علی گڑھ: عالمی یومِ دماغی صحت کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں میں بیداری پروگرام منعقد کیے گئے۔جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، اے ایم یو کے شعبہ سائیکیاٹری میں منعقدہ پروگرام کی میزبانی ڈاکٹر انور حسن صدیقی نے کی۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے شعبے کی کوششوں کو سراہا، جبکہ پرنسپل و سی ایم ایس پروفیسر انجم پرویز نے کہا کہ ذہنی صحت کے بغیر صحت کا تصور نامکمل ہے۔ صدر شعبہ ڈاکٹر ایم ریاض الدین نے ذہنی صحت کے مسائل کو لازماً دماغی بیماری قرار دینے اور خود سے تشخیص کرنے سے گریز کی تلقین کی۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل شان نے ”ذہنی صحت: بوجھ، بچاؤ اور علاج“ کے موضوع پر خطاب کیا۔ ریسرس اسکالر آصف ادیب نے اپنے والد کے انتقال کے بعد ذہنی مشکلات سے نجات پانے کا اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کاؤنسلنگ، ادویات، حقیقت پسندانہ توقعات اور بامقصد سرگرمیوں کی اہمیت اجاگر کی۔ میڈیکل ایجوکیشن یونٹ کی کوآرڈینیٹر پروفیسر تمکین ربانی نے طلبہ کی ذہنی صحت میں مینٹرشپ کے کردار پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر جتیندر کمار نے اظہارِ تشکر کیا۔
یونیورسٹی کے سر سید ہال (نارتھ) میں ”ذہنی صحت: طلبہ کی کامیابی کی کلید“ عنوان سے ایک ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں یونیورسٹی ہیلتھ سروسز کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شارق عقیل مہمانِ خصوصی اور ڈاکٹر ہمیل خان مہمانِ اعزازی تھے۔ مقررین نے تعلیمی دباؤ سے نمٹنے، مثبت سوچ اپنانے اور ضرورت پڑنے پر پیشہ ورانہ مدد حاصل کرنے کی اہمیت بیان کی۔ پرووسٹ پروفیسر محمد جہانگیر صابر خان کی نگرانی میں پروگرام منعقد ہوا، جس میں وارڈنز ڈاکٹر ظفر افتخار، کامران خان اور نورالزماں ارشد اور سکریٹری، ہیلتھ و ہائیجین مسٹر طفیل خان نے تعاون کیا۔
اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول میں جماعت ہفتم (اے) نے خصوصی اسمبلی منعقد کی، جس میں طالبات کو اپنے جذبات کو دبانے کے بجائے ان کا اظہار کرنے کی ترغیب دی گئی۔ سبحانہ انصاری اور نمرہ خان کی نظامت میں منعقدہ اسمبلی میں ایک ڈراما پیش کیا گیا جس میں ایک ایسی لڑکی کی جدوجہد دکھائی گئی جو مسلسل تنقید کے باوجود بالآخر پینٹنگ کے اپنے شوق کو آگے بڑھانے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے۔
نائب پرنسپل نے طالبات کو اپنے احساسات کھل کر بیان کرنے اور ضرورت کے وقت مدد لینے کی تلقین کی۔ طالبات کے تیار کردہ آگہی پوسٹر میں خود کو قبول کرنے، ثابت قدمی اور جذباتی صحت کا پیغام دیا گیا۔ کلاس ٹیچر ڈاکٹر سامعہ حمید کی نگرانی اور پرنسپل محمد جاوید اختر کی رہنمائی میں اسمبلی کی تیاری کی گئی۔
سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) میں ویمنس کالج کے شعبہ نفسیات کی پروفیسر رومانہ صدیقی نے ”ذہنی صحت کی اہمیت“ موضوع پر طلبہ سے خطاب کیا۔ پرنسپل مسٹر صباح الدین نے شرکاء کا خیرمقدم کیا، جبکہ ڈاکٹر نائلہ راشد نے موضوع کا تعارف پیش کرتے ہوئے ذاتی تجربات سننے کی اہمیت اجاگر کی۔
پروفیسر رومانہ صدیقی نے ذہنی دباؤ اور اضطراب سے نمٹنے، جذبات کو سمجھنے اور بیان کرنے، مدد حاصل کرنے اور صحت مند عادات اپنانے کی اہمیت پر گفتگو کی۔ کیپٹن نجف علی خان اور عائشہ عمران نے پروگرام کو مربوط کیا، جبکہ مس سعدیہ ناصر نے اظہارِ تشکر کیا۔ اس موقع پر نائب پرنسپل ڈاکٹر محمد فردوس خان اور علامہ اقبال بورڈنگ ہاؤس کے وارڈن انچارج ڈاکٹر قمر عالم بھی موجود تھے۔
اے ایم یو میں عالمی یومِ دماغی صحت پر بیداری پروگرام منعقد
