(پی این این)
پٹنہ:بہار میں مکان اور دیگر عمارتوں کی تعمیر کے لیے نئے ضابطے نافذ کر دیے گئے ہیں۔ گزشتہ دنوں سمراٹ چودھری کابینہ سے عمارتوں کی تعمیر کے ضمنی ضوابط 2026 (بلڈنگ کنسٹرکشن بائی لاز 2026) کو منظوری ملنے کے بعد محکمہ شہری ترقی و رہائش نے اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اب ریاست کے شہری علاقوں میں کسی بھی نئی عمارت کی تعمیر یا پہلے سے موجود عمارت میں تبدیلی کا کام نئے ضوابط کے مطابق ہی کرنا ہوگا۔نئے ضوابط میں حکومت نے عوام کو سہولت فراہم کرتے ہوئے کئی طریقۂ کار کو آسان بنا دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مکان کی تعمیر کے لیے بعض معیارات بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اب کمرے، باورچی خانے سے لے کر بیت الخلا اور غسل خانے تک کی تعمیر بھی طے شدہ معیارات کے مطابق ہی کرنی ہوگی۔
نئے ضمنی ضوابط کے تحت رہائشی عمارتوں کے مختلف حصوں کے کم از کم رقبے، چوڑائی اور اونچائی کے معیارات مقرر کیے گئے ہیں۔ کمرے سے لے کر باورچی خانے، غسل خانے، بیت الخلا، راستے اور منڈیر تک کے لیے واضح ضوابط وضع کیے گئے ہیں۔ رہائش کے قابل کمرے کا کم از کم رقبہ 9 مربع میٹر (97 مربع فٹ) اور چوڑائی 2.4 میٹر ہونی چاہیے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب 8 فٹ سے کم چوڑائی والے کمرے کی تعمیر نہیں کی جا سکے گی۔ اسی طرح کمرے کی اونچائی بھی 2.75 میٹر یعنی تقریباً 9 فٹ سے کم نہیں ہونی چاہیے۔
نئے ضوابط کے تحت باورچی خانے کا کم از کم رقبہ 4.5 مربع میٹر اور چوڑائی 1.8 میٹر (تقریباً 5.9 فٹ) مقرر کی گئی ہے۔ اسٹور روم کا کم از کم رقبہ 3 مربع میٹر یعنی تقریباً 32.3 مربع فٹ ہونا چاہیے۔ اسی طرح غسل خانے کا کم از کم رقبہ 1.8 مربع میٹر (19.38 مربع فٹ) اور بیت الخلا کا کم از کم رقبہ 1.2 مربع میٹر (12.92 مربع فٹ) مقرر کیا گیا ہے۔اگر غسل خانہ اور بیت الخلا ایک ساتھ (اٹیچڈ ٹوائلٹ باتھ) تعمیر کیے جائیں تو اس کے لیے 2.8 مربع میٹر (30.14 مربع فٹ) جگہ ضروری ہوگی۔ دروازے کے راستے کی چوڑائی کم از کم 0.9 میٹر (3 فٹ) رکھنی ہوگی۔ چبوترے کی اونچائی 0.45 سے 0.9 میٹر اور منڈیر کی اونچائی 1.2 سے 1.5 میٹر کے درمیان ہونی لازمی قرار دی گئی ہے۔
نئے بلڈنگ بائی لاز میں چھوٹے مکانات تعمیر کرنے والوں کو بڑی راحت دی گئی ہے۔ اب 10 میٹر یا اس سے کم اونچائی والی عمارتیں تعمیر کرنے کے لیے مقامی بلدیاتی اداروں یا متعلقہ اتھارٹی کے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ ایسی عمارتوں کی تعمیر کے لیے نقشے کی منظوری کی لازمی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ تاہم، اس سے زیادہ اونچائی والی عمارتوں کی تعمیر کے لیے نقشے کی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ پرانے ضوابط کے مقابلے میں نئے ضوابط کو کافی آسان بنا دیا گیا ہے۔ پہلے تمام مراحل میں منظوری حاصل کرنا ضروری تھا۔
اب کسی ماہرِ تعمیرات (آرکیٹیکٹ) سے عمارت کا نقشہ تیار کراکر اسے پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ نقشہ مقررہ معیارات کے مطابق ہونا چاہیے۔ 10 میٹر سے زیادہ اونچائی والی عمارتوں کے نقشے آن لائن درخواست دینے کے 30 دن کے اندر منظور کر لیے جائیں گے۔ اگر 30 دن کے اندر درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں ہوتا ہے تو اسے خودکار طور پر منظور شدہ تصور کیا جائے گا۔ اس طریقۂ کار سے درخواست گزاروں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگانے سے نجات مل جائے گی۔
نئے ضوابط کے تحت رہائشی اور تجارتی عمارتوں کو فائر این او سی سے چھوٹ دی گئی ہے۔ نقشے کی منظوری ملنے کے بعد فائر این او سی حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ تاہم، درخواست گزار کے لیے آگ سے بچاؤ کے تمام ضروری حفاظتی معیارات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
نقشہ تیار کرنے والے ماہرِ تعمیرات کو آگ بجھانے کے آلات، ہنگامی اخراج کے راستے، الارم، اسپرنکلر، ہوز اور پانی ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا۔فائر این او سی سے چھوٹ کے باوجود پینل میں شامل تیسرے فریق کے فائر سیفٹی مشیر یا محکمۂ فائر بریگیڈ کے افسران بہار فائر سیفٹی ایکٹ 2014 کے تحت عمارتوں کی جانچ کر سکیں گے۔ کسی بھی قسم کی خامی سامنے آنے پر اسے دور کرنا ہوگا، بصورت دیگر عمارت کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔
