نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبۂ فارسی اور دارا شکوہ ریسرچ فاؤنڈیشن (DSRF) کے اشتراک سے ’قدیم دانش، عالمی مستقبل: عصرِ حاضر میں ہندوستانی نظامِ علم کی معنویت‘ کے موضوع پر سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ایف ٹی کے کانفرنس ہال میں ہوا۔ اس علمی و فکری اجتماع میں دنیا کے مختلف ممالک سے ممتاز دانش وروں، محققین، مصنفین اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد ہندوستان کے قدیم علمی و فکری ورثے کی معنویت کو عصرِ حاضر کے عالمی تناظر میں سمجھنا اور ماضی کی دانش کو جدید دنیا کے فکری و تہذیبی مسائل سے مربوط کرنے کے امکانات پر غور و خوض کرنا تھا۔کانفرنس کا آغاز ڈاکٹر یاسر عباس کی تلاوت قرآن سے ہوا۔
اس کے بعد مہمانان گرامی کی خدمت میں مومنٹوپیش کئے گئے۔کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے علم و حکمت کا سرچشمہ رہا ہے اور دنیا اس کے علمی و فکری فیضان سے مستفید ہوتی رہی ہے۔ انہوں نے اس تاریخی حقیقت کو واضح کرنے کے لیے ساسانی عہد کے بادشاہ نوشیرواں اور ان کے وزیر برزویہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نوشیرواں نے آبِ حیات کی تلاش میں اپنے وزیر برزویہ کو ہندوستان بھیجا تھا، لیکن برزویہ ہندوستان سے جس بیش قیمت دولت کے ساتھ واپس آیا، وہ کوئی مادی شے نہیں بلکہ یہاں کا علمی و فکری سرمایہ اور حکمت و دانش تھی۔ اس واقعے کے حوالے سے پروفیسر مظہر آصف نے واضح کیا کہ ہندوستان کی اصل ثروت اس کی علمی روایت، فکری گہرائی اور حکمت و معرفت کا وہ خزانہ ہے جس سے دوسری تہذیبیں بھی ہمیشہ فیض یاب ہوتی رہی ہیں۔ ان کے مطابق ہندوستانی نظامِ علم کی اہمیت کو محض ماضی کی ایک یادگار کے طور پر نہیں، بلکہ ایک زندہ فکری روایت کی حیثیت سے سمجھنے کی ضرورت ہے، جو آج بھی عالمی سطح پر علمی مکالمے اور انسانی فکر کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
تقریب کے کلیدی خطبے میں پدم شری پروفیسر چامو کرشن شاستری، چیئرمین بھارتیہ بھاشا سمیتی، وزارتِ تعلیم، حکومتِ ہند نے ہندوستان کی لسانی اور تہذیبی وحدت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تمام زبانیں ایک ہی لسانی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس امر کی طرف توجہ دلائی کہ ہندوستان کی لسانی کثرت دراصل اس کے مشترکہ تہذیبی اور علمی ورثے کی عکاس ہے۔ مختلف زبانوں کے درمیان موجود تاریخی و تہذیبی رشتوں کو سمجھنا ہندوستانی نظامِ علم کی جامعیت اور اس کی ہمہ گیری کو جاننے کے لیے نہایت اہم ہے۔افتتاحی تقریب میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ ممتاز مصنف اور سینٹرل انفارمیشن کمیشن کے سابق سینئر ڈپٹی ایڈیٹر ادے مہورکر نے مہمانِ اعزازی، جب کہ انٹیگرل ہیومن درشن ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر مہیش چندر شرما نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پروفیسر اقتدار محمد خان نے اپنے خطاب میں بین العلومی تحقیق کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مختلف علمی شعبوں کے درمیان اشتراک و تبادلے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔افتتاحی نشست کے اختتام پر شعبۂ فارسی کے پروفیسر سید کلیم اصغر نے کلماتِ تشکر ادا کیے ۔
اس سہ روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے کنوینر شعبۂ فارسی، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر پروفیسر محسن علی ہیں، جنہوں نے اس علمی اجتماع کی منصوبہ بندی، مختلف علمی و تحقیقی اداروں کے مابین اشتراک و تعاون کی تشکیل اور ملک و بیرونِ ملک سے ممتاز اہلِ علم کی شرکت کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔نظامت کے فرائض ڈاکٹر صدام حسین،شعبہ فارسی نے انجام دیا۔ پروگرام کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔افتتاحی تقریب کے بعد ایم اے انصاری آڈیٹوریم میں ایک ثقافتی و موسیقی کی شام کا اہتمام کیا گیا، جس میں راجستھان کے معروف لوک فن کار راشد خان لانگا اور ان کے گروپ نے اپنی روایتی لوک دھنوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کی فن کارانہ پیش کش نے کانفرنس کے علمی و فکری ماحول میں ہندوستان کی متنوع ثقافتی روایت کے رنگ بھی شامل کردیا۔
یہ بین الاقوامی کانفرنس قدیم علمی متون، علاقائی تاریخوں اور جدید عالمی فکری رجحانات کے مابین مکالمے کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ہے۔ اس کے ذریعے ہندوستان کی کثیرالجہتی علمی روایت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے، اس کے مختلف فکری سرچشموں کی معنویت اجاگر کرنے اور انہیں عصرِ حاضر کے علمی مباحث سے مربوط کرنے کی راہیں تلاش کی جائیں گی۔ اس تین روزہ کانفرنس میں ملک و بیرونِ ملک سے تشریف لانے والے ممتاز دانشور اور محققین اپنے تحقیقی مقالات پیش کریں گے، جن کے ذریعے موضوع کے مختلف تاریخی، فکری اور تہذیبی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کے ساتھ اس روایت کی عصری معنویت کو بھی واضح کیا جائے گا۔
