(پی این این)
سارن:بلاک کی بیلہ پنچایت کے بیلہ گاؤں واقع جامعہ ہاجرہ میں عظیم الشان دستار بندی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر قرآن پاک حفظ کرنے والے 10 طلبہ کو علماء کرام کے ہاتھوں دستار باندھ کر حافظ قرآن کی سند سے نوازا گیا۔طلبہ کو پگڑی اور ہار پہنا کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر مدرسہ کا ماحول خوشی اور مسرت سے معمور رہا۔
مدرسہ کے مولانا ظفر عالم قاسمی نے بتایا کہ ان طلبہ نے محض 13 سے 15 ماہ کی مختصر مدت میں قرآن پاک کے تمام 30 پارے حفظ کرکے یہ عظیم سعادت حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی محنت،اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی خصوصی توجہ کا نتیجہ ہے۔دستاربندی سے سرفراز ہونے والے طلبہ میں حافظ حامد،عزیر،محمد انس،محمد مزمل،محمد مدثر،سید الرحمن، محمد مکی،محمد ذیان،محمد اکرم،ابوہریرہ،محمد گلزار اور ابراہیم مدنی کے نام شامل ہیں۔
تقریب میں شریک علماء کرام اور معززین نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم حفظ کرنا نہایت عظیم سعادت اور قابل فخر کارنامہ ہے۔ان بچوں نے کم عمری میں نہایت کم مدت میں یہ کامیابی حاصل کرکے اپنے خاندان،اساتذہ اور علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ مقررین نے اس کامیابی کا سہرا طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ اور والدین کو بھی دیا۔
اس موقع پر مفتی افضال حسین،مفتی شکیل قاسمی (امارت شرعیہ، پٹنہ)،مولانا مجیب الرحمن، شاہد عالم، عبدالحنان، محمد توقیر عثمان انصاری،حافظ اعجاز سمیت بڑی تعداد میں علماء،معززین اور مقامی باشندے موجود تھے۔
سارن:جامعہ ہاجرہ میں عظیم الشان دستار بندی کا اہتمام ،10 طلبہ نے محض 13 ماہ میں مکمل کیا حفظ قرآن،علماء و معززین نے کی بچوں کی حوصلہ افزائی و اعزاز سے نوازا
