(پی این این)
بودھ گیا : انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) بودھ گیا میں سنیچر کو بین الاقوامی کانفرنس ’بدھونومکس 2026‘ کا آغاز ہوا۔
’خوشحالی، آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل اور امن کے لیے شراکت داری‘ کے موضوع پر منعقدہ اس کانفرنس میں ملک و بیرون ملک کے ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں، محققین اور صنعت سے وابستہ ماہرین نے معاشی ترقی کے ساتھ اخلاقیات، رحم دلی اور پائیدار ترقی کو جوڑنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
پروگرام کا افتتاح چراغ روشن کرکے کیا گیا۔ آئی آئی ایم بودھ گیا کی ڈائریکٹر پروفیسر ونیتا ایس سہائے نے کہا کہ بودھ گیا کی سرزمین اپنی ایک منفرد شناخت رکھتی ہے۔ تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے ذریعے مقامی لوگوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بیداری اور پائیدار ترقی کو ادارے کی اہم اقدار قرار دیا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی اتر پردیش قانون ساز کونسل کے رکن اور سابق آئی پی ایس افسر ساکیت مشرا نے کہا کہ بودھ فلسفہ دولت کمانے کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اخلاقی طریقے سے معاشی ترقی کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فوائد عام لوگوں تک پہنچانے اور اس کے استعمال میں انسانی جواب دہی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ وہیں، آئی آئی ایم کے ڈین پروفیسر اویرل کمار تیواری نے کہا کہ معاشی ترقی کا فائدہ صرف کسی ایک فرد تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اس سے پورے سماج کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
پدم شری اعزاز یافتہ پروفیسر گیشے نگاوانگ سمٹین نے نالندہ کی علمی روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی خوشی صرف مادی سہولتوں سے حاصل نہیں ہوتی، بلکہ اچھے خیالات اور ذہنی سکون سے ملتی ہے۔ انہوں نے رحم دلی، محبت اور انسانی اقدار کو سماجی مساوات کی بنیاد قرار دیا۔ ڈی ڈی آئی بی یو کے چانسلر و چیئرمین ڈاکٹر دھمّاپیا نے بھگوان بدھ کی تعلیمات کے مطابق وسائل کے متوازن استعمال پر زور دیا اور بین الاقوامی بدھونومکس فورم کے قیام کی تجویز پیش کی۔
کانفرنس میں 11 ممالک کے 96 اداروں نے شرکت کی۔ اس کے لیے موصول ہونے والے 272 تحقیقی مقالوں میں سے 207 کا انتخاب کیا گیا، جن میں 140 مقالے 25 تکنیکی اجلاسوں میں پیش کیے گئے۔ ان اجلاسوں میں عالمی معیشت، پائیدار ترقی، بہتر حکمرانی، ذمہ دارانہ کاروبار، مصنوعی ذہانت اور ثقافتی ورثے جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کانفرنس میں آئی آئی ایم، آئی آئی ٹی، مختلف یونیورسٹیوں اور بزنس اسکولوں کے علاوہ ٹاٹا اسٹیل اور بینک آف بڑودہ سمیت سات صنعتی و سماجی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
آئی آئی ایم بودھ گیا میں بدھونومکس 2026 کا آغاز، اخلاقیات، رحم دلی اور پائیدار ترقی پر ملکی و غیر ملکی ماہرین کا اظہار خیال، 11 ممالک کے 96 اداروں کی شرکت
