نئی دہلی:ویلفیئر پارٹی آف انڈیا دہلی اور قریبی ریاستوں کے عوام سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ وہ انڈیا الائنس کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے اور متنازعہ اسپیشل انیشیٹیو ریویژن ( SIR) کے رد کے جانے کے مطالبہ کو لے کر یکم نومبر کو رام لیلا میدان میں کی جانے والی ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر اپنی حب الوطنی کا ثبوت دیں۔
ویلفیئر پارٹی کے نیشنل جنرل سیکریٹری ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اس وقت ہمارا ملک شدید سیاسی اور دستوری بحران سے گزرہا ہے۔ نہ صرف یہ کہ متنازعہ ایس آئی آر کے ذریعہ13کروڑ سے زائد ووٹرس کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کردئے گئے بلکہ ان کی شہریت پر بھی سوال کھڑا کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ووٹر لسٹ سے بہت سوچ سمجھ کر ان ناموں کو حذف کیا گیا جو حکمران پارٹی کے ووٹرس نہیں ہوسکتے ہیں، جس میں اکثریت مسلمانوں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف ایس آئی آر کے دوران ہی ووٹر لسٹ سے نام نہیں نکالے گئے بلکہ ایس آئی آر سے پہلے اور ایس آئی آر کے بعد بھی ناموں کو حذف کیا گیا۔ کسی بھی جمہوری ملک میں انتخابات کے موقع پر ووٹ کے اپنے جمہوری و دستوری حق کا استعمال ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ اسی طرح کسی بھی جمہوریت میں الیکشن کمیشن ایک غیر جانبدار اور خود مختار ادارہ ہوتا ہے۔ موجودہ حکومت نے سب سے پہلے الیکشن کمیشن کے انتخابی عمل میں ردوبدل کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ وہاں اس کی اپنی پسند کے لوگ ہی مامور ہوتے رہیں اور پھر پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کی بنیاد پر ایک ایسا قانون وضع کردیا کہ الیکشن کمشنرس کا کبھی بھی احتساب نہ کیا جاسکے۔ نتیجتا موجود چیف الیکشن کمشنر نے اپنی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے وہ سب کرڈالا جس کی کسی بھی جمہوریت میں توقع نہیں کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر الیاس نے کہا اس وقت مسئلہ صرف سیاسی پارٹیوں کا ہی نہیں ہے بلکہ اس ملک میں آزادانہ انتخابات کی عمل آوری، عوام کے حق خودارادیت کی بقاء اور شہری و دستوری حقوق کے باقی رہنے کا بھی ہے۔ اگر ہم اب بھی نہ اٹھے تو ہمارے بزرگوں نے عظیم الشان قربانیاں دے کر جو دستوری و شہری حقوق ہمیں دلائے تھے، اپنی پسند اور مرضی کی حکومت لانے کا جو اختیار ہمیں ملا تھا اور سب سے بڑ کر یہ کہ اس ملک کے آزاد شہری ہونے کا ہمارا جو دستوری حق ہے۔
،ا وہ بھی ہم سے چھن جائے گا۔
بڑی تعداد میں رام لیلا میدان ریلی میں شرکت کی اپیل
