(پی این این)
سیتامڑھی:ضلع جنتا دل (یونائیٹڈ) کی جانب سے 24 نومبر کو دواریکا پیلیس کے کرپوری سبھا گار میں ’’یومِ گڈ گورننس، نتیش سمواد‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان پروگرام منعقد کیا گیا۔ ضلع صدر ستیندر سنگھ کشواہا کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں ہزاروں پارٹی کارکنوں اور حامیوں نے شرکت کی۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی اور مقررِ اعلیٰ جنتا دل (یو) کے بہار پردیش صدر و رکن اسمبلی امیش سنگھ کشواہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 نومبر بہار کی تاریخ کا کوئی عام دن نہیں ہے۔ 2005 میں اسی تاریخ کو عہد کے معمار نتیش کمار نے بہار کی باگ ڈور سنبھالی تھی اور آئندہ 20 برسوں میں ریاست کی تصویر بدل کر رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں تاریخی تبدیلی کی بنیاد 24 نومبر 2005 کو رکھی گئی تھی۔ اسی تاریخی اہمیت کے پیش نظر پارٹی نے ہر سال اس دن کو ’’یومِ گڈ گورننس‘‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ محض ایک پروگرام نہیں بلکہ بہار کے 14 کروڑ عوام کے لیے جشن کا دن ہے۔
امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ نتیش کمار کے 20 سالہ دورِ حکومت میں قانون کی حکمرانی قائم ہوئی اور انصاف کے ساتھ ترقی کو فروغ ملا۔ خواتین کو بااختیار بنانے، جیواکا گروپوں کی تشکیل، سماج کے آخری طبقے تک سرکاری اسکیموں کی رسائی، صحت کے نظام میں بہتری اور سڑکوں و بنیادی ڈھانچے کی توسیع کے شعبوں میں نمایاں کام کیے گئے۔
پروگرام کی انچارج اور رکنِ قانون ساز کونسل بھارتی مہتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ نتیش کمار نے صرف بہار کی ترقی ہی نہیں کی بلکہ ریاست کے وقار اور شناخت کو بھی نئی بلندی عطا کی ہے۔ 2005 سے قبل بہار سے باہر ’’بہاری‘‘ لفظ کو حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، لیکن آج بہار کا نام عزت و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار نے بابائے قوم مہاتما گاندھی، لوک نائک جے پرکاش نارائن، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور جن نائک کرپوری ٹھاکر کے نظریات کو عملی جامہ پہنانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے نتیش کمار کو جدید دور کا بھگیرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے گنگا کا پانی نالندہ، نوادہ اور گیا تک پہنچانے کا اہم کام انجام دیا گیا۔
پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں رکن اسمبلی پروفیسر ناگیندر راؤت، رکن قانون ساز کونسل ریکھا کماری، سابق رکن پارلیمنٹ رام کمار شرما، سابق رکن قانون ساز کونسل راج کشور کشواہا، سابق رکن اسمبلی خلیل انصاری، رانا رندھیر سنگھ چوہان، پردیش ترجمان ابھیشیک جھا، پردیش ہیڈکوارٹر انچارج شمبھو کشواہا، شہری کونسل کے پردیش جنرل سکریٹری ویریندر ڈانگی، صنعت کار کمیشن کی رکن کرن گپتا اور اتم پانڈے سمیت متعدد رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔پروگرام میں جے ڈی یو کے متعدد عہدیداران، رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
نتیش کمار نے بہار کی بدل دی تصویر اور تقدیر، امیش سنگھ کشواہاکی قیادت میں جے ڈی یو کے زیر اہتمام ’’یومِ گڈ گورننس، نتیش سمواد‘‘ کا انعقاد، ہزاروں کارکنوں نے کی شرکت
