نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے فضائی معیار کے انتظام کا جائزہ لینے میں دہلی کی آلودگی پر قابو پانے کی کارکردگی پانچ ریاستوں میں سب سے خراب پائے جانے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اور بی جے پی کی زیر اقتداردہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کو تنقید کا نشانہ بنایا۔مسٹر یادو نے کہا کہ آلودگی پر قابو پانے سے متعلق 32 میں سے 24 معیارات پر دہلی کی ناکامی حکومت کی سنگین انتظامی ناکامی کا ثبوت ہے۔ بی جے پی کے آلودگی سے پاک دہلی کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں اور راجدھانی کے عوام زہریلی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ گاڑیوں، صنعتی آلودگی، سڑکوں کی دھول، کچرے کے انتظام اور تعمیراتی کاموں سے ہونے والی آلودگی پر قابو پانے میں حکومت پوری طرح ناکام رہی ہے۔ ایم سی ڈی کا صفائی کا نظام بھی بدحالی کا شکار ہے۔ صفائی ملازمین کی تعداد کم ہو رہی ہے، سڑکوں کی صفائی کرنے والی مشینیں ضرورت کے مطابق دستیاب نہیں ہیں اور جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آلودگی میں 15 سے 20 فیصد کمی لانے کا ہدف اور افسران کی جوابدہی طے کرنے کی ہدایات حکومت کی اب تک کی بے عملی کو اجاگر کرتی ہیں۔مسٹر یادو نے خالی اسامیوں کو پُر کرنے، مناسب تعداد میں صفائی مشینیں فراہم کرنے اور آلودگی کے تمام ذرائع کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کو اجلاسوں اور اشتہارات کی نہیں بلکہ صاف ہوا اور آلودگی سے راحت کی ضرورت ہے۔
