مالیگاؤں:کانگریس پارٹی کے سینئر، فعال اور متحرک رہنما ابوبکر علی حسن چودھری کو دیولالی اسمبلی حلقے کا نگراں مقرر کیے جانے پر آج شام 6 بجے ان کے رابطہ آفس پر ایک عظیم الشان استقبالیہ تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے وابستہ شخصیات سمیت بڑی تعداد میں محبان و کارکنان نے شرکت کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی اور اس اہم ذمہ داری پر فخر و مسرت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران ابوبکر علی حسن چودھری کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان کی سیاسی خدمات، فعالیت اور پارٹی کے تئیں مسلسل جدوجہد کو سراہتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابوبکر چودھری نے تمام حاضرین، معززین، پارٹی کارکنان اور خیرخواہوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ایک نہایت اہم اور فکر انگیز بات کہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو ذمہ داری سونپا جانا بذاتِ خود کوئی بڑی بات نہیں، بلکہ اس ذمہ داری کو پوری ایمانداری، دیانت داری، خلوص اور انتہائی احسن طریقے سے نبھانا اصل اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی قیادت نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دیولالی اسمبلی حلقے کی نگرانی کی اہم ذمہ داری سونپی ہے، وہ اس اعتماد پر پورا اترنے اور اپنی ذمہ داری کو پوری محنت، لگن اور وفاداری کے ساتھ انجام دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
اس پُروقار استقبالیہ تقریب میں انیس رمضان، سراج ماسٹر، ہاشم انصاری، جابر انصاری، ابوذر انصاری، عبدالمالک کامریڈ، جمیل انصاری، ندیم انصاری، خیال اثر، دلشاد، نور محمد، انور سمیت دیگر معزز شخصیات اور بڑی تعداد میں شہری و کارکنان موجود تھے۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور شرکاء نے ابوبکر علی حسن چودھری کو نئی ذمہ داری کے لیے دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی کامیابی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مالیگاؤں میں ابوبکر علی حسن چودھری کا شاندار عوامی استقبال، دیولالی اسمبلی حلقے کی اہم ذمہ داری ملنے پر رابطہ آفس میں جشن کا سماں
