(پی این این)
گیا جی : آل انڈیا کانگریس کمیٹی، اقلیتی شعبہ کے نیشنل صدر اور معروف بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر عمران پرتاپ گڑھی کی نظم ’اے میرے والدِ محترم……‘ کو لے کر جاری تنازع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے نیشنل کوآرڈینیٹر تابش پٹیل نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شعر کو بنیاد بنا کر اعتراض کیا جا رہا ہے، وہ نظم میں شامل ہی نہیں ہے۔ انہوں نے درگاہ زندہ شاہ مدار کے سجادہ نشیں سید انتخاب عالم جعفری کے بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے بغیر تحقیق کسی نتیجے پر پہنچنے کو نامناسب قرار دیا اور عوامی طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
تابش پٹیل نے کہا کہ کسی بھی معاملے میں رائے قائم کرنے یا بیان دینے سے پہلے مکمل تحقیق اور حقائق کی جانچ ضروری ہے۔ پوری نظم سنے بغیر اعتراض کرنا اور اس بنیاد پر عمران پرتاپ گڑھی سے عوامی معافی اور تجدیدِ ایمان کا مطالبہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا اداروں سے بھی اپیل کی کہ خبر نشر کرنے سے قبل پوری نظم سنیں اور معاملے کی حقیقت معلوم کریں، تاکہ سماج میں غلط فہمی اور اختلافات کو فروغ نہ ملے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بلاوجہ تنازع کھڑا کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ’اے میرے والدِ محترم…..‘ ایسی نظم ہے جسے سن کر والدین سے محبت کرنے والوں کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ تابش پٹیل کے مطابق، نظم کے حوالے سے جس شعر پر اعتراض کیا جا رہا ہے، وہ نظم کا حصہ ہی نہیں ہے۔
عمران پرتاپ گڑھی کی حمایت کرتے ہوئے تابش پٹیل نے کہا کہ وہ کانگریس کے اقلیتی شعبہ کے قومی صدر، راجیہ سبھا رکن اور اہم سماجی و سیاسی مسائل پر بے باکی سے آواز اٹھانے والے رہنما ہیں۔ وہ پارلیمنٹ سے لے کر سڑکوں تک اپنی شاعری کے ذریعے سنجیدہ مسائل کو اجاگر کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران پرتاپ گڑھی کا وژن مضبوط ہے اور وہ راہل گاندھی و مولانا آزاد کی فکر اور محبت کے پیغام کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ تابش پٹیل نے امید ظاہر کی کہ مسائل پر مبنی اس سیاست سے ملک میں نفرت کا خاتمہ ہوگا، جمہوریت مضبوط ہوگی اور آئین کی حفاظت یقینی بنے گی۔
متنازع شعر عمران پرتاپ گڑھی کی نظم میں شامل ہی نہیں : تابش پٹیل، بغیر تحقیق کے فتویٰ نما بیان دینا افسوسناک، سجادہ نشیں عوامی طور پر مانگیں معافی
