دیوبند:سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان اسمبلی نشستوں کی تقسیم کو لے کر جاری رسہ کشی کے درمیان عمران مسعود کے داماد اور ایس پی لیڈر شایان مسعود نے ان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران مسعود خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے رویے (سیلف وکٹمائزیشن) کا شکار ہیں اور وہ عوامی مفادات کے بجائے اپنے ذاتی مفادات کی لڑائی لڑ رہے ہیں، جبکہ ان کی لڑائی عوام کے مفادات اور بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ہے۔
شایان مسعود نے عمران مسعود کے 26 نشستوں اور بھیک نہ مانگنے سے متعلق بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخر انہیں کون کہہ رہا ہے کہ وہ بھیک مانگ رہے ہیں؟ انہیں کوئی کٹورا دے کر میٹنگ میں نہیں بھیجا گیا تھا۔ وہ خود اس کمرے میں موجود ہیں جہاں نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں بات چیت ہو رہی ہے۔ ایسے میں سمجھ سے باہر ہے کہ وہ اتنے بوکھلائے ہوئے کیوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی جن نشستوں پر پہلے سے اس کے اراکین اسمبلی موجود ہیں، ان پر ٹکٹ بھی موجودہ اراکین اسمبلی کا ہی حق بنتا ہے۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ سماجوادی پارٹی اپنی جیتی ہوئی نشستیں کانگریس کو دے دے؟ البتہ ان نشستوں پر ضرور بات چیت ہو سکتی ہے جہاں کانگریس کی جیت کے امکانات ہوں۔ عمران مسعود کے موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے شایان مسعود نے کہا کہ جب متعلقہ نشستوں پر سماجوادی پارٹی کے اراکین اسمبلی پہلے سے موجود ہیں تو پھر وہ وہاں اپنے امیدوار کیوں اتارنا چاہتے ہیں؟ اگر وہ واقعی بی جے پی کو شکست دینے کے اتنے ہی بڑے حامی ہیں تو پھر اس معاملے کو انا کا مسئلہ کیوں بنا رہے ہیں؟ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران مسعود اپنی ہی پارٹی میں سب سے ٹکراؤ کی صورت حال پیدا کر رہے ہیں اور ہر کسی سے لڑ رہے ہیں۔
انہیں خود کو اس قدر اہم سمجھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ شایان مسعود نے مزید کہا کہ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کے خلاف جو بھی طاقتیں انتخابی میدان میں سرگرم ہیں، ان سے بی جے پی کو فائدہ پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ سہارنپور میں سبھی لوگ متحد ہیں اور اس مرتبہ سماجوادی پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی انہیں جو بھی ذمہ داری سونپے گی، وہ اسے پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ انجام دیں گے۔
عمران مسعود خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے رویے کا شکار، اپنے مفادات کی لڑائی لڑ رہے ہیں کانگریس ایم پی : شایان مسعود
