(پی این این)
سیتامڑھی: بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے کارگزار صدر تیجسوی پرساد یادو نے مہسول پہنچ کر مرحوم حاجی محمد شفیق خاں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مہسول واقع قبرستان میں مرحوم کی قبر پر چادر چڑھائی اور ان کے حق میں دعائے مغفرت کی۔ اس کے بعد مہسول چوک پر واقع مدنی مسافر خانہ پہنچ کر مرحوم شفیق خاں کی تصویر پر گل پوشی کی اور انہیں پُرخلوص خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر تیجسوی یادو نے مرحوم حاجی محمد شفیق خاں کی رہائش گاہ پہنچ کر سوگوار اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی ڈھارس بندھائی۔ انہوں نے اہل خانہ کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے پسماندگان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں صبر و حوصلہ برقرار رکھنے کی تلقین کی۔
تیجسوی یادو نے مرحوم شفیق خاں کو یاد کرتے ہوئے ان کے تئیں اپنے احترام اور عقیدت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے افراد سے ملاقات کے دوران کہا کہ مناسب وقت آنے پر مرحوم کے صاحبزادے کو موزوں مقام دیا جائے گا۔
اس موقع پر مرحوم حاجی محمد شفیق خاں کے صاحبزادے اور آر جے ڈی کے سابق ضلع جنرل سکریٹری جلال الدین خاں، سابق رکن اسمبلی سنیل کشواہا، مکیش یادو، سنجے گپتا، منا یادو، رونی سیدپور کے سابق امیدوار چندن رائے سمیت آر جے ڈی کے دیگر رہنما، کارکنان اور مقامی افراد موجود تھے۔ تمام شرکا نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
تیجسوی یادو نے مرحوم حاجی شفیق خاں کو پیش کیا خراجِ عقیدت، مہسول قبرستان میں قبر پر چادر چڑھائی، مدنی مسافر خانہ میں تصویر پر گل پوشی کے بعد سوگوار اہل خانہ سے کی ملاقات
