نئی دہلی: دہلی حکومت نوجوانوں اور خواتین کو ہنرمندی کے فروغ ، روزگار اور خود کفالت سے جوڑنے کے لیے شالیمار باغ میں جدید ترین ہنرمندی کے فروغ کا مرکز قائم کرے گی۔وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے منگل کو بتایا کہ اس مرکز میں 14 جدید لیباریٹریز، اسمارٹ کلاس رومز، صنعت کاری اور انکیوبیشن مرکز، لائبریری اور تربیت سے متعلق مختلف سہولتیں تیار کی جائیں گی۔ تقریباً آٹھ ایکڑ رقبے پر بننے والے اس مرکز میں دو ایکڑ کا باغبانی تربیتی میدان بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بارہویں جماعت پاس نوجوانوں کے لیے آئی ٹی آئی کی طرز پر آئی ٹی اور تکنیکی تربیت کے روزگار پر مبنی کورس شروع کیے جائیں گے۔ وہیں، خواتین کے لیے بیکری، بیوٹی، فیشن ڈیزائننگ، سلائی، کڑھائی، ہیئر اسٹائلنگ، فوڈ پروسیسنگ اور دستکاری جیسے مختصر مدتی کورس دستیاب ہوں گے۔ تربیت کو صنعتوں کی ضروریات اور بازار کی مانگ کے مطابق تیار کیا جائے گا، تاکہ تربیت حاصل کرنے والوں کو ملازمت کے ساتھ خود روزگار کے مواقع بھی مل سکیں۔ خواتین کی سہولت کے لیے لچکدار اوقات، ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بیچ اور آن لائن و آف لائن تربیت کا انتظام بھی مجوزہ ہے۔دہلی ٹورزم اینڈ ٹرانسپورٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ڈی ٹی ٹی ڈی سی) ڈی ایس یو کالونی کے قریب اس مرکز کی جدید عمارت تعمیر کرے گا۔ احاطے میں 250 افراد کی گنجائش والا کثیر المقاصد آڈیٹوریم، ڈیجیٹل اور آئی ٹی لیب، فیشن و ٹیکسٹائل لیب، بیوٹی اینڈ ویلنیس، بیکری، فوڈ پروسیسنگ اور ہیلتھ کیئر کی تربیت کی سہولتیں ہوں گی۔ اس کے علاوہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ کے لیے ہاسٹل اور کھیلوں کی جدید سہولتیں تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ کام کرنے والی ماؤں کی سہولت کے لیے 25، 25 بچوں کی گنجائش والی دو کریچ یونٹ اور ابتدائی طبی امداد کے لیے میڈیکل سک بے بھی بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکز میں خواتین کی صنعت کاری کو فروغ دینے کے لیے رہنمائی، بازار سے رابطے اور مالی مدد کے مواقع فراہم کرنے کا انتظام مجوزہ ہے۔ اس سے خواتین تربیت مکمل کرنے کے بعد اپنا بوٹیک، بیوٹی سیلون، بیکری یا ٹفن سروس جیسے کاروبار شروع کرسکیں گی۔ مرکز کا تعلیمی اور تکنیکی انتظام ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کے ہنرمندی ترقیاتی مرکز کے ذریعے کیا جائے گا۔ تربیتی پروگرام قومی ہنرمندی اہلیت کے فریم ورک (این ایس کیو ایف) اورپی ایم کوشل وکاس اسکیم کے معیار کے مطابق ہوں گے۔ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، آئی ٹی سپورٹ، ڈیجیٹل خدمات، ریٹیل اور مہمان نوازی جیسے شعبوں میں تربیت دے کر روزگار، اپرنٹس شپ اور صنعت کاری کے لیے تیار کیا جائے گا۔ تربیت مکمل ہونے پر حکومت کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی دیے جائیں گے۔
بی جے پی اور اکالی دل کے اتحاد کی دوبارہ بحالی پنجاب کی سیاست کے لیے اہم قدم: ریکھا گپتا
نئی دہلی، 24 نومبر (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شرومنی اکالی دل کے درمیان دوبارہ اتحاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پنجاب کی سیاست اور مستقبل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔محترمہ گپتا نے منگل کو کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل کا رشتہ بہت پرانا اور مضبوط رہا ہے۔ دونوں جماعتوں کے دوبارہ ساتھ آنے سے پنجاب، پنجابیوں اور پنجابیت کو نئی مضبوطی ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی اور اکالی دل کے درمیان اتحاد کی بحالی سے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کو نئی سمت ملے گی۔ انہوں نے اس سیاسی پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان پرانے تعلقات کی بحالی پنجاب کے مفاد میں اہم ثابت ہوگی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی قیادت اور اکالی دل کے تعاون سے پنجاب ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد سے پنجاب اپنا پرانا وقار اور غلبہ دوبارہ حاصل کرے گا۔محترمہ گپتا نے بی جے پی اور اکالی دل کے درمیان اتحاد کے اس نئے سیاسی باب کے لیے دونوں جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
