(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی نے آئی ڈی پی ایجوکیشن کے اشتراک سے ایک بین الاقوامی تعلیمی میلے کا انعقاد کیا، جس میں طلبہ کو بین الاقوامی یونیورسٹیز کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع، وظائف، داخلے کے طریق ہائے کار اور عالمی سطح پر پیشہ ورانہ امکانات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔
مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے میلے کا افتتاح کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے کالج میں ازسرنو تزئین و آرائش کے بعد تیار کیے گئے دو نئے لیکچر رومز کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے نقطہ نظر کو وسعت دینے اور انہیں عالمی مواقع کے لیے تیار کرنے میں بین الاقوامی علمی تجربات کی اہمیت پر زور دیا۔ میلے کے لیے اے ایم یو کے مجموعی طور پر 270 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا اور بین الاقوامی جامعات کے نمائندوں سے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے استفادہ کیا۔
اس موقع پر 14 اساتذہ کو ریسرچ و ایکسیلنس ایوارڈ پیش کئے گئے۔ یہ ایوارڈ تحقیق، معیاری تحقیقی اشاعتوں، پیٹنٹس، اختراعات اور علمی امتیاز کے شعبوں میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیے گئے۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر ایم محسن خان (اپلائیڈ فزکس)، ڈاکٹر شیراز کرمانی (الیکٹریکل انجینئرنگ)، ڈاکٹر ابو نصر (اپلائیڈ کیمسٹری)، ڈاکٹر سعد شمیم انصاری اور پروفیسر اظہارالحق فاروقی (سول انجینئرنگ)، پروفیسر محمد واجد (الیکٹرانکس انجینئرنگ)، ڈاکٹر محمد ندیم (مصنوعی ذہانت)، ڈاکٹر ممتاز ریاست (اپلائیڈ میتھ میٹکس)، ڈاکٹر عتیب احمد خان اور ڈاکٹر عبداللہ وائی عثمانی (مکینیکل انجینئرنگ)، پروفیسر محمد مسرور عالم (سول انجینئرنگ)، ڈاکٹر واصی الرحمٰن (کیمیکل انجینئرنگ)، ڈاکٹر فیضان خالد (سبز و قابلِ تجدید توانائی) اور ڈاکٹر پی ایم جنید (فوڈ سائنس اینڈ ٹکنالوجی) شامل تھے۔ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے طلبہ کو بین الاقوامی جامعات سے جوڑنے اور علمی امتیاز کو فروغ دینے کے لئے تعلیمی میلے کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے تحقیق و اختراع کے میدان میں اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
شرکت کرنے والی بین الاقوامی جامعات اور آئی ڈی پی ایجوکیشن کے نمائندوں نے اپنے تعلیمی پروگراموں، داخلے کی شرائط، وظائف اور درخواست دینے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر علی عمران نے کی، جبکہ ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ انچارج، ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی پروفیسر معینہ اطہر نے اظہار تشکر کیا۔
اے ایم یو کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی میں بین الاقوامی تعلیمی میلے کا انعقاد، 14 اساتذہ ایوارڈ سے سرفراز
