دیوبند: اسمبلی حلقوں کی ووٹر فہرستوں کی اسپیشل نظر ثانی کئے جانے سے متعلق ضلع الیکشن آفیسر اور ڈی ایم اروند کمار چوہان کی صدارت میں جمعہ کے روز کلکٹریٹ کے مٹینگ ہال میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کی ایک مٹینگ منعقد کی گئی ۔اس میٹنگ میں ووٹر فہرستوں کو غلطیوں سے پاک تیارکرنا ،شفافیت کے ساتھ پولنگ بوتھوں قائم کرنے اور نئے ووٹروں کا رجسٹریشن کرائے جانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔
ڈی ایم نے بتایا کہ اس مرتبہ ہرایک پولنگ بوتھ پر زیادہ سے زیادہ 1200؍ سوووٹر شامل کئے گئے ہیں ۔ووٹرز کو پولنگ بوتھ تک پہنچنے کے لئے دو کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے نہ کرنا پڑے اور سبھی پولنگ بوتھ گرائونڈ فلور پر ہوں اس بات کا خصوصی دھیان رکھا جائے گا ۔انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے ہرایک بوتھ پر بی ایل اے مقرر کرنے اور بی ایل او کے ساتھ تال میل بناکر مستحق ووٹرز کے نام شامل کئے جانے کی اپیل کی ۔
الیکشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق پولنگ بوتھوں کو قائم کرنے کا عمل 2؍ نومبر تک مکمل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے بتایا کہ ووٹر فہرستوں کو 12؍ نومبر تک شائع کردیا جائے گا ۔
اس کے بعد دعوی اور اعتراضات 12؍ نومبر سے آئندہ 11؍ دسمبر تک وصول کئے جائیں گے ۔اور اس سلسلہ میں تمام شکایات واعتراضات کا 28؍ دسمبرتک تصفیہ کرلیا جائے گا ۔بعد ازاں ووٹر فہرست حتمی طور پر 4؍ جنوری 2027کو شائع کردی جائے گی ۔
مٹینگ کے دوران بتایا گیا کہ نام کو ووٹرلسٹ میں شامل کرائے جانے کے لئے فارم 6؍ اور نام خارج کرانے یا اعتراض درج کرانے کے لئے فارم 7،رہائشی پتہ تبدیل کرانے ،کسی غلطی کو صحیح کرانے اور ووٹر پہچان پتر سے متعلق کاموں کے لئے فارم 8کا استعمال کیا جائے گا ۔ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ یکم جنوری 2027کے علاوہ ،یکم اپریل اور یکم جولائی اور یکم اکتوبر 2027کو 18؍ سال کی عمر پورے کرنے والے نوجوان بھی ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کرانے کے لئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ڈی ایم نے خواتین ،18و 19سال کی عمر پوری کرنے والے نوجوانوں اور معذور افراد ونہایت پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ووٹر لسٹوں میں صد فیصد شامل کرنے کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔اس میٹنگ میں اپر ضلع مجسٹریٹ لوی ترپاٹھی ،ضلع مجسٹریٹ کلدیپ سنگھ ،متعلقہ افسران اور مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندے موجود رہے ۔
چار جنوری 2027کوحتمی طورپر شائع ہو گی ووٹر لسٹ
