نئی دہلی: دہلی یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے لا سینٹر-2 میں منعقدہ 10ویں ایس کے پوری میموریل بین الاقوامی موٹ کورٹ مقابلے میں ملک بھر سے 57 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔اس سال اپنی 10ویں سالگرہ منا رہا یہ مقابلہ ملک کے ممتاز موٹ کورٹ مقابلوں میں سے ایک کے طور پر اپنی شناخت قائم کر چکا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور سینئر وکیل سچن پوری کی جانب سے شروع کیا گیا یہ مقابلہ ان کے والد اور سینئر وکیل ایس کے پوری کی یاد میں منعقد کیا جاتا ہے۔تین روزہ اس مقابلے کی افتتاحی تقریب جمعہ کو منعقد ہوئی، جس میں دہلی ہائی کورٹ کے جج جسٹس جسمیت سنگھ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر دہلی یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے ڈین پروفیسر رمن متل اور بار کونسل آف انڈیا اور بار کونسل آف دہلی کے رکن پیوش گپتا مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے موجود تھے۔ اس کے علاوہ کئی دیگر معزز شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مقابلے سے خطاب کیا۔ انہوں نے منتظمین کو مبارکباد دی اور مقابلے میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس پروگرام کے دوران کیس منسٹر نامی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سافٹ ویئر پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا گیا۔ اسے وکیل رت وک چاولہ نے تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد قانونی پیشہ ور افراد اور قانون کے طلبہ کو قانونی تحقیق اور مقدمات کے انتظام میں مدد فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر سریندر سنہا کی تحریر کردہ ایک کتاب کا بھی اجرا کیا گیا۔
موٹ کورٹ حقیقی عدالتی کارروائی کی فرضی مشق ہوتی ہے۔ موٹ کورٹ مقابلوں کا مقصد طلبہ کو فریقین کے درمیان تنازعات سے متعلق عدالتی کارروائی سے روشناس کرانا ہے۔ یہ مقابلے قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے ان طلبہ کو مدنظر رکھ کر منعقد کیے جاتے ہیں جو وکیل، جج یا ثالث کی حیثیت سے اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں۔
ایس کے پوری میموریل بین الاقوامی موٹ کورٹ مقابلے میں 57 ٹیمیں شریک
