تازہ ترین
مدارسِ اسلامیہ کو تحفظ نہیں مزید ترقی کی ضرورت، جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کا سالانہ اجلاس و سالانہ دعا کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر، بارش کے باوجود ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکتنتیش کمار کی دور حکومت کی کامیابیاں جے ڈی یو کا سب سے بڑا اثاثہ، جنتادل یو کے لیڈرمنا مشتاق نے بہار کے گورنر سے کی ملاقات،علاقائی مسائل سے کیا آگاہ،سیدعطا حسنین نے مسائل پر ہمدردی سے غور کرنے اور ان کے حل کے لئے پہل کرنے کی کرائی یقین دہانیارریہ: 42 یتیم بچوں میں تقسیم کئے گئے اسکالرشپ کے چیک، کیرئیر کاؤنسلنگ اور مفت ہیلتھ چیک اپ کیمپ کا بھی کیا گیا انعقادملائم سنگھ نے ہمیشہ لڑی پسماندہ طبقات کی لڑائی، یوم پیدائش کے موقع پر نیتاجی کو سماجوادی پارٹی کارکنان نے پیش کیا خراج عقیدتنامعلوم لنک پرنہ کریں کلک ، ذاتی معلومات انٹرنیٹ پر نہ کریںشیئر ،ئبر کرائم کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے میپلس اکیڈمی میں سیمینار کا انعقادجل بورڈ کی قیمتی زمین فروخت کرنا چاہتی ہے دہلی حکومت:بھاردواجہندوستان میں غربت اور مساوات کی پیمائش: ورلڈ بینک کی رپورٹ پرآئی او ایس میںمباحثہدہلی کی ہوامزیدہو رہی ہے زہریلی
Bihar

مدارسِ اسلامیہ کو تحفظ نہیں مزید ترقی کی ضرورت، جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کا سالانہ اجلاس و سالانہ دعا کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر، بارش کے باوجود ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت

مونگیر:جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کا دو روزہ سالانہ اجلاسِ دستار بندی اور سالانہ دعائیہ اجلاس کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ بارش کے باوجود ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں عقیدت مندوں، مریدین، مخلصین اور متوسلین نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں کل 73 علماء و حفاظ کی دستاربندی ہوئی جن میں 16 علماء و مفتی اور 51 حفاظ کو دستار اور شعبۂ صحافت کے 6 طلبہ کو سند سے نوازا گیا۔
سالانہ دعائیہ اجلاس کے موقع پر امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم نے نائب امیر شریعت اور دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذِ حدیث مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی کو خلافت و اجازت عطا کی۔ مولانا موصوف حضرت امیر شریعت کے تربیت یافتہ دوسرے خلیفہ ہیں اس سے قبل آپ جناب حافظ رضی احمد صاحب رحمانی کو بھی خلافت و اجازت سے نواز چکے ہیں ۔ مولانا رحمانی نائب امیر شریعت بھی ہیں اور دارالعلوم وقف دیوبند کے مایہ ناز استاد بھی۔
اجلاسِ سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے کہا کہ مدارس محض تعلیمی ادارے نہیں بلکہ ایک فکری و علمی تحریک ہیں، جہاں تعلیم کی تکمیل کے بعد طلبہ کی عملی ذمہ داریوں کا آغاز ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علما انبیا کے وارث ہیں، اس لیے انہیں امت کے مسائل کے ساتھ ساتھ دنیا کو درپیش بھوک، پانی کی قلت، جنگ، ظلم اور انسانی بحران جیسے مسائل کے حل کے لیے بھی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کو صرف تحفظ کی فکر میں محدود رہنے کے بجائے تعلیمی ترقی، اصلاح اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگی پر توجہ دینی چاہیے، کیونکہ حقیقی تحفظ ترقی کے راستے سے حاصل ہوتا ہے۔ مدارس کے تعلیمی نظام میں اصلاح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے عربی زبان کی تعلیم ابتدائی عمر سے شروع کرنے، تعلیمی درجات کی ترتیب واضح بنانے اور طلبہ کی علمی، تحریری، تقریری اور عملی صلاحیتوں کے لیے معیارات متعین کرنے کی تلقین کی۔
امیر شریعت نے کہا کہ جب مدارس اپنے تعلیمی معیار کو واضح کرکے اس پر عملی طور پر کاربند ہوں گے تو وہ اپنی خودمختاری اور اسناد کی قبولیت سے متعلق مسائل پر حکومت اور متعلقہ اداروں کے سامنے مؤثر انداز میں اپنا موقف پیش کرسکیں گے۔ انہوں نے مدارس کے مسائل کے حل کے لیے تحقیق، منظم جدوجہد، قانونی و سیاسی مکالمے اور تعلیمی ترقی کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ جامعہ رحمانی ان اصلاحی اقدامات کی سمت میں عملی پیش رفت کرے گا۔
مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی سجادہ نشیں خانقاہ رحمانیہ مالیگاؤں، مہاراشٹر، نے اپنے خطاب میں قرآن مجید سے مضبوط تعلق قائم کرنے اور اس کی تعلیمات کو سمجھ کر زندگی میں نافذ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں، بلکہ انسانیت کے لیے ہدایت، شفا اور زندگی کے تمام مسائل میں رہنما ہے۔ جامعہ رحمانی اور خانقاہ رحمانی کی قرآن فہمی کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے طلبہ اور حاضرین کو روزانہ قرآن کی تلاوت، اس کے مفاہیم پر غور اور اس کے پیغام کو عام کرنے کا عزم تازہ کرنے کی دعوت دی۔
نائب امیر شریعت جناب مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی استاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبند نے اپنے خطاب میں خانقاہ رحمانی، امارت شرعیہ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی مشترکہ فکر اور ملی تحریکوں میں اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ خانقاہ رحمانی نے 1901ء سے مختلف دینی، ملی، تعلیمی اور اصلاحی تحریکوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور ہر دور کے تقاضوں کے مطابق ملت کی رہنمائی اور خدمت کی ہے۔انہوں نے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی دینی، ملی اور تعلیمی میدانوں میں سرگرم خدمات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اجتماعی جدوجہد، اتحاد اور اخلاص کے ذریعے ملت اور ملک کے حالات میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔
اجلاس میں مختلف مؤلفین کی تین کتابوں کا اجرا بھی عمل میں آیا۔ ان میں مفتی جاوید اقبال کی “تکبیرُ الرحمٰن”، جناب مولانا مفتی ریاض احمد قاسمی کی “وطن کے سپوت” اور جناب مولانا ذوالقرنین قاسمی کی “آسان اسلامی اسباق” شامل ہیں۔جامعہ رحمانی کے ناظم الحاج مولانا محمد عارف رحمانی نے ادارے کا سالانہ بجٹ پیش کیا اور جامعہ کے بہی خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ محض اللہ کے فضل اور احباب کی توجہات کے نتیجے میں کامیابی کے ساتھ اپنی منزلیں طے کر رہا ہے۔
دو روزہ اجلاس کے تحت 21 نومبر کی شب جامعہ رحمانی کا سالانہ اجلاسِ دستار بندی منعقد ہوا، جس کا آغاز جامعہ کے استاذ مولانا قاری جوہر نیازی رحمانی کی تلاوتِ کلام اللہ سے ہوا۔ اس کے بعد مشہور نعت خواں مولانا منظر قاسمی رحمانی نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ اشعار پیش کیے۔ اجلاس کی نظامت کی ذمہ داری جامعہ کے اساتذہ مولانا محمد نعیم رحمانی، مولانا محمد خالد رحمانی، مولانا رضاء الرحمٰن رحمانی اور مولانا سیف الرحمٰن ندوی نے بحسن و خوبی انجام دی۔
22 نومبر کی صبح خانقاہ رحمانی کی مسجد میں سالانہ دعائیہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں شرکا نے گھنٹوں قرآن کی تلاوت، درود شریف کا ورد اور ذکر کا خوب اہتمام کیا، اور پھر مولانا قاری وسیم اختر قاسمی، مولانا قاری خورشید اکرم رحمانی اور مولانا قاری جوہر نیازی رحمانی نے بہترین انداز میں قرآن مجید کی تلاوت کی۔
جب کہ اجلاس سے دو روز قبل سے ہی خانقاہ رحمانی کی روایت کے مطابق تلاوت قرآن اور کلمہ و استغفار کے ورد کی مجلسوں کا اہتمام شروع ہو گیاتھا اور یہ سلسلہ لگاتار جاری رہا۔اس پروگرام کا انتظام و انصرام جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث جناب مولانا مفتی ریاض احمد صاحب قاسمی اور جناب مولانا عبد الاحد صاحب رحمانی ازہری نے انجام دیا وہیں قرآ ن کی تلاوت اور کلمہ کے ورد کی مختلف مجلسوں میں جناب مولانا مفتی شمشیر حیدر صاحب قاسمی،جناب مولانا جمیل احمد صاحب مظاہری،جناب مولانا مفتی ریاض احمد صاحب قاسمی، جناب مولانا مفتی اظہر صاحب مظاہری، جناب مولانا فرقان اصلاحی صاحب،جناب مولانا عبدالاحد صاحب رحمانی ازہری نے اپنے پر مغز خطاب سے سامعین کو مستفیض کیا۔
اس موقع پر قطبِ عالم حضرت مولانا محمد علی مونگیری، حضرت مولانا لطف اللہ رحمانی، امیر شریعت رابع حضرت مولانا منت اللہ رحمانی اور امیر شریعت سابع حضرت مولانا محمد ولی رحمانی رحمہم اللہ کے بلندیٔ درجات، مسلمانوں کے تحفظ اور ملک کے امن و سلامتی کے لیے خانقاہ رحمانی کے سجادہ نشیں امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے خصوصی دعا کی، جس میں خانقاہ رحمانی کے مریدین، مخلصین اور محبین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں ہر سال سالانہ اجلاسِ دستار بندی اور دعا کی تقریب منعقد ہوتی ہے، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند شریک ہوتے ہیں اور روحانی فیض حاصل کرکے واپس جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں