(پی این این)
نئی دہلی : شعبۂ اردو سے نکلنے والے طلبہ وال میگزین ’ہم سخن ‘ کا اجرا عمل میں آیا، واضح رہے کہ یہ سلسلہ کئی سال سے موقوف تھا، اس سال طلبہ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے شعبے کے صدر پروفیسر احسان الحق (کوثر مظہری)نے میگزین نکالنے کی اجازت دے دی اور کمیٹی کی تشکیل دی۔
میگزین کے جملہ امور کی نگرانی کے لیے ڈاکٹر محمد مقیم کا انتخاب عمل میں آیا جب کہ ڈاکٹر خان رضوان اور ڈاکٹر نوشاد منظر کو معاون نگراں کے لیے چنا گیا، مدیر کے لیے اسامہ ایم اے سمسٹر سوم، نائب مدیر کے لیے محمد سفیان بی اے سمسٹر پنجم اور معاونین کے لیے محمد ارمغان بی اے سمسٹر پنجم اور ذوالفقار بی اے سمسٹر سوم منتخب کیے گئے، ڈیکوریشن ٹیم میں صائمہ بشری، ظاہرین بانو بی اے سمسٹر پنجم، سہانہ، راحمہ رحمن، فروہ بتول انعمت سمسٹر سوم، عفان ، ممترین بی اے سمسٹر اول اور فلک خان شامل تھیں۔ہم سخن کی ٹیم نے میگزین کو نکالنے میں بڑی دلچسپی دکھائی اور محنت سے کام لیتے ہوئے نہ صرف مضامین کی اصلاح و ترتیب کا کام کیا بلکہ تزئین و آرائش کا بھی خوب اہتمام کیا، آرائش میں اس بات کا خیال رکھا گیا کہ ہر چیز سے تخلیقیت کا اظہار ہو، آرائش کے لیے کسی ایسی چیز کا استعمال نہیں کیا گیا جو محض دکھاوے کے لیے یا ضرورت سے زیادہ ہو۔میگزین کی کمپوزنگ میں بھی مہارت سے کام لیا گیا اور ہر طرح سے ایک مثالی میگزین نکالنے کی کوشش کی گئی۔
میگزین کا اجراء صدر شعبہ پروفیسر کوثر مظہری کے ہاتھوں عمل میں آیا، اس موقع پر شعبے کے تقریباً تمام ہی اساتذہ شریک تھے، پروفیسر شہزاد انجم،پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر ندیم احمد، پروفیسر شاہ عالم، پروفیسر سرور الہدی، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر مشیر احمد اور ڈاکٹر جاوید حسن نے خصوصیت کے ساتھ طلبہ کو سراہا اور اپنی رائے کا اظہار کیا۔ جب کہ مہمان اساتذہ میں ڈاکٹر شاداب تبسم، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر شہنواز فیاض، ڈاکٹر مخمور صدری اور ڈاکٹر ثاقب عمران بھی موجود تھے۔ہم سخن کی ٹیم نے ایک خانہ تاثرات کا بھی ’آپ کی رائے’ کے نام سے شامل کیا تھا۔
جس پر اساتذہ اور میگزین پڑھنے والوں نے اپنی قیمتی آرا کا اظہار دستخط کے ساتھ کیا۔
