نئی دہلی: تعلیم، خود انحصاری اور سماجی بااختیار بنانے کو فروغ دینے کے مقصد سے پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن نے میوات کے علاقے میں دو اہم مہمات شروع کی ہیں۔ ان میں خواتین کو ہنرمند اور خود کفیل بنانے کے لیے ’خودمختار خاتون، خودمختار بھارت‘ اور مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں سے جوڑنے کے لیے ’کھیلو مدرسہ‘ مہم شامل ہیں۔ فاؤنڈیشن کی ان پہلوں کا مقصد تعلیم، ہنر مندی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے سماج کے محروم اور پسماندہ طبقات کے بچوں اور خواتین کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔’خودمختار خاتون، خودمختار بھارت‘ مہم کے تحت میوات کے 50 سے زائد طالبات کے مدارس تک پہنچنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے بچیوں کو صرف کتابی تعلیم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ہنرمند اور خود کفیل بنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضرورت مند خواتین کو مفت سلائی مشینیں فراہم کرنے اور انہیں سلائی جیسے روزگار سے متعلق ہنر سے جوڑنے کا منصوبہ ہے، تاکہ خواتین اپنے ہنر کے ذریعے روزگار حاصل کر سکیں اور خاندان کی معاشی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ فاؤنڈیشن کا ماننا ہے کہ خواتین کی تعلیم کے ساتھ ہنر مندی اور معاشی خود انحصاری سماج میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد بن سکتی ہے۔دوسری جانب ’کھیلو مدرسہ‘ مہم کے ذریعے مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو کھیل کے میدانوں تک لانے کی پہل کی گئی ہے۔
اس مہم کا مقصد مدارس کی شناخت کو صرف دینی تعلیم تک محدود نہ رکھتے ہوئے انہیں تعلیم اور کھیلوں کی ہمہ جہت ترقی کے مراکز کے طور پر آگے بڑھانا ہے۔ اس کے تحت مدارس کے احاطوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو تعلیم کا حصہ بنانے پر زور دیا جا رہا ہے، تاکہ بچے جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رہ سکیں۔ اس مہم میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، بیڈمنٹن اور کیرم بورڈ سمیت مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی بات کہی گئی ہے۔فاؤنڈیشن کی خصوصی توجہ پسماندہ اور محروم طبقات کے بچوں کو کھیلوں کے ذریعے مرکزی دھارے سے جوڑنے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر ہے۔ ادارے کا ماننا ہے کہ کھیل بچوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم اسپرٹ اور قائدانہ صلاحیت پیدا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ اس پہل کے ذریعے مدارس کے بچوں کو بھی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔پسماندہ وکاس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر معراج راعین نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم دینے کے ساتھ انہیں ہنرمند بنانا اور خود انحصاری کی راہ دکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسی طرح مدارس میں زیر تعلیم بچوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں سے جوڑنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا مستقبل بہتر بنانے کے لیے تعلیم، کھیل اور ہنر مندی کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ کھیل سے صحت، تعلیم سے ترقی اور ہنر سے خود انحصاری کا راستہ مضبوط ہوتا ہے۔فاؤنڈیشن کی ان دونوں پہلوں کا بنیادی مقصد تعلیم، بااختیار بنانے اور مساوات کے تصور کو مضبوط کرنا ہے۔ جہاں ’خودمختار خاتون، خودمختار بھارت‘ مہم خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم کوشش ہے، وہیں ’کھیلو مدرسہ‘ بچوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی پہل ہے۔ ادارے کا ماننا ہے کہ ان مہمات کے ذریعے میوات کے علاقے میں خواتین اور بچوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ایک صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار سماج کی تعمیر کو فروغ ملے گا۔
(1007626475)
تعلیم، ہنر اور کھیل کے ذریعے تبدیلی کی پہل
