(پی این این)
دیوبند:جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی کی مجلس منتظمہ کا ایک اہم اجلاس آج یہاں مدرسہ کاشف العلوم پوربالیان میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جمعیۃ علماء تحصیل کھتولی کے صدر مولانا محمد ہاشم نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مفتی مجیب ندوی اور مولانا خالد نے مشترکہ طور پر انجام دیے۔ اجلاس میں تحصیل بھر سے علمائے کرام، ائمہ مساجد اور ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مفتی محمد ظفر قاسمی ناظم تنظیم جمعیۃ علماء اترپردیش نے تنظیم کی مضبوطی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کا اصل سرمایہ اس کے مخلص کارکنان ہیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ تحصیل اور گاؤں کی سطح پر یونٹوں کو مزید فعال بنایا جائے تاکہ ہر گھر تک جمعیۃ کا پیغام پہنچ سکے۔نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش مفتی بنیامین قاسمی نے اصلاحِ معاشرہ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں بڑھتی ہوئی برائیوں اور فضول خرچی کے خاتمے کے لیے علمائے کرام کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے نکاح کو آسان بنانے اور اسلامی اقدار کو اپنانے کی اپیل کی۔
جمعیۃ علماء مغربی اترپردیش کے سکریٹری مولانا محمد موسیٰ قاسمی نے’سدبھاؤنا منچ‘ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان، قومی یکجہتی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کے ساتھ مل بیٹھنا اور آپسی غلط فہمیوں کو دور کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش قاری عبد المعید چودھری نے’ماڈل ولیج‘ کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے دیہاتوں کو صفائی ستھرائی، تعلیم اور باہمی اخوت کا مثالی نمونہ بنانا چاہیے، جس میں مقامی مساجد کا کردار مرکزی ہونا چاہیے۔مولانا سید سعد خانجہانپوری نے دینی تعلیمی بورڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے ایمان و عقیدے کے تحفظ اور معیاری تعلیم کے لیے ہر بستی میں مکاتب کا قیام اور ان کا منظم نظام بے حد ضروری ہے۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع مظفرنگر مفتی عبد القادر نے ‘مثالی مسجد’ کے عنوان پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو صرف نمازوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں سماجی اصلاح، تعلیم اور خدمتِ خلق کا مرکز بنایا جائے۔
نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع مظفرنگر مولانا محمد عمران رشیدی نے موجودہ ملی مسائل اور عوامی بیداری پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دستاویزات کی درستگی، مردم شماری اور سرکاری اسکیموں سے متعلق عوام کی رہنمائی کرنا ہماری اہم ذمہ داری ہے۔اجلاس کے دوران عوامی و ملی فلاح سے متعلق اہم تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
قاری جاوید ارشادی نے دینی تعلیمی بورڈ، مولانا احسان الحق نے سدبھاؤنا منچ، مولانا عبد الکریم نے اصلاحِ معاشرہ، مولانا لقمان نے مردم شماری و ایس آئی آر (SIR) اور مفتی عدنان نے نکاح کاؤنسلنگ کی تجاویز پیش کیں۔ ان تجاویز پر قاری عبد الرحمن، ڈاکٹر اخلاق، قاری محفوظ، مفتی فاروق، مولانا رضوان اور مفتی فرمان وغیرہ نے تائیدی کلمات پیش کیے، جس کے بعد تمام تجاویز کو اتفاقِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔اجلاس کے خصوصی شرکاