(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سیدنا طاہر سیف الدین (ایس ٹی ایس) اسکول میں اسکولوں اور کالجوں کے پرنسپلز اور منتظمین کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں بارہویں جماعت کے بعد طلبہ کو سرکاری خدمات میں کریئر بنانے کے لیے تیار کرنے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے ذیلی ادارے سر سید کوچنگ اینڈ گائیڈنس سینٹر فار کمپیٹیٹیو ایگزامینیشنز کے زیر اہتمام ”اختیار دہی: اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کو روشن مستقبل کی جانب گامزن کریں“ موضوع پر منعقدہ اس اجلاس میں اے ایم یو کے 10 اسکولوں اور شہر کے 17 دیگر اسکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سر سید کوچنگ اینڈ گائیڈنس سینٹر کے چیئرمین اور زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا کے صدر ڈاکٹر سید ظفر محمود نے تنظیم کے وژن اور اقدامات پر روشنی ڈالی اور سرکاری ملازمت میں جانے کے خواہش مند طلبہ کے لیے منظم رہنمائی اور معاونت کی اہمیت پر زور دیا۔ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف انڈیا، اتر پردیش کے کنوینر جناب عتیق صدیقی نے کریئر رہنمائی سے متعلق تنظیم کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
اے ایم یو میں ڈائریکٹریٹ آف اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر قدسیہ تحسین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے طلبہ کی صلاحیتوں کی شناخت اور مسابقتی کریئر کے حصول کے لیے انہیں مناسب رہنمائی، تحریک اور تعلیمی معاونت فراہم کرنے میں یونیورسٹی کے اسکولوں کے کردار کو اجاگر کیا۔
قبل ازیں، ایس ٹی ایس اسکول کے پرنسپل مسٹر فیصل نفیس نے حاضرین کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کو مسابقتی امتحانات اور کریئر کے متنوع مواقع کی جانب رہنمائی فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔
پروگرام میں ابتدائی مرحلے سے کریئر کے انتخاب کے بارے میں معقول رہنمائی، مسابقتی امتحانات سے متعلق آگہی اور اسکولوں و کوچنگ اداروں کے درمیان تعاون جیسے موضوعات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اسکول ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر محمد اعظم خان نے مہمانوں کی عزت افزائی کی۔ پروگرام کی نظامت محترمہ حلیمہ بیگم نے کی۔
