علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں نے ”سوچھتا ہی سیوا“ مہم اور عالمی ہینڈ واشنگ ڈے کے تحت متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا، جن کا مقصد طلبہ اور وسیع تر کمیونٹی میں صفائی، ماحولیاتی تحفظ، ضائع شدہ اشیا کے دوبارہ استعمال اور ذاتی صفائی کے تئیں بیداری پیدا کرنا تھا۔
یونیورسٹی ویمنس پالی ٹیکنک میں ”سوچھتا ہی سیوا“ مہم کے تحت ایک خصوصی پروگرام میں پرنسپل پروفیسر پروین فاروقی نے صفائی مِتروں کو کیمپس کی صفائی میں ان کی خدمات کے اعتراف میں توصیفی اسناد پیش کیں۔
پروفیسر فاروقی نے حاضرین کو صفائی کا حلف دلایا اور ”ایک پیڑ ماں کے نام“ کے تحت شجرکاری سرگرمیوں کا افتتاح کیا۔ اساتذہ اور طلبہ نے پودے لگائے اور ملک گیر ”ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک ساتھ“ شرمدان کے تحت صفائی مہم میں حصہ لیا۔ دیگر سرگرمیوں میں صفائی اور پانی کے تحفظ پر تبادلہ خیال اور ڈبیٹ، پوسٹر سازی مقابلہ اور عوامی مقامات کی صفائی شامل تھیں۔ طلبہ نے ”کباڑ سے کلا“ کے تحت ناکارہ اشیا سے کارآمد چیزیں اور فن پارے تیار کیے، جبکہ عطیہ مہم کے ذریعے پرانی کتابیں، کھلونے اور کپڑے جمع کیے گئے۔ ان سرگرمیوں کا اہتمام مس حنا نواز اور ڈاکٹر عمرہ یوسف نے پروفیسر فاروقی کی رہنمائی میں کیا۔
فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ منافع الاعضا نے ماحولیاتی تحفظ اور کیمپس کے سبزہ میں اضافے کے مقصد سے شجرکاری مہم منعقد کی۔ اس موقع پر فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کی ڈین پروفیسر سیدہ آمنہ ناز، اجمل خاں طبیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر بدرالدجیٰ خاں اور ہربل گارڈن کے انچارج پروفیسر عبدالرؤوف کے علاوہ اساتذہ ڈاکٹر عائشہ اعجاز، ڈاکٹر صبا زیدی، ڈاکٹر حافظ اقتدار احمد اور ڈاکٹر عطیہ صمد، پوسٹ گریجویٹ اسکالرز اور غیر تدریسی عملہ کے اراکین موجود تھے۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن نے عالمی ہینڈ واشنگ ڈے کے موقع پر علی گڑھ کے گاؤں جواں کے ایک اسکول میں ہاتھوں کو درست طریقے سے دھونے سے متعلق ایک بیداری پروگرام منعقد کیا۔ شعبہ کی صدر پروفیسر عظمیٰ ارم کی رہنمائی میں منعقدہ اس پروگرام میں متعدی بیماریوں کی روک تھام میں ہاتھوں کی صفائی کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر صہیب ہاشمی نے موضوع کا تعارف پیش کیا، جبکہ جونیئر ریزیڈنٹ دوم ڈاکٹر یوراج سنگھ نے ہاتھ دھونے کے صحیح طریقے کا عملی مظاہرہ کیا اور صابن و پانی کے استعمال کی اہمیت بتائی۔ جونیئر ریزیڈنٹ اول ڈاکٹر روہن کوشک نے اہم نکات کی تلخیص پیش کی۔ میڈیکل سوشل ورکرز دانش، توصیف اور ذکیہ کے ساتھ سسٹر ڈورس نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا۔ انٹرنز کیف قدیر، حرا راشد، ہرشیت جین اور ہریش نے بھی شرکت کی۔ اسکول کے بچوں نے پروگرام میں بھرپور دلچسپی لی۔
صفائی، شجرکاری اور ہاتھ دھونے سے متعلق بیداری مہم
