نئی دہلی :انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز (آئی او ایس) نے ہفتے کو یہاں ہندوستان میں غربت اور مساوات کی پیمائش: عالمی بینک کے اکتوبر 2026 کے بریف سے بصیرت”کے موضوع پر ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا۔
انسٹی ٹیوٹ کے صدر دفتر میں منعقدہ اس مباحثہ نے ہندوستان میں غربت کی بدلتی ہوئی جہتوں، غربت کی پیمائش کے لیے استعمال ہونے والے طریقہ کار ،اقتصادی مواقع اور وسائل کی تقسیم میں مساوات کے سوال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین اقتصادیات، ماہرین تعلیم اور محققین کو جمع کیا۔اس پینل میں پروفیسر امیتابھ کنڈو، پروفیسر ایمریٹس، ایل جے یونیورسٹی، احمد آباد؛ پروفیسر نوشاد علی آزاد، سابق ڈین، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، جامعہ ملیہ اسلامیہ؛ پروفیسر شکتی کمار، سینٹر فار اکنامک اسٹڈیز اینڈ پلاننگ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی؛ پروفیسر اشرف الیان، شعبہ اقتصادیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ اورپروفیسر ایم افضل وانی، چیئرمین، انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیزشامل تھے۔
عالمی بینک کے حال ہی میں جاری کردہ *انڈیا پاورٹی اینڈ ایکویٹی بریف: اکتوبر 2026* آمدنی، روزگار اور اقتصادی مواقع تک رسائی میں مسلسل عدم مساوات کی طرف توجہ مبذول کراتی ہےجبکہ گزشتہ دہائی کے دوران غربت میں خاطر خواہ کمی آنے کی نشاندہی کرتی ہے۔ورلڈ بینک کے مختصر اعدادوشمار کے مطابق، ہندوستان کی آبادی کا تناسب جو کہ نچلی درمیانی آمدنی والے غربت کی حد سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، فی کس 4.20 امریکی ڈالر (2021 کی قوت خرید) 2011 میں 57.7 فیصد سے کم ہو کر 2023 میں 16.1 فیصد رہ گئی۔ اسی مدت کے دوران حد انتہائی غربت، جس کی پیمائش بین الاقوامی بینچ مارک US$3 فی کس یومیہ کے مقابلے میں 27.1 فیصد سے کم ہو کر 2.6 فیصد رہ گئی۔یہ اعداد و شمار معیار زندگی میں کافی بہتری کی نشاندہی کرتے ہیں۔پروفیسر کنڈو نے اس پر سوال اٹھایاکہ عام طورپر ہندوستان کے لوگ اپنی حالت کی درست نشاندہی نہیں کرتے بلکہ ان سے پوچھیے تو شان بگھاڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خود یہ رپورٹ فوائدکی پائیداری اور تقسیم کے بارے میں اہم سوالات اٹھاتی ہے، خاص طور پر کیا غربت میں کمی کے ساتھ مناسب روزگار، زیادہ حقیقی اجرت اور معاشی وسائل کی زیادہ منصفانہ تقسیم بھی عمل میں آئی ہے۔
عالمی بینک کے جائزے کے اہم پہلوؤں میں سے ایک اہم آمدنی میں تفاوت کا برقرار رہنا ہے۔ غربت کے مجموعی اشاریوں میں بہتری کے باوجود، آمدنی کی تقسیم کے سب سے اوپر 10 فیصد سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کی اوسط آمدنی 2023 میں نچلے 10 فیصد میں کام کرنے والے کارکنوں کی اوسط آمدنی سے تقریباً 13 گنا تھی۔یہ تفاوت غربت میں کمی اور معاشی مساوات کے درمیان فرق کو واضح کرتا ہے۔
غربت کی ایک مخصوص حد سے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد میں کمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد کو مساوی طور پر تقسیم کیا جا رہا ہے۔ آمدنی اور پیداواری اثاثوں کا ارتکاز، تعلیمی مواقع میں فرق، اور محفوظ روزگار تک غیر مساوی رسائی معاشرے کے مختلف طبقات کی معاشی پوزیشن کو متاثر کرتی رہتی ہے۔انہوں نے دوسری متعدد رپورٹوں کے حوالے سے اقلیتی طبقات بالخصوص مسلمانوں کو روزگار کے شعبے میں درپیش تعصبات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جتنی تفریق ان کے ساتھ شہروں میں اتنی دیہاتوں میں نہیں ہے۔انہوں نے خط افلاس کے تعین کے طریقہ کار پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اس واقعہ کو بھی ملحوظ رکھنا چاہیے کہ حکومت جو امداد لوگوں کو دیتی ہے ، ورلڈ بینک نے اس رقم کو بھی لوگوں کےگھر کی آمدنی میں شمار کیا ہے۔
