تازہ ترین
اپ گریڈ مڈل اسکول مقصود پور تاج میں یومِ دستورکا اہتمامکس کی جیب میں گئی چار بیگھہ سے زائد وقف اراضی؟، 30 سے زیادہ رجسٹری کے دعوے نے کھڑے کیے کئی سوالاتتیل کے لیے نہیں، پانی کے لیے ہوگی اگلی جنگ: خطیب محمد اقبالعمران مسعود خود کو مظلوم ظاہر کرنے کے رویے کا شکار، اپنے مفادات کی لڑائی لڑ رہے ہیں کانگریس ایم پی : شایان مسعودہر بیٹی کے لیے محفوظ بچپن اور تعلیم کی تکمیل کو یقینی بنانے کا عزم:ریکھا گپتااجین میں مساجد کا انہدام غیر قانونی عمل:مفتی مکرمہم ایسا ہندوستان بنائیں گے جہاں بہترین تعلیم و صحت ہو:کجریوال سماج میں بڑھتی نفرت اور تعصب کا خاتمہ ضروری
اتر پردیش

تیل کے لیے نہیں، پانی کے لیے ہوگی اگلی جنگ: خطیب محمد اقبال

آگرہ:مسجد نہر والی کے خطیب محمد اقبال نے خطبہ جمعہ کے دوران ملک میں تیزی سے کم ہوتے آبی وسائل اور پانی کے بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے وقت میں دنیا کی لڑائیاں تیل کے بجائے پانی کے لیے ہوں گی۔ انہوں نے نمازیوں کو پانی کی اہمیت سمجھاتے ہوئے اس کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کی اپیل کی۔
خطیب محمد اقبال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہندوستان کو دنیا کی تقریباً 18 فیصد آبادی عطا کی ہے، جبکہ دنیا کے کل میٹھے پانی میں ہندوستان کا حصہ صرف 4 فیصد ہے۔ اس اعتبار سے پانی ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہونے کے ساتھ ایک اہم امانت بھی ہے۔انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 1951 میں ملک میں فی کس سالانہ پانی کی دستیابی 5000 کیوبک میٹر سے زیادہ تھی، جو 2021 میں کم ہوکر تقریباً 1486 کیوبک میٹر رہ گئی۔ اس کا مطلب ہے کہ آبادی بڑھ رہی ہے اور پانی کے وسائل مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں۔ ہندوستان میں تقریباً 60 کروڑ افراد پانی کے شدید دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ ایک رپورٹ کے مطابق دہلی، بنگلورو اور چنئی سمیت ملک کے 21 بڑے شہر مستقبل میں شدید آبی بحران کی زد میں آسکتے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف لوگ کئی کلومیٹر دور سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں، تو دوسری طرف ہم پائپ سے گاڑیاں دھوتے ہیں، گھروں کے باہر پانی کا چھڑکاؤ کرتے ہیں، نہاتے وقت ضرورت سے زیادہ پانی بہاتے ہیں اور وضو کرتے ہوئے نل کھلا چھوڑ دیتے ہیں۔ کہیں نل خراب ہوکر مسلسل پانی بہاتا رہتا ہے، لیکن ہمیں اس کی فکر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ پانی کا یہ ضیاع بھی اسراف ہے اور اس کا جواب اللہ تعالیٰ کے سامنے دینا ہوگا۔ قرآن کریم میں واضح حکم ہے: **’’کھاؤ، پیو اور اسراف نہ کرو، بے شک اللہ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‘‘** (سورۃ الاعراف: 31)
خطیب محمد اقبال نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے پانی روکنے اور دوسروں کو ضرورت کے وقت پانی سے محروم کرنے کے سنگین انجام سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی اصل قدر ان لوگوں سے پوچھیے جو روزانہ کئی کئی کلومیٹر دور سے بالٹیوں اور گھڑوں میں پانی بھر کر لاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم صرف ایک بٹن دباتے ہیں اور نل سے پانی آنے لگتا ہے، لیکن وہ وقت بھی آسکتا ہے جب نل سے پانی کے بجائے صرف ہوا نکلے۔ اس وقت ہماری زندگی کس قدر مشکل ہوجائے گی، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔
آخر میں انہوں نے نمازیوں سے اپیل کی کہ پانی کی اہمیت کو سمجھیں، اس کے استعمال میں احتیاط برتیں، خراب نلکوں کی فوری مرمت کرائیں اور کم سے کم پانی میں اپنی ضروریات پوری کرنے کی عادت ڈالیں۔ پانی بچانا صرف ہماری ضرورت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ذمہ داری بھی ہے۔

متعلقہ خبریں