(پی این این)
پھلواری شریف:نہایت رنج و غم کے ساتھ یہ خبر دی جا رہی ہے کہ امارتِ شرعیہ، پھلواری شریف، پٹنہ کے شعبۂ تعمیرات کے قدیم اور مخلص رفیقِ کار جناب مولوی محمد مظہر حسین صاحب طویل علالت کے بعد15نومبر2026 کو اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَيْہِ رَاجِعُونَ۔ ان کی عمر ۷۲ سال کے قریب تھی ۔ ان کے سانحۂ ارتحال کی خبر امارتِ شرعیہ میں بجلی بن کر گری ، امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ العالی نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔
حضرت امیرِ شریعت کی ہدایت پر ناظمِ امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کی قیادت میں امارتِ شرعیہ کے اہلِ علم و ذمہ داران کا ایک مؤقر وفد، جس میں صدر قاضیِ شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی، نائب قاضیِ شریعت مولانا قاضی وصی احمد قاسمی، ڈاکٹر سید یاسر حبیب صاحب سکریٹری مولانا سجاد میموریل اسپتال امارت شرعیہ ، مولانا منہاج عالم ندوی اور مولانا صابر حسین قاسمی شامل تھے، مرحوم کے گھر پہنچا اور اہلِ خانہ وپسماندگان سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر و ثبات کی تلقین کی، مرحوم کی نمازِ جنازہ بعد نمازِ عصر خانقاہ مجیبیہ پھلواری شریف کے احاطے میں ادا کی گئی، جس میں امارتِ شرعیہ کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جناب مولوی محمد مظہر حسین نے ایک طویل عرصے تک امارتِ شرعیہ کے شعبۂ تعمیرات کی نگرانی اور بیت المال کے واؤچرز کی فائل بندی جیسے اہم امور انجام دیے، وہ اپنی مخلصانہ خدمات، ذمہ داری اور وابستگی کے باعث ادارے کے قدیم رفقا میں شمار ہوتے تھے۔
مرحوم کی دینی و ملی خدمات کے اعتراف اور ان کے حق میں دعائے مغفرت و ایصالِ ثواب کے لیے ۱۶؍نومبر کو دفتر امارتِ شرعیہ میں ناظمِ امارتِ شرعیہ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی کی صدرات میں ایک تعزیتی و دعائیہ نشست ہوئی ۔
جس میں صدر قاضیِ شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی، نائب قاضیِ شریعت مولانا قاضی وصی احمد قاسمی،نائب قاضیِ شریعت مولانا سہیل اختر قاسمی، قائم مقام مفتی ،مفتی احتکام الحق قاسمی، مولانا محمد منہاج عالم ندوی، معاون قاضی مولانا شمیم اکرم رحمانی،معاون ناظم مولانا احمد حسین مدنی،معاون ناظم مولانا رضوان احمد ندوی، آفس سکریٹری مولانا ارشد رحمانی اور مولانا محمد نیاز عالم قاسمی سمیت دیگر ذمہ داران و کارکنانِ امارتِ شرعیہ نے شرکت کی،اس موقع پر شرکاء نشست نے مرحوم کی طویل مدتی خدمات، خلوص، محنت اور ادارے کے تئیں ان کی وابستگی کو یاد کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے لیے ایصالِ ثواب کا اہتمام کیا۔
ناظم صاحب نے فرمایا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ امارتِ شرعیہ کی خدمت میں گزارا، ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جائے گا، آخر میں صدر قاضیِ شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت، بلندیِ درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی، اس موقع پر تمام قارئین سے ان کے حق میں دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کی درخواست کی گئی۔
مولانا محمد مظہر حسین کے سانحۂ ارتحال پر امارتِ شرعیہ میں دعائیہ نشست
