تازہ ترین
شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات1980 میں ہندوستانی شہری نہیں تھیں سونیا گاندھی پھر بھی ووٹر لسٹ میں نام،دہلی پولیس نے عدالت کو دی جانکاریاسرائیل میں آئندہ ہفتے حکومت بنائیں گے آئزن کوٹ،نتن یاہو وزیر اعظم کی کرسی چھوڑنے کو تیارایم سی ڈی ہاؤس کی میٹنگ میں ٹول فیس بڑھانے کی تجویز کو منظوریدہلی میں 2500 صفائی کارکنانکیے جائیں گے بھرتیوزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جاری کی دو ہیلپ لائن نمبردہلی اسمبلی میں ’’آئین کے ہیرو‘‘ کے عنوان سے ایک ڈرامے کا انعقاداپ گریڈ مڈل اسکول مقصود پور تاج میں یومِ دستورکا اہتمام
محاسبہ

شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات

ایس آئی آر کے ذریعہ 13کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام کاٹے جانے اور الیکشن کمیشن کے جانب دارانہ رویہ نے کس طرح اپوزیشن کی بساط الٹی ہے یہ اب ڈھکی چھپی بات نہیں رہی۔ مغربی بنگال ، ہریانہ، دہلی سے لیکر بہار تک حکومتوں کے قیام اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ اب عوام بھی جان چکے ہیں کہ حصول اقتدار کے لئے بی جے پی نے کیا کیا حکمت عملی اپنائی۔ اور شاید اسی کا نتیجہ ہے کہ اس کے بڑے لیڈران ببانگ دہل اعلان کرتے پھرتے ہیں کہ 2047 تک انھیں کوئی ہٹا نہیں سکتا۔ ظاہرہے ان کے دعوئوں اور اعلانات میں کچھ تو دم ہے۔ بی جے پی کو اچھی طرح معلوم ہے کہ جب تک ای وی ایم ہے۔الیکشن کمیشن کا ساتھ ہے، ان کے اقتدار کا ستارہ غروب نہیں ہوسکتا۔ بی جے پی قیادت اچھی طرح جانتی ہے کہ اپوزیشن کے تمام تر مظاہرے ، عوامی بے چینی اور نوجوانوں کے سڑکوں پر اترنے کے باوجود اقتدار میں ان ہی کی سرکار رہے گی۔ اپوزیشن کا یہ نعرہ بھی بے معنیٰ ہوجائے گا کہ مودی جلد اقتدار سے بے دخل ہوجائیں گے۔ راہل گاندھی کی تمام یاترائیں انڈیا اتحاد کا احتجاج ، سڑکوں پر نوجوانوں کا ہجوم ،کسانوں کے احتجاجی دھرنے، وکیلوں کا الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرہ سب دم توڑ جائے گا۔ کیونکہ ان کے پاس الیکشن کمیشن کا جنّ ہے جو اپنے آقا کے حکم کو بجا لانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔
سوال تو یہ ہے کہ کیا بی جے پی کے اقتدار کا سورج واقعی 2047 تک غروب نہیں ہوسکتا۔ کیونکہ بی جے پی کے قائد اتنے اعتماد سے کیسے کہہ سکتے ہیں کہ سرکار تو ان ہی کی بنے گی۔ مگر قدرت کا کھیل بھی عجب غضب ہے۔ عروج وزوال مقدر ہے۔ جب لاقانونیت ، ظلم واستبداد ،دلوں سے نکلنے والی آہیں حد کو پار کرجاتی ہیں تو پھر قدرت کو بھی جلال آتا ہے ،اور بازی پلٹ سکتی ہے۔
راجستھان میں حال ہی میں 23 نومبر کو جو پنچایتی انتخابات ہوئے ہیں وہ انتہائی چونکانے والے ہیں۔ راجستھان میں بی جے پی اقتدار والی ریاست ہے جہاں پنچایتی انتخابات میں برسراقتدار جماعت کو عبرتناک شکست ہوئی ہے۔ راجستھان کے عوام نے ان حلقوں میں بھی بی جے پی کو سبق سکھایا ہے جو مرکز اور ریاست میں بیٹھے درجنوں وزرا کا حلقہ ہے۔ راجستھان کے تین وزرا تو اپنے حلقے میں بی جے پی امیدوار کو فتح بھی نہیں دلا سکے۔ غورطلب ہے کہ راجستھان میں 41 اضلاع میں 37 اضلاع کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ عوام بی جے پی سرکار سے کتنے نالاں ہیں۔ راجستھان کے 37 اضلاع کے 1403ضلع پریشد الیکشن میں بی جے پی کو صرف 357 سیٹیں حاصل ہوئیں۔ اور 8245پنچایت سمیتیوں میں صرف 2213 سیٹوں پر بی جے پی کو جیت ملی۔ جبکہ کانگریس کو ضلع پریشد میں 794 اور گرام پنچایت سمیتی میں 3750 سیٹیں حاصل ہوئیں۔ علاوہ 457 پنچایت سمیتی میں کانگریس 357 پر قابض ہوگئی۔ بقیہ دیگر لوگوں کے حصہ میں آئی۔
بلدیاتی یا پنچایتی انتخابات کسی بھی الیکشن کے معاملے میں انتہائی حساس اور ٹف الیکشن سمجھے جاتے ہیں، یہاں ایک ایک ووٹ کی اہمیت ہے۔ پنچایتی الیکشن بتاتے ہیں کہ ملک کے عام آدمی کا رخ کیا ہے۔ راجستھان میں بی جے پی کی اس عبرتناک شکست سے ایک امید بندھی ہے کہ ملک کی سوچ بدل چکی ہے۔ عوام بدل چکے ہیں مگر پھر بھی ایک سوال تشنہ ہے کہ راجستھان میں الیکشن بیلٹ بکس سے ہوئے ہیں عوام نے ایک ایک ووٹ کا حساب کتاب رکھا ہے۔ کیا ایسا ہی منظرنامہ اسمبلی الیکشن یا لوک سبھا الیکشن میں ابھر سکتا ہے۔ ای وی ایم کے ذریعہ الیکشن کا نتیجہ کیا نکلتا ہے یہ جگ ظاہر ہے۔
راجستھان کے پنچایتی انتخاب نے غضب کا منظرنامہ دکھایا ہے۔ جہاں بعض حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی بمشکل ضمانت بچ سکی۔ بعض حلقوں میں بی جے پی کو امیدوار بھی نہیں مل سکا۔ راجستھان کے الور میں کانگریس کی امیدوار بینادیوی بلامقابلہ پردھان کے الیکشن جیت گئیں۔ لیکن راجستھان کے الیکشن سے ہمیں خوش فہمی میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سوال الیکشن کمیشن کی کارکردگی کا ہے۔ سوال ایس آئی آر کے ذریعہ مخالفین کو حاشیہ پر بھیجنے کی سیاست کا ہے اور سب سے بڑا سوال ای وی ایم کے ذریعہ ووٹنگ کا ہے۔ جس کا کنٹرول براہ راست دہلی سے ہے۔ راجستھان میں بیلٹ کے ذریعہ بازی تو پلٹ دی گئی ،کیا اسمبلی انتخابات ، لوک سبھا انتخابات میں ای وی سے نجات ملے گی۔ کیا گیانیش کے ذریعہ جن آدیش کو سبوتاز کرنے سے نجات ملے گی۔ راہل گاندھی کا سب سے بڑا سوال یہی ہے، لیکن اس بات کی حقیقت کو بی جے پی بھی سمجھ چکی ہے کہ عوام بے دار ہوچکے ہیں۔ ای وی ایم پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن پر بھروسہ اٹھ چکا ہے۔ سڑکوں پر گیانیش کو ہٹانے کی تحریک چل رہی ہے۔ ایسے غم وغصہ کے ماحول میں بے روزگار نوجوان بھی اقتدار وقت کو سبق سکھانے کو تیار ہیں۔ ایسے ہی بحرانی دور میں یوپی اسمبلی کا الیکشن بھی ہونے جارہا ہے۔ تو کیا اس بار یوپی میں یوگی بابا ہٹ ٹرک کرسکیں گے۔ حالانکہ یوپی کا منظرنامہ بتا رہا ہے کہ وہاں بھی بی جے پی کے لئے اس بار بہت کٹھن ہے ڈگر پنگھٹ کی۔
