(پی این این)
پٹنہ: بہار میں ہڑتال کرنے والے امینوں کو ریاستی حکومت نے ملازمت سے برطرف کر دیا ہے، لیکن حکومت کی اس سخت کارروائی کے باوجود برطرف کیے گئے امین اپنے مطالبات پر بضد ہیں اور ان میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ امینوں نے اپنی تحریک مزید تیز کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
ہڑتالی امینوں کو ملازمت سے برطرف کرنے اور ہڑتال کی مدت کو ملازمت کے تسلسل میں وقفہ شمار کرنے کے فیصلے پر امینوں نے اپنا موقف پیش کیا ہے۔ ’بہار راجسوا امین سنگھ‘ نے اپنےجاری ایک بیان میں کہا ہے کہ محکمۂ محصولات و اراضی اصلاحات کی جانب سے ملازمت سے برطرف کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کی کارروائی سے یونین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
یونین نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی تحریک مزید تیز کرے گی، بصورتِ دیگر حکومت یونین سے بات چیت کرے۔ یونین نے کہا ہے کہ ہڑتالی امینوں کو ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کرنے اور ای-ماپی پورٹل پر ان کی شناختی آئی ڈی غیر فعال کرنے کے آمرانہ حکم پر خاموش نہیں رہا جائے گا۔ اس طرح کے جابرانہ عزائم کے تحت کی جانے والی کارروائیوں سے امین پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔ حکومت تبادلے، تعیناتی یا معطلی کی جتنی بھی دھمکیاں دے دے، لیکن اپنے جائز مطالبات پورے ہونے تک امین کام پر واپس نہیں لوٹیں گے۔یو
نین نے واضح کیا ہے کہ خصوصی سروے امینوں کو عجلت میں 24 گھنٹے کے اندر ای-ماپی پورٹل پر شامل کرکے باقاعدہ پیمائش کرانے کا حکومتی فیصلہ ناکام ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ محکمۂ محصولات و اراضی اصلاحات نے ہڑتال پر گئے محکمۂ محصولات کے ملازمین کو ان کی تمام ذمہ داریوں سے فوری طور پر فارغ کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے ڈونگل کو 24 گھنٹے کے اندر غیر فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان کی جگہ متعلقہ سرکلز میں خصوصی سروے امینوں کو متناسب بنیاد پر تعینات کیا جائے گا۔ محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری امیت کمار پانڈے نے اس سلسلے میں تمام ضلع مجسٹریٹوں کو خط جاری کیا ہے۔
محکمہ نے ضلع مجسٹریٹوں کو 5 نومبر تک خصوصی سروے امینوں کی تعیناتی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، جو ہڑتالی محکمۂ محصولات کے ملازمین کی جگہ کام کریں گے۔ ہڑتال میں شامل نہ ہونے والے ملازمین حسبِ سابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ تعینات کیے جانے والے خصوصی سروے امینوں کو صدر دفتر کی سطح سے سات دن تک آن لائن تربیت دی جائے گی۔ ہر کام کے دن دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تربیتی پروگرام منعقد ہوگا۔ تربیت کے دوران یہ امین آدھے کام کے دن متعلقہ سرکل افسر کی نگرانی میں داخل خارج، پریمارجن پلس اور محکمۂ محصولات کے ملازمین کی دیگر ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
