میرٹھ:شعبہ اردو، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کی ایوارڈ کمیٹی نے ہر سال شعبے کی طرف سے دیے جانے والے سرسید قومی ایوارڈز کا اعلان کردیاہے۔ شعبہئ اردو، چو دھری چرن سنگھ یو نیورسٹی، میرٹھ اپنے قیام ہی سے جشن سر سید کا اہتمام کرتا رہا ہے۔
واضح ہو کہ ہر سال شعبہئ اردو،سر سید ایجوکیشنل سوسائٹی، میرٹھ کے اشتراک سے محسن قوم، عظیم تعلیمی رہنما سر سید احمد خاں کی یوم پیدا ئش پر جشن سر سید تقریبات کا نہا یت تزک و احتشام کے ساتھ انعقاد کرتا ہے۔
اس سلسلے میں سر سید لیکچر سیریز، سر سید کوئز،سرسید تقریری و تحریری مقابلے، سیمینار،بیت بازی اور غزل سرائی وغیرہ کا اہتمام ہو تا ہے۔ ساتھ ہی سر سید کے مشن کو عام کرنے اور تعلیم کے فروغ میں تعاون دینے وا لے افراد،اداروں کو ہر سال سر سیدقو می ایوارڈ سے بھی سر فراز کیا جاتا ہے۔
اس بار یہ ایوارڈ،معروف شاعر و دانشور ڈاکٹر ذکی طارق(غازی آباد) کو ادبی خدمات کے لیے دیا جارہا ہے۔ جن کی تصنیفات میں ”احساس کی دھوپ (شعری مجموعہ1983)،پلکوں پہ خواب (شعری مجموعہ2003)، صبح کی دہلیز (شعری مجمو عہ2010-2023)ٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍٍ، شام کا دھند لکا(شعری مجموعہ2023ء) شعری مجموعوں کے علاوہ ڈاکٹر ذکی طارق نے نثر میں بھی”آزادی کے بعد منظوم ڈرامے (تحقیق2017)،متین طارق باغپتی،منتشر افکار(کے ایل نارنگ ساقی کے مضامین،شعری افلاک کے ستارے‘ (تنقیدی مضامین) جیسی اہم کتابیں بھی اردو دنیا کو دیں اور آپ بطور صحافی روز نامہ ان دنوں،راشٹریہ سہارا، ہفت روزہ تیزاب، ہفت روزہ ہنڈن پتھ وغیرہ سے بھی جڑے رہے۔آپ کو یوپی اردو اکادمی کے علاوہ درجن بھر شہروں کی مختلف تنظیموں کے ذریعے انعام و اعزاز سے نوازا جاچکا ہے اور آپ ریڈیوں اور ٹی وی کے مختلف مشاعروں اور پروگراموں میں شر کت کر چکے ہیں۔آپ نے ڈی ڈی اردو کے لیے ایک سیریل ”اُجالے یادوں کے“ بھی تحریر کیا تھا جو بے حد مقبول ہوا۔ اب بھی آپ کا ادبی سفر جاری ہے۔سر سید قومی ایوارڈ برائے سماجی خدمات 2026دی یونٹ آف ایم ایس ایم کی چیئر پرسن اِسمِتا شر ما کو دیا جا رہا ہے۔
اسمتا شرمانے اپنی تعلیم ون استھلی ودیا پیٹھ، جے پور سے حاصل کی۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ آپ کو کھیلوں سے بھی دلچسپی رہی ہے۔ٹیبل ٹینس کی وہ ایک عمدہ کھلاڑی رہی ہیں۔آپ کو فلائنگ کا بھی خاصا تجربہ ہے۔اسمتا شرما نے”ساتھ“ نامی ایک تنظیم قائم کی جس کے ذریعے مایوس اور ذہنی نفسیات سے جوجھ رہے افراد کو نئی امید اور نیا راستہ دکھا کر نئی زندگی دی۔ خوکشی جیسے اقدامات کو روکنے اور لوگوں کو زندگی کی قیمت اور اہمیت سمجھانے کے لیے یہ تنظیم مسلسل اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ تعلیم کے میدان میں بھی آپ نے خاصا کام کیا۔اسمتا شر ما کی دی اکیڈمی تعلیم کے ساتھ ساتھ تھیٹر،گیتا سار اور مختلف مذاہب کی تعلیمات کے ذریعے سے بچوں میں صلاحیت، تہذیب و تربیت جیسی اعلیٰ اقدار پیدا کررہی ہیں۔
یہ ایوارڈ16/ اکتوبر2026/ بروز جمعہ کو شام4:00/اختتامی اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔
