نئی دہلی:ہنرمندی کی ترقی اور صنعت کاری کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) نے آج 19 معروف اداروں کو باضابطہ طور پر مراکزِ امتیاز برائے ہنرمندی (سی او ای-اسکلز) کے طور پر تسلیم کیا۔ ان اداروں کو توثیق کے اسناد نئی دہلی کے کوشل بھون میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران وزارت کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی نے پیش کیے۔ یہ منظوری 9 اکتوبر 2026 سے 8 اکتوبر 2029 تک مؤثر رہے گی۔
ان اداروں کو مراکزِ امتیاز برائے ہنرمندی اور پیشہ ورانہ تربیتی مراکز کے پینل میں شامل کرنے سے متعلق رہنما خطوط کے تحت فراہم کردہ گرین چینل کے ذریعے پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ طریقۂ کار مستند اور اچھی ساکھ کے حامل اہل اداروں کے لیے منظوری کا تیز رفتار راستہ فراہم کرتا ہے۔ ان میں قومی اہمیت کے ادارے، پی ایم-سیتو کے تحت اپ گریڈ کیے گئے صنعتی تربیتی ادارے (آئی ٹی آئی) اور مرکزی وزارتوں، محکموں اور ریاستی حکومتوں کے زیرِ انتظام یا ان کے پینل میں شامل ہنرمندی کے مراکزِ امتیاز شامل ہیں۔ اس طریقۂ کار کے تحت ادارے ضروری معلومات فراہم کرتے ہیں اور ان کی درخواستیں نامزدگی یا معمول کے جائزے کے عمل سے گزرے بغیر براہ راست غور و خوض کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی کے سامنے پیش کی جاتی ہیں۔ اس طریقۂ کار کا مقصد منظوری کے عمل کو آسان بنا کر معروف اور اعلیٰ معیار کے اداروں کو تیزی سے پینل میں شامل کرنا ہے۔
ان رہنما خطوط کا اجرا 15 جولائی 2026 کو حکومت ہند کے ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزیر مملکت برائے تعلیم جناب جینت چودھری نے نئی دہلی کے کوشل بھون میں عالمی یومِ نوجوانان کی ہنرمندی کی تقریبات کے دوران کیا تھا۔ ان رہنما خطوط کا مقصد جدید بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی اور صنعت کے ساتھ مضبوط شراکت داری سے آراستہ مستقل، جدید اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ تربیتی اداروں کے ذریعے ہنرمندی کے فروغ کے نظام کو مستحکم بنانا ہے۔
اس موقع پر وزارت کی سکریٹری محترمہ دیباشری مکھرجی نے کہا، ’’ان 19 اداروں کو مراکز امتیاز برائے ہنرمندی کے طور پر پینل میں شامل کرنا مستقل، جدید اور صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرمندی کے اداروں کا ایک قابلِ اعتماد قومی نیٹ ورک قائم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ ہم ملک کے ممتاز ترین اداروں کا ایک ذخیرہ تیار کر رہے ہیں، جنہیں اپنے متعلقہ شعبوں میں مہارت اور خدمات کی عمدہ فراہمی کے لیے امتیازی مقام حاصل ہے۔ اس کا مقصد ہنرمندی کے فروغ کے نتائج کو بہتر بنانا اور نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کے حصول کو ایک پُرکشش راستہ بنانا ہے۔ یہ مراکز اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرنے، تربیت کاروں اور جائزہ کاروں کی معاونت کرنے، صنعت کے ساتھ روابط مستحکم بنانے اور سیکھنے والوں کے نتائج بہتر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمیں ان اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید ہے، تاکہ مختلف شعبوں اور خطوں میں جدید اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنرمندی کی تربیت تک رسائی ممکن بنائی جا سکے۔‘‘
مراکزِ امتیاز برائے ہنرمندی کا تصور ایسے مستقل، جدید اور مخصوص شعبوں پر مرکوز تربیتی مراکز کے طور پر پیش کیا گیا ہے، جو اعلیٰ معیار کی، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ اور نتائج پر مبنی ہنرمندی کی تربیت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ یہ مراکز جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی تربیت، جائزہ، رہنمائی اور پیشہ ورانہ مشاورت، تربیت کاروں اور جائزہ کاروں کی تربیت، صنعت کے ساتھ روابط اور تربیت کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کی تکمیل اور نگرانی سمیت مختلف امور انجام دے سکتے ہیں۔ کسی مخصوص اسکیم سے غیر وابستہ ان اداروں کی پینل میں شمولیت کا مقصد طویل مدتی تعلق قائم کرنا اور موجودہ بنیادی ڈھانچے، آلات، تربیت کاروں، جائزہ کاروں اور ادارہ جاتی صلاحیت کا بہترین استعمال یقینی بنانا ہے۔
اس منظوری کے ذریعے وزارتِ ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری نے قومی ہنرمندی کے نظام میں ان اداروں کی صلاحیتوں کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔ پینل میں شامل ان مراکز سے وزارت کی قابلِ اطلاق پروگرام رہنما خطوط کے مطابق ہنرمندی کے فروغ کے اقدامات کے لیے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ ان میں وزارتِ ہنرمندی کے فروغ اور صنعت کاری، دیگر مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، صنعت، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) کے اقدامات اور دیگر متعلقہ فریقوں کے پروگرام شامل ہیں۔
اعلیٰ معیار کے اداروں اور خصوصی مراکز کو ایک مشترکہ قومی فریم ورک کے تحت لا کر، مراکزِ امتیاز برائے ہنرمندی کا یہ اقدام جدید تربیتی صلاحیت کو مستحکم بنانے، ادارہ جاتی مہارت کے وسیع تر تبادلے کو آسان بنانے اور ملک بھر میں قابلِ اعتماد، صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ اور نتائج پر مبنی ہنرمندی کے فروغ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
ایم ایس ڈی ای نے 19 اداروں کو امتیازی مراکز برائے ہنرمندی کے طور پر کیاشامل
