(پی این این)
دیوبند:قومی اقلیتی کمیشن کی نائب صدر منوری بیگم نے کہا کہ آج مسلم طبقہ تعلیم کے میدان میں انتہائی پسماندہ ہے۔ تعلیم سماجی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے کہ ہمارے بچے اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں۔
بی جے پی اقلیتی مورچہ کے زیراہتمام دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں منعقدہ ایک پروگرام میں منوری بیگم نے کہا کہ طلبہ کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ مہمان خصوصی ریاستی حج کمیٹی کے رکن جاوید قمر خان نے کہا کہ عازمین حج کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جائیں گی کہ عازمین حج کو سفر کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں آسان انتظامات حاصل ہوں۔ مہمانوں نے ہونہار طلباء کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کو بھی اعزاز سے نوازا۔
دیوبند یونانی میڈیکل کالج ہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر اور دیوبند کالج آف ہائر ایجوکیشن کے بانی منیجر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزماں قریشی نے مہمانوں، ماہرین تعلیم، طلباء اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر قمر الزماں قریشی اور مرتضیٰ قریشی نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔
پروگرام کی نظامت پروفیسر افضال احمد اور پروفیسر شہناز حسن نے کی۔ محمد مرتضیٰ قریشی، عبدالقادر گوڑ، پرویز عباسی، خالد گور، سلیمان فاروقی، حافظ کلیم قریشی، شرافت انصاری، شہزاد علی، رضوان انصاری اور قاری عامر عثمانی وغیرہ موجود تھے۔
تعلیمی بیداری اور معیار سے ہی ترقی کرے گامعاشرہ : منوری بیگم، دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں ہونہار طلباکے اعزاز ی پروگرام کا انعقاد