ہم اس سے انکار نہیں کرسکتے کہ یوپی بہار کی طاقت سے ہی مرکز میں سرکار بنتی ہے اس کی رگوں میں اقتدار کی توانائی دوڑتی ہے۔ کیا اس بار یوپی میں سیکولر حکومت قائم ہوگی۔ حالانکہ راہل گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد اس بار جس حوصلےاور اعتماد کے ساتھ سڑکوں پر اترا ہے وہ قابل ستائش ہے۔ راہل گاندھی اور اکھلیش میں تقریبا اتحاد ہوچکا ہے ، پی ڈی اے نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں ہے ،دلت ، پسماندہ طبقات اس گٹھ جوڑ کو امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے اور مسلمان تو اسی کروٹ جائے گا جو بی جے پی کے شکست کا سبب بنے گا۔ پسماندہ طبقات خاص کر دلتوں کے رجحان اس بار انڈیا اتحاد کے ساتھ نظر آرہا ہے۔ اونچی ذات کے لوگ بھی اب یوپی حکومت سے اکتائے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ یوگی سرکار کے ذریعہ ٹھاکروں کی ترجیحات کو دیکھ کر برہمن سماج میں جو ناراضگی ہے وہ جگ ظاہر ہے اور درپرہ انڈیا اتحاد کو برہمنوں کی زبردست حمایت مل رہی ہے۔ لیکن بی جے پی کو سب سے بڑا خطرہ دلتوں سے ہے کیونکہ اب مایاوتی کا بھی بھرم ٹوٹ گیا ہے دلت اب تک مایاوتی کے ابروئے ہدایت کے منتظر رہتے تھے۔ ہر الیکشن میں بہن جی کے اشارے پر وہ بی جے پی کو ووٹ دیتے تھے، اب بہن جی کی بے ثمر قیادت سے مایوس ہو کر دلت اکھلیش راہل میں اپنا مفاد دیکھ رہے ہیں۔ اسی تناظر میں چندر شیکھر بھی دلتوں کو اپنی طرف راغب کرنے میں بساط بچھا چکے ہیں۔ ان کا اویسی کی پارٹی ایم آئی ایم سے اتحاد ہوچکا ہے۔ لیکن وقت کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اس اتحاد سے بی جے پی کے بحران کو اب اختتام کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اویسی -چندر شیکھر اتحاد بی جے پی کے لئے وردان ثابت ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔سوال تو یہ ہے کہ کیا چندر شیکھر جو نگینہ سیٹ پر مسلمانوں کے بل پر ایم پی بنے ہیں کیا دلت انھیں اپنا قائد مان لیں گے۔ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ تلنگانہ میں صرف 6 امیدوار کھڑے کرنے والے اویسی یوپی میں 403 سیٹوں پر امیدواری کا دعویٰ کررہے ہیں۔ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ یوپی میں اب عبدل دری نہیں اٹھائے گا،مونچھ والا وزیر اعلیٰ بنے گا ، داڑھی والا نائب وزیر اعلیٰ بنے گا۔ اویسی کے اس اعلان کے بعد یوپی میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ ظاہرہے ایم آئی ایم دو چار مسلم سیٹ پر جیت جائے لیکن اویسی اکثریتی طبقہ کو متحد کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ اویسی کے شعلہ فشاں تقاریر کیا قہر ڈھائیں گی، کیامسلم ووٹوں کا بکھرائو بی جے پی کی ڈوبتی کشتی کو نہیں بچائے گا۔ کیا یوپی میں پھر ہندو مسلمان کے نام پر بی جے پی کے اقتدار کا سورج طلوع ہوگا، یہ فکر کا موضوع ہے۔ بقول علامہ اقبال
انداز بیاں گر چہ بہت شوخ نہیں ہے
شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات

 

متعلقہ خبریں