(پی این این)
دیوبند:دیوبند مظفر نگر ہائی وے پر گزشتہ دیررات کار اورٹرک کی ٹکر کے نتیجہ میں ہونے والے حادثہ میں دیوبند کی انورشاہ کالونی کے باشندہ مولانا اعجاز اور کارڈرائیور کی موقع پر ہی دردناک موت ہوگئی جبکہ مولانا اعجاز کی اہلیہ اور بیٹی شدید طورپر زخمی ہوگئیں ۔
تفصیل کے مطابق دیوبند کی انور شاہ کالونی کے باشندہ مولانا اعجاز اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ بذریعہ کار مظفر نگر دو ا لینے کے لئے گئے تھے ۔لیکن وہاں سے واپس آتے وقت دیوبند مظفر نگر ہائی وے پر واقع سائیں دھام مندر کے قریب مولانا اعجاز کی تیز رفتار گاڑی اسی سمت میں جانے والے ایک ٹرک کے پچھلے حصہ سے زبردست طریقہ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں گاڑی کا ڈرائیور مکیش اور مولانا اعجاز کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔گاڑی میں سوار مولانا اعجاز کی اہلیہ اور ان کی 18؍ سالہ بیٹی شدید طور پر زخمی ہوگئیں ۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس نے گاڑی میں پھنسی لاشوں اور زخمی خواتین کو گاڑی سے باہر نکالا اور علاج کے لئے دیوبند کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا لیکن ڈاکٹر وں نے مولانا اعجاز کی بیٹی کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے ابتدائی میڈیکل ایڈ دینے کے بعد ہائر سینٹر ریفر کردیا ۔اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی گاڑی کے ڈرائیور مکیش اور مولانا اعجاز کے اہل خانہ کے یہاں کہرام برپا ہوگیا ۔بتایا جاتا ہے کہ مولانا اعجاز اپنی اور بیٹی کے ساتھ کرایہ کی ایک کار لے کر مظفر نگر دو ا لینے کے لئے گئے تھے ،مظفر نگر سے دیوبند واپس آتے وقت اسٹیٹ ہائی وے پر سائیں دھام مندر کے قریب ان کی تیز رفتار گاڑی آگے چل رہے ٹرک میں پیچھے سے جاگھسی ،یہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑگئے اور کا ر میں سوار مولانا اعجاز اور گاڑی کے ڈرائیور مکیش کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی ۔
پولیس نے لاشوں کو اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ۔کوتوالی انچارج سندیپ بالیان نے بتایا کہ حادثہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ،تحریر ملنے کے بعد جانچ رپورٹ کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
