بہار
امارت شرعیہ نے بہار میں ووٹر رجسٹریشن کی وسیع تربیتی مہم (ٹریننگ) کاکیا آغاز
(پی این این)
پھلواری شریف: امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے ریاست بھر میں ووٹر رجسٹریشن مہم کو مؤثر اور منظم بنانے کے لیے ایک ہمہ جہت تربیتی پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کے تحت بہار کے تمام 534 بلاکوں میں سے ہر بلاک سے پانچ تا دس افراد کو منتخب جارہا ہے جو موبائل اور لیپ ٹاپ کے استعمال میں تکنیکی مہارت رکھتے ہیں۔ ان افراد کو ووٹر اینومیریشن فارم آن لائن بھرنے کی تربیت دی جا رہی ہے؛ تاکہ وہ اپنے علاقوں میں عوام کی رہنمائی کر سکیں۔
تربیتی سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر آج ایک آن لائن زوم میٹنگ منعقد کی گئی جس میں بہار کے مختلف اضلاع کے متعدد بلاک سے تقریباً دو سو افراد نے شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت خود امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض قائم مقام ناظم مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز معاون ناظم مولانا حسین احمد قاسمی مدنی کی پُراثر تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔
قائم مقام ناظم نے ابتدائی کلمات میں شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امارت شرعیہ نے جب جس وقت قوم کو ضرورت پڑی، ہر مہم میں مسلمانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پیش قدمی کی۔ وقف ایکٹ کے خلاف 29 جون کو گاندھی میدان بھرو تحریک، 9/ جولائی کو بہار بند کی کامیاب حمایت، اور اب ووٹر رجسٹریشن مہم کا آغاز اس کی واضح مثال ہے۔ اور ان شاء اللہ آئندہ بھی قوم کو جب، جس وقت، جیسی ضرورت پیش آئے گی، امارت شرعیہ کے تمام کارکنان ملت کی خدمت کے لیے کمربستہ نظر آئیں گے۔
اپنے صدارتی خطاب میں امیر شریعت نے ووٹر لسٹ میں نام شامل کرانے کوجمہوریت میں رہنے والے ہر مسلمان کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے شرکاء کو تاکید کی کہ اس مہم کو سنجیدگی سے لیں اور ہر ممکن کوشش کریں کہ ہر بالغ شہری کا نام ووٹر لسٹ میں شامل ہو۔ نیز یہ بھی فرمایا کہ جمہوری جد وجہد کرکٹ کے کھیل کی طرح نہیں بلکہ فٹ بال گیم کی طرح ہے جہاں ہر کھلاڑی کو ہر وقت مشغول اور چاق و چوبند رہنا ہوتا ہے۔
آپ نے واضح کیا کہ بعض اضلاع سے یہ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ بی ایل او حضرات کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فارم بغیر ضروری دستاویزات کے بھرنے پر زور دیا جا رہا ہے، جو کہ شفافیت کے اصول کے خلاف ہے۔امیر شریعت نے اس پس منظر میں زور دیا کہ تمام مطلوبہ ڈاکومنٹس کے ساتھ فارم بھرا جائے اور ووٹر فارم آن لائن بھرنے کو ترجیح دی جائے؛ تاکہ ہر اندراج کا مکمل ریکارڈ رہے اور کسی بھی طرح کی جعل سازی یا خرد برد کو روکا جا سکے۔
اس کے بعد امارت شرعیہ کی ریسرچ ٹیم کے فعال رکن مفتی قیام الدین قاسمی نے شرکاء کو تقریباً آدھے گھنٹے کی مفصل تربیت دی، جس میں ووٹر رجسٹریشن فارم بھرنے کا طریقہ، تکنیکی نکات، دستاویزات کی اہمیت، فارم بھرنے والوں کی چھ کیٹیگریز اور ہر کیٹیگری کے لیے ضروری دستاویزات اور بی ایل او کے کردار سے متعلق رہنمائی شامل تھی۔
میٹنگ کے دوران اور بعد میں شرکاء کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات امیر شریعت، مفتی قیام الدین قاسمی اور حافظ احتشام رحمانی نے دیے۔ یہ سیشن نہایت معلوماتی اور مؤثر رہا۔ آخر میں امیر شریعت کی دل سوز دعا پر اس بابرکت نشست کا اختتام ہوا۔
Bihar
مفتی محمد جاوید اقبال کی علمی کاوش ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ منظرِ عام پر
