سے تجاوز کر گیا تھا۔ وہیں نیتن یاہو کے جھوٹ کی پوٹلی مسلسل اسرائیل کے عوام کو گمراہ کرنے میں لگی رہی۔ غزہ میں بے گناہوں پر بمباری اور معصوموں کے قتل عام پر اسرائیل کے عوام بھی مخالف ہیں، بلکہ اسرائیلی تو ایران کے خلاف جنگ پر بھی معترض ہیں، لیکن نفرت کے کھلاڑی جنگی جنون اور اپنی طاقت کے گمان سے سرشارنیتن یاہو کسی کو خاطر میں  نہیں لارہے تھے۔ حالانکہ ایران پر تابڑ توڑ حملے کے جواب میں ایران نے بھی اسے کرارا جواب دیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اسرائیلی عوام بھی نیتن یاہو سے بدظن ہوگئے اور انہیں الیکشن میں اکثریت سے محروم کر دیا۔ چنانچہ اسی غصے کی وجہ سے آج آئزن کوٹ اسرائیل کا وزیر اعظم بننے والا ہے۔ اب رہی بات ہندوستان کی تو یہاں بھی حکومت کے خلاف عوامی غم و غصہ عروج پر ہے۔ مظاہروں، احتجاجات اور نئی نسل کا سڑکوں پر اترناوغیرہ اسی بات کا غماز ہے۔ خاص کر راہل گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن کے احتجاج ومظاہرے اور ’’چھاتروں کی گونج‘‘ نے یہ ثابت کردیا ہے کہ آج ملک کی سوچ کا مرکز کیا ہے۔ بے روزگاری، مہنگائی، امتحانات میں بدعنوانی اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ آج کی سیاسی فضا کو آلودہ کررہے ہیں۔
عالمی سطح پر بھی ہندوستان کی حیثیت آج کیا ہے، یہ بھی ایک بڑا سوال ہے۔مودی کے غیر ملکی دوروں کے باوجود ہندوستان کو اہمیت نہیں مل رہی ہے۔پوتن، شی جن پنگ اور ٹرمپ ایک ٹیبل پر بیٹھ سکتے ہیں،اس سے متعلق راہل گاندھی کہتے ہیں کہ اگر مودی سرکار کامپرمائز نہیں ہوتی تو ہندوستان بھی آج اس میز پر بیٹھتا۔ راہل گاندھی جب امریکہ پہنچتے ہیں تو جس طرح ان کی پذیرائی ہوتی ہے، ا س پر خود ٹرمپ بھی حیران ہوتے ہیں۔ راہل گاندھی عالمی سطح پر مودی سے کہیں زیادہ مقبول ہوچکے ہیں اور دنیا انہیں ایک نئے قائد کے روپ میں دیکھ رہی ہے۔ راہل گاندھی کی اپیل پر حیدرآباد میں قومی و بیرونی حالات پر ایک عالمی سمٹ کا انعقاد ہوا، جس میں 72 ملکوں کے ہزاروں  مندوبین شامل ہوئے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا الیکشن کمیشن اور ای وی ایم کے بغیر ملک کی قیادت میں  تبدیلی آسکتی ہے؟ لاکھ عوام مخالف ہوں، اقتدار بہرحال بھگوا جماعت کو ہی کیوں ملتا ہے؟ گزشتہ دنوں راہل گاندھی امریکہ میں تھے تو ان سے سوال کیا گیا کہ اگر ہندوستان میں ووٹ چوری ہورہی ہے تو اپوزیشن الیکشن کا بائیکاٹ کیوں نہیں کرتا؟ تو راہل گاندھی نے اس کا بڑی خوبصورتی سے جواب دیا کہ ووٹ کے بائیکاٹ سے جمہوریت کو ضرب پہنچے گا، الیکشن ہی جمہوریت کی شان ہے، ووٹ کے بائیکاٹ سے جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔ ان تمام شک وشبہات کے تناظر میں ایک بار پھر ٹرمپ، نیتن یاہو اورمودی کی یکساں کنڈلی کی طرف آرہا ہوں کہ کیا جس طرح اسرائیل اور امریکہ میں عوام کا غصہ جمہوری اقدار کا محافظ بن سکتا ہے، جس طرح اسرائیل اور امریکہ میں ٹرمپ اور نیتن یاہو کے غرور و طاقت کا نشہ اترا ہے، کیا ایسا ہی ہندوستان میں بھی ممکن ہے؟
