دیوبند:زائرین حج وعمرہ کی بڑھتی تعداد اور انکی دینی اخلاقی و روحانی تربیت کا فقدان کے اہم عنوان پر مظفر نگر کے معروف علمی ادارہ شاہ اسلامک اکیڈمی میں اولین حج وعمرہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس کا آغاز مفتی حکیم عبدالستار قاسمی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا اورنعت پاک بزرگ شاعر ابوالکلام کلیم چرتھاولی نے پیش کی۔
کانفرنس کی صدارت مفتی ذوالفقار علی قاسمی سابق ممبر اقلیتی کمیشن حکومت اترپردیش نے کہاکہ دوران حج بے شرمی و بے ہودگی سے و نافرمانی وحکم عدولی سے اور جھگڑے و تنازعات سے مکمل اجتناب کرے اور اسی طرح فریضہ حج ادا کرنے کے بعد حاجی پابند شریعت ہوکر زندگی گزارنے کا اہتمام کرے ۔مہمان خصوصی مفسر قرآن مفتی ظہیر احمد قاسمی علیگ نے کہا کہ علم تین طرح کا ہوتا ہے علم باالکتاب علم بااللسان اور علم باالمشاہدہ ۔انہوں نے کہا کہ زائرین حج وعمرہ سرزمین حجاز مقدس پر پہنچ کر ان سب مبارک مقامات کا مشاہدہ کرتے ہیں جنکا تعلق تاریخ اسلام اور تعلیمات اسلام سے ہے ۔
مگر دینی تربیت نہ ہونے کی وجہ سے موجودہ وقت میں اکثر وبیشتر زائرین حج وعمرہ کووہ تاثیر اور کیفیت حاصل نہیں ہوتی جو ہونی چاہئے ۔کانفرنس کے کنوینر قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے کہا موجودہ دور میں زائرین حج وعمرہ کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے ہے مگر انکی دینی اخلاقی اور روحانی تربیت کا فقدان ہے ،جس کے نتیجے میں حجاج اور معتمرین کے احوال میں بے راہروی عام ہوتی جا رہی ہے جو انتہائی افسوس کا مقام ہے ۔
حجاج اور معتمرین کی دینی اخلاقی اور روحانی تربیت وقت کا تقاضا ہے ۔شاہ اسلامک اکیڈمی سفر حج وعمرہ سے پہلے اور بعد میں حجاج کرام و معتمرین کی دینی اخلاقی تعلیم وتربیت کا خاص انتظام کرے گی تاکہ اللہ کی مقدس بارگاہ کی حاضری رسم بنکر نہ رہ جائے ۔
کانفرنس میں معروف دانشور محبوب عالم ایڈووکیٹ، مولانا ڈاکٹر اشارت علی قاسمی، قاری شوکت علی قاسمی، قاری ظریف احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔جبکہ شرکاء میں ماسٹر اختر خان، نواب دلشاد الٰہی، نوشاد قریشی ، سہیل احمد خان ،ظفر اقبال، محمد واجد ،محمد اخلد بشیر قریشی اور حسین احمد شامل رہے کانفرنس کی نظامت مفتی حکیم عبدالستار قاسمی نے کی اور مفتی ظہیر احمد قاسمی کی دعا پر اختتام پذیر ہوئی۔
عازمین حج و عمرہ کی تربیت انتہائی ضروری