مونگیر:حضرت مولانا عبد الصمد رحمانیؒ کی معروف نصابی تصنیف ’’تیسیر القرآن‘‘ کی جامع اردو شرح ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ شائع ہوکر اہلِ علم، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان پہنچ چکی ہے۔ 556 صفحات پر مشتمل اس شرح کے مؤلف جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذِ حدیث مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی ہیں، جنہوں نے برسوں کی تدریسی تجربات اور محنت کے بعد اسے مرتب کیا ہے۔ اس علمی کاوش کی تکمیل پر امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی،دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
’’تیسیر القرآن‘‘ کا بنیادی مقصد طلبہ کو فہمِ معانی قرآن کریم سے قریب کرنا اور انہیں مفردات قرآنی ، معانی، مادّوں، صرفی صیغوں اور نحوی تراکیب سے روشناس کرانا ہے۔ اس میں غیر مکرر قرآنی الفاظ کو بنیاد بناکر قرآن کی لغوی ساخت سے واقفیت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ کتاب عربی و علومِ دینیہ کے طلبہ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
’’تکبیر الرحمن‘‘ میں قرآنی اقتباسات کا سلیس ترجمہ، لغوی و صرفی تحقیق، مادّوں اور مشتقات کی وضاحت، واحد و جمع، نحوی ترکیب اور دقیق قرآنی تعبیرات کی تشریح پیش کی گئی ہے۔ ہر سبق کے بعد تمرینات بھی شامل ہیں، جبکہ آخر میں بعض مشکل قرآنی مقامات کا حل پیش کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ شرح ’’تیسیر القرآن‘‘ کو سمجھنے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے میں طلبہ و اساتذہ کے لیے ایک مؤثر معاون بن گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ رحمانی کے شعبہ صحافت کے ایچ او ڈی جناب فضل رحمٰں رحمانی صاحب نے ایک پریس بیانیہ میں کیا۔
اس علمی کاوش کو امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے قرآنی زبان سے مناسبت پیدا کرنے والا ایک اہم تدریسی و تربیتی سرمایہ قرار دیا۔ فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے بھی اسے ’’تیسیر القرآن‘‘ کے مباحث کو آسان بنانے والی اہم شرح قرار دیا، جبکہ مولانا عبد الباسط محمد شرف الدین ندوی نے اپنی تحریر میں ’’تیسیر القرآن‘‘ کی علمی و تاریخی اہمیت اور ’’تکبیر الرحمن‘‘ کی ضرورت و افادیت کو اجاگر کیا ہے۔
مؤلف مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی کے مطابق اس شرح کی تیاری کا مقصد طلبہ کو ’’تیسیر القرآن‘‘ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے خصوصاً مولانا مفتی ریاض احمد قاسمی کی حوصلہ افزائی اور روزانہ سبق کی تصحیح کا ذکر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ساتھ ہی مصنف نے اپنے اساتذہ و مشائخ، بالخصوص مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانیؒ، نیز جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث حضرت مولانا عبد السبحان صاحب رحمانیؒ اور مولانا مفتی محمد انظر حسین قاسمی کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا، جن کی حوصلہ افزائی سے یہ کام تکمیل تک پہنچا۔واضح رہے کہ مولانا نے اس کتاب پر کام کرنے کا سلسلہ ان بزرگوں کی حیات میں ہی شروع کر دیا تھا۔
اہلِ علم کے مطابق ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ قرآن کریم کی لغوی، صرفی اور نحوی تعلیم کے میدان میں ایک مفید اضافہ ہے اور مدارس کے طلبہ، اساتذہ اور قرآن کریم کو ترجمے کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے کے خواہش مند اردو داں حضرات کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوسکتی ہے۔کتاب کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کتاب حاصل کرنے کے لیے دارالاشاعت خانقاہ مونگیر رابطہ کریں یا 7352174847 پر واٹس ایپ کریں۔
Bihar
چوتھی جماعت کی طالبہ سےچھیڑچھاڑ،ٹیچر گرفتار