دراصل امریکہ میں جہاں ایران پرحملہ عوامی غم وغصے کا سبب رہا تو دوسری طرف وہاں امریکی عوام ٹرمپ کی تاجرانہ ذہنیت اور ملک میں حد سے زیادہ بڑھتی مہنگائی ، بے روزگاری اور ایندھن کی کمی کا بھی ٹرمپ کو سبق سکھایا اور انسانیت کو ترجیح دی،جس کے تحت ڈیموکریٹ کو امریکی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اکثریت مل گئی۔ ایران پر حملہ تو ایک وجہ تھی ہی، لیکن امریکی عوام کے غصے کی سب سے بڑی وجہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانیاں بھی تھیں۔ امریکی عوام نے ٹرمپ کو اس کا ایسا سبق سکھایا کہ اس کی آنچ ہندوستان تک محسوس کی جارہی ہے۔ بالکل وہی منظرنامہ ہے جو امریکہ میں  ہے۔ جس طرح ہندوستان میں اڈانی، امبانی کی پشت پناہی کی جارہی ہے، تمام قومی ادارے ان کی تحویل میں دیئے جارہے ہیں، روزگار ختم کیا جارہا ہے، ایسی ہی صورتحال امریکہ میں بھی ہے، لیکن وہاں کے لوگوں  میں اس بات پرشدید ناراضگی تھی کہ ٹرمپ حکومت چند صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے کاروبار کو فروغ دینے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کے 2بیٹوں نے ان کے دورے اقتدار میں  خوب خوب تجوریاں بھرلی ہیں، حتیٰ کہ ان کے داماد تو حکومت کی مدد سے ڈالر پے ڈالر چھاپ رہے تھے۔ واشنگٹن پوسٹ نے اس کا کچا چٹھا کھولا ہے کہ ٹرمپ کے داماد کس طرح عرب ملکوں میں حکومت کے نمائندے بن کر گھوم رہے ہیں، خلیجی ملکوں سے گفتگو کررہے ہیں اور ڈالر کما رہے ہیں۔ دراصل ٹرمپ کی تمام تر سیاست کاروباری ہے، جس طرح نئی پارلیمنٹ بناکر مودی نے قومی سرمایہ کے ہزاروں کروڑ کا صرفہ کیا جس کی فی الحال کوئی ضرورت نہیں تھی۔ اسی طرح ٹرمپ ولیکن میموریل اور واشنگٹن مونیومینٹ کے درمیان 600 میٹر طویل فلٹرتالاب اور مصر کے احرام کی طرز پر ایک اونچے محراب کی تیاری کا پلان بنا رہے ہیں اور ان کا 90ہزار مربع فٹ پر مشتمل بال روم تو وائٹ ہاؤس سے بھی بڑا ہوچکا ہے۔ٹرمپ اور مودی دونوں تشہیر کے رسیا ہیں۔ مودی بھی ایک کاروباری ذہنیت کے حامل اور تشہیر کے بل بوتے چلنے والے سیاستداں ہیں۔ان کی تمام تر سیاست فنڈ اکھٹا کرنے کی حکمت عملی ہے۔ دنیا بھر میں گھوم گھوم کر وشو گروبننے کا دکھاوا ہے۔ راہل گاندھی تو عام جلسوں میں کہتے پھرتے ہیں کہ اڈانی سرمایہ دار نہیں بلکہ ایک ایجنٹ ہیں، وہ بی جے پی کا فنانسر ہے۔ اس لئے اس کی کمپنی کا نام موڈانی رکھ دینا چاہیے۔ ٹرمپ مودی میں یہی تاجرانہ ذہنیت، ایک خاص قوم سے نفرت اور تعصب کی سیاست ایک دوسرے کے مماثل ہیں، مگر امریکی عوام نے ٹرمپ کو سبق سکھا دیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا اثر امریکہ پر بہت زیادہ ہے، جس کا خمیازہ ٹرمپ کو بھگتنا پڑا۔ امریکی عوام نے دنیا میں ٹرمپ کے سیاسی قد کو نہ صرف چھوٹا کردیا بلکہ ان کے اختیارات کے پر بھی کتر دیئے۔ امریکی پارلیمنٹ کے دونوں  ایوانوں میں ڈیمو کریٹ کی اکثریت سے اب ٹرمپ کوئی منمانہ فیصلہ لینے کی جرأت نہیں کرسکتے۔ سوال تو یہ ہے کہ امریکہ جس تبدیلی کے دور سے گزر رہا ہے، اسرائیل میں جو سیاسی اتھل پتھل ہے، دونوں  ملکوں  میں نفرت کی جگہ محبت کے چشمے پھوٹ رہے ہیں۔ کیا اس کے اثرات دنیا پر ہوں گے؟ خاص کر ہندوستان میں مہامانو مودی کی تاجرانہ اور آمرانہ سیاست پر بھی ضرب پڑے گا؟ یہ ایک ایسا پیچیدہ سوال ہے جس کا جواب بے حد مشکل ہے۔ امریکہ اور اسرائیل میں تو عدلیہ سے لے کر تمام مشنری قانون کی مقلد ہیں، جبکہ ہندوستان میں ہر آئینی ادارہ اور عدلیہ حکومت وقت کے د باؤ میں ہے۔ عوام کی جانب سے تمام مخالفت کے باوجود اقتدار کی موافقت کی راہیں کس طرح کھلی رہتی ہیںاس کو دیکھ تو سبھی رہے ہیں، لیکن اسے کیسے روکا جائے یہ بڑا سوال ہے۔ مگر ان سوالوں کے باوجود یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہر عروج کا زوال مقدر ہے۔ بقول امیر قزلباش:
مرے جنوں کا نتیجہ ضرور نکلے گا
اسی سیاہ سمندر سے نور نکلے گا
(syedfaisalali2001@yahoo.com)

 

متعلقہ خبریں