گیا : مرزا غالب کالج، گیا میں جمعرات کو یومِ آئین منایا گیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل ڈاکٹر محمد علی حسین نے حاضرین کو آئین کی پاسداری کا حلف دلایا اور آئین کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اپنے خطاب میں پرنسپل ڈاکٹر محمد علی حسین نے کہا کہ ہندوستانی آئین ہمارا رہنما ہے اور اسی کی بنیاد پر ملک کا نظامِ حکومت چلایا جا رہا ہے۔
آئین نے سماج کے تمام طبقات، ذاتوں، فرقوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو یکساں حقوق اور برابری کا درجہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئین کے بنیادی اقدار اور اصولوں کی پابندی کرتے ہوئے باہمی ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد کے ساتھ رہنا چاہیے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
اس موقع پر کالج کی گورننگ باڈی کے سکریٹری شکیل احمد خان نے تمام حاضرین کو یومِ آئین کی مبارکباد پیش کی۔
پروگرام کے دوران مگدھ یونیورسٹی، بودھ گیا میں منعقدہ تقریری مقابلے میں مرزا غالب کالج کے شعبۂ بایو ٹیکنالوجی کی سیکنڈ پارٹ کی طالبہ خاتون کو دوسرا مقام حاصل کرنے پر سراہا گیا۔
اس موقع پر کالج کے متعدد اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات موجود تھے۔
سب کو یکساں حقوق دیتا ہے ہمارا آئین : ڈاکٹر محمد علی حسین