دربھنگہ: سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کی بھرہلی پنچایت واقع سرکاری مڈل اسکول، کورا میں چوتھی جماعت کی نابالغ طالبہ سے مبینہ چھیڑخانی کے معاملے پر بدھ کو زبردست ہنگامہ ہوگیا۔ واقعے سے مشتعل مقامی لوگوں نے اسکول کا گھیراؤ کرتے ہوئے ملزم سرکاری ٹیچر راجیش پاسوان کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔اہل خانہ کے مطابق طالبہ نے گھر پہنچ کر واقعے کی اطلاع دی۔ بعد میں 2 دیگر نابالغ طالبات کی جانب سے بھی ملزم سرکاری ٹیچر کے خلاف شکایت کی بات سامنے آئی۔ ملزم کے اسکول سے فرار ہونے پر لوگوں نے ہیڈ ماسٹر بٹکُریا موچی اور سرکاری ٹیچر وجے پاسوان پر اسے فرار کرانے میں مدد کرنے کا الزام عائد کیا۔
ہنگامے کی اطلاع پر سنگھواڑہ تھانہ صدر بسنت کمار پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر صدر ایس ڈی پی او-2 ایس کے سمن، سی او انکور رائے، سمری تھانہ صدر اروند کمار سمیت اضافی پولیس فورس کو بھی طلب کیا گیا۔ پولیس نے بھیڑ کو قابو میں کرکے صورتحال معمول پر لائی۔پولیس کے مطابق ملزم راجیش پاسوان کے خلاف پوکسو ایکٹ اور بی این ایس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے سمری تھانہ پولیس کی مدد سے بھراٹھی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بی ای او ونود کمار نے بتایا کہ ملزم سرکاری ٹیچر کی معطلی کی سفارش اعلیٰ افسران سے کی جارہی ہے۔
، جبکہ ہیڈ ماسٹر اور ایک دیگر سرکاری ٹیچر پر عائد الزامات کے سلسلے میں وضاحت طلب کی جارہی ہے۔
Bihar
مرحوم ٹیچر کے اہل خانہ کو ڈسٹرکٹ ٹیچر ویلفیئر ٹرسٹ نے دی 75 ہزار کی امداد
گیا۔ کونچ بلاک کے مڈل اسکول بالی کے ہیڈ ماسٹر مرحوم دیودت تیواری کے اچانک انتقال کے بعد ڈسٹرکٹ ٹیچر ویلفیئر ٹرسٹ نے ان کے اہل خانہ کو 75 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی۔
مرحوم دیودت تیواری کا گزشتہ منگل کو حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا تھا۔ وہ اپنے پیچھے اہلیہ آرادھنا تیواری، بارہویں جماعت میں زیرِ تعلیم بیٹا اور دسویں جماعت میں زیرِ تعلیم بیٹی چھوڑ گئے ہیں۔ مرحوم خاندان کے واحد کمانے والے فرد تھے۔
انتقال کی اطلاع ملنے پر ٹرسٹ کی ہنگامی میٹنگ میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے مرحوم کی روح کے اطمینان کے لیے دعا کی گئی اور ضابطے کے تحت 75 ہزار روپے کی امداد کا فیصلہ کیا گیا۔
ٹرسٹ کے صدر منوج کمار سنہا، سکریٹری اروند کمار، بانی رکن و ضلع نائب کوآرڈینیٹر اشوک کمار، خزانچی سرپرست اروند پرساد اور ضلع کوآرڈینیٹر محمد حیدر علی خان کی قیادت میں وفد پٹنہ کی شیوپوری کالونی میں مرحوم کے آبائی مکان پہنچا، جہاں اہلیہ آرادھنا تیواری کی موجودگی میں ان کی بیٹی اپراجیتا کماری کو 75 ہزار روپے کا چیک سونپا گیا۔
اس موقع پر ٹرسٹی ویرندر کمار، جتیندر کمار، ڈاکٹر نریندر دیو، منوج کمار نرالا، نیہا کماری، سریندر کمار چودھری اور میڈیا انچارج ابو فیصل سمیت متعدد اساتذہ موجود تھے۔ ٹرسٹ کے عہدیداران نے کہا کہ مشکل وقت میں کسی ساتھی استاد کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حقیقی ہمدردی ہے۔ انہوں نے ضلع کے تمام اساتذہ سے ٹرسٹ سے جڑنے کی اپیل بھی کی۔
-
بہار10 months agoفوقانیہ اور مولوی کےامتحانات 19 سے 25 جنوری تک ہوں گے منعقد
-
دلی این سی آر2 years agoدہلی میں غیر قانونی بنگلہ دیشیوں کے خلاف مہم تیز، 175 مشتبہ شہریوں کی شناخت
-
دلی این سی آر2 years agoاقراءپبلک اسکول سونیا وہارمیں تقریب یومِ جمہوریہ کا انعقاد
-
دلی این سی آر2 years agoاشتراک کے امکانات کی تلاش میں ہ ±کائیدو،جاپان کے وفد کا جامعہ ملیہ اسلامیہ کا دورہ
-
دلی این سی آر2 years agoجامعہ :ایران ۔ہندکے مابین سیاسی و تہذیبی تعلقات پر پروگرام
-
بہار1 year agoحافظ محمد منصور عالم کے قاتلوں کو فوراً گرفتار کرکے دی جائےسخت سزا : مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی
-
محاسبہ2 years agoبیاد گار ہلال و دل سیوہاروی کے زیر اہتمام ساتواں آف لائن مشاعرہ
-
محاسبہ2 years agoجالے نگر پریشد اجلاس میں ہنگامہ، 22 اراکین نے کیا بائیکاٹ