پروفیسر شکتی کمار نے کہا کہ ولڈ بینک نے این ایچ او کے اعداد و شمارکو اپنی رپورٹ کی بنیاد بنایا۔۲۰۱۱ء کے اعداد و شمار اور ۲۰۲۳ ء کے اعداد وشمار کے موازنہ سے اس نے نتائج اخذ کیے ہیں۔ انہوں نے دونوں میعاد کے سروے میں فرق کی نشاندہی کرتے ہوئے، نتائج پر سوال اٹھائے اور کہا کہ نتائج خامیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں یومیہ مزدوری کی شرح مختلف ہے، یہاں تک کہ ریاست اور مرکز کی شرح تنخواہ میں بھی فرق ہے ۔ورلڈ بنک نے ساڑھے سات سو روپے یومیہ مشاہرہ کی روسے غربت میں آنے والی کمی کی نشاندہی کی ہےلیکن حکومت جن پچاس کروڑ لوگوں کو خط افلاس کے نیچے سے نکال دینے کا دعوی کرتی ہے، ان کی آمدنی بھی کم ازکم یومیہ مزدوری سے بہت کم ہے۔انہوں نے غربت کی جغرافیائی تقسیم پر توجہ مبذول کراتے ہوئے تشویش کا اظہارکیا۔ غربت کئی مشرقی اور شمالی ریاستوں میں مرتکز ہے، خاص طور پر اتر پردیش سے مغربی بنگال تک پھیلی پٹی میں ۔ دیہی غربت بھی شہری غربت سے کافی زیادہ ہے، جو روزگار کے مواقع، پیداواری صلاحیت، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات تک رسائی میں فرق کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو ضرورت ہے حصہ داری کی ، جبکہ ڈاکٹر اشرف نے کہا کہ معیار زندگی کی شرائط میں تخفیف کرکے نتائج اخذ کرنا اچھی علامت نہیں ہے، انہوں نےجب ہم تعلیم اور صحت جیسے شعبے میں بجٹ کم کررہے ہیں تو معیار زندگی کیسے بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ۴۲ فیصد دولت دس فیصد لوگوں کے پاس ہے، غریبوں کو فری سہولیات دینے کے بجائے پائیدار روزگار اور مستقل آمدنی مہیا کرانا مفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے اقدامات میں توسیع نے گھریلو معاشی حالات میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن یہ افلاس کے مسئلے کا پائیدار حل نہیں ہے۔اسی طرح پروفیسر زکریا صدیقی نے اس پر زور دیاکہ روزگار کا معیار ایک اہم پالیسی تشویش ہے۔ ملازمت کرنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ خود بخود گھریلو آمدنی یا معاشی تحفظ میں منتقل نہیں ہوتا ۔ کم پیداواری پیشے، غیر رسمی ملازمت، ناکافی اجرت اور سماجی تحفظ کی عدم موجودگی افرادی قوت کے بڑے حصے کو متاثر کرتی رہتی ہے۔پروفیسر نوشاد علی آزاد نے اس پر توجہ دلائی کہ لیبر مارکیٹ میں داخل ہونے والے نوجوانوں کے لیے چیلنجز خاص طور پرمسئلے اہم کا اہم پہلو ہے ۔ پیداواری روزگار کو بڑھانا، پیشہ ورانہ اور اعلیٰ تعلیم کو بہتر بنانا، محنت کش صنعتوں کو مضبوط کرنا اور خواتین کے لیے مواقع پیدا کرنا غربت میں کمی کو پائیدار بنانے کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ مباحثے کی صدارت پروفیسر ایم افضل وانی کررہے تھے۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ورلڈ بینک نے جو تصویر پیش کرتی ہے، وہ ایک تسلی ہے ، حقیقت یہ ہے کہ جووعدے ملک کے آئین میں غریبوں اور محنت کشوں سے کیے گئےتھے، ہم ان سے بہت دور ہیں۔
ہندوستان میں غربت اور مساوات کی پیمائش: ورلڈ بینک کی رپورٹ پرآئی او ایس میںمباحثہ
