مالیگاؤں: شہر عزیز مالیگاؤں کی ایک ہونہار دختر ڈاکٹر ثانیہ خان کی جلدی امراض (Dermatology) میں ایم ڈی کی اعلیٰ تخصصی ڈگری کے حصول پر جہاں شہر کے علمی و تعلیمی حلقوں میں خوشی و مسرت کا ماحول ہے۔
وہیں ان کی اس غیر معمولی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شیداء ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سیکریٹری لیاقت شیداء سر نے جس محبت، خلوص اور غیر معمولی جذبۂ قدرشناسی کا مظاہرہ کیا، وہ بھی اپنی جگہ ایک قابلِ ستائش مثال بن گیا۔
لیاقت شیداء سر نے محض رسمی مبارکباد پر اکتفا کرنے کے بجائے خود ڈاکٹر ثانیہ خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کا اور ان کے والد پروفیسر رضوان امان اللہ خان کا پرتپاک استقبال کیا اور اس علمی و تعلیمی خانوادے کی قابلِ قدر خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ یہ استقبال درحقیقت ایک ایسی بیٹی کی برسوں کی محنت، والدین کی تربیت، بزرگوں کی علمی میراث اور کامیابی کے لیے کی گئی مسلسل جدوجہد کا اعتراف تھا جس نے اپنی صلاحیتوں اور محنت کے بل بوتے پر مالیگاؤں کا نام روشن کیا ہے۔
لیاقت شیداء سر کی اس خصوصی پیش قدمی نے یہ پیغام بھی دیا کہ معاشرے میں حقیقی قدرشناسی صرف الفاظ اور مبارکبادوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ کامیاب افراد کی حوصلہ افزائی کے لیے عملی طور پر آگے آنا بھی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ثانیہ خان نے حال ہی میں SMBT میڈیکل کالج، گھوٹی، ناسک سے جلدی امراض (Dermatology) میں ایم ڈی کی تخصصی ڈگری حاصل کی ہے۔
وہ پروفیسر امان اللہ خان مرحوم کی پوتی اور پروفیسر ڈاکٹر رضوان امان اللہ خان کی صاحبزادی ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق وہ مالیگاؤں کی پہلی خاتون ڈاکٹر ہیں جنہوں نے اس شعبے میں ایم ڈی کی ڈگری حاصل کرکے ایک منفرد علمی و طبی اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ ان کی اس کامیابی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ شہر کے تعلیمی حلقوں میں بھی خوشی و فخر کی فضا پیدا کردی ہے۔اس موقع پر لیاقت شیداء سر نے پروفیسر رضوان امان اللہ خان اور ڈاکٹر ثانیہ خان کی کامیابی کو ایک قابلِ فخر علمی سرمایہ قرار دیتے ہوئے اس باصلاحیت خانوادے کی علمی، تعلیمی اور تربیتی روایات کو سراہا۔ ڈاکٹر ثانیہ خان کی اس کامیابی کے پس منظر میں ان کی مرحومہ والدہ عظمیٰ خان کی تربیت اور پروفیسر امان اللہ خان مرحوم کی علمی رہنمائی و سرپرستی کا بھی اہم کردار رہا ہے۔ یقیناً کسی خاندان کی اصل کامیابی یہی ہوتی ہے کہ اس کی نئی نسل اپنے بزرگوں کی علمی و اخلاقی میراث کو آگے بڑھاتے ہوئے معاشرے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے۔
لیاقت شیداء سر کا ڈاکٹر ثانیہ خان کی رہائش گاہ پہنچ کر استقبال کرنا اس اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سے شہر میں تعلیمی کامیابیوں کی قدر کرنے، ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے اور نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم کی جانب راغب کرنے کی ایک مثبت روایت کو تقویت ملتی ہے۔ بالخصوص ایسے وقت میں جب ہماری بیٹیاں طب، سائنس اور دیگر اعلیٰ پیشہ ورانہ شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں، ان کی حوصلہ افزائی پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
اس پُرمسرت موقع پر ہیڈ ماسٹر عابد پٹھان سر، معاون مدرس عتیق قریشی سر، وائرل نیوز کے عزیز الرحمٰن نوفل اور روزنامہ دیوانِ عام کے مدیر ساجد دیوان بھی موجود تھے۔ تمام حاضرین نے ڈاکٹر ثانیہ خان اور ان کے والد پروفیسر رضوان امان اللہ خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو مالیگاؤں کے لیے باعثِ افتخار قرار دیا۔
مالیگاؤں کی ڈاکٹر ثانیہ خان کی تاریخی کامیابی پرکی گئی حوصلہ افزائی
