(؍پی این این)
بھاگلپور: سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے تقسیمِ ہند کو برصغیر کی ایک بڑی تاریخی المیہ قرار دیتے ہوئے مولانا ابوالکلام آزاد کے نظریات اور ان کے متحدہ ہندوستان کے تصور کو ایک بار پھر اہم اور متعلقہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نے تقسیمِ ہند کی پُرزور مخالفت کی تھی اور وہ ایک ایسے ہندوستان کے حامی تھے جہاں تمام مذاہب اور برادریوں کے لوگ مل جل کر رہیں۔
جسٹس کاٹجو نے تقسیمِ ہند کے لیے محمد علی جناح کے ساتھ مہاتما گاندھی اور پنڈت جواہر لعل نہرو کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کا ماننا ہے کہ تقسیمِ ہند کے تاریخی واقعات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جانا چاہیے، تاکہ آنے والی نسلیں اس دور کے سیاسی حالات اور اس کے دور رس نتائج کو سمجھ سکیں۔
انہوں نے مولانا آزاد کی تاریخی اور قومی وراثت کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے ان کے نام سے قائم میوزیم کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا آزاد سے متعلق کتابوں، مضامین، دستاویزات اور دیگر تاریخی مواد کو محفوظ رکھنا حکومت اور سماج کی ذمہ داری ہے۔
جسٹس کاٹجو کے خیالات کے تناظر میں ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سماجی رشتوں کو مضبوط بنانے اور برصغیر کے اتحاد کے تصور پر پُرامن اور جمہوری مکالمے کو آگے بڑھانے کے مقصد سے انڈین ری یونیفیکیشن ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ جسٹس مارکنڈے کاٹجو اس تنظیم کے سرپرست ہیں، جبکہ ڈاکٹر عارفی ملک اس کے جنرل سکریٹری ہیں۔تنظیم کا مقصد برصغیر میں باہمی ہم آہنگی، تاریخی رشتوں اور اتحاد کے نظریے کو فروغ دینا ہے۔
تقسیم ہند کے تاریخی واقعات کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جاناضروری: جسٹس مارکنڈے کاٹجو
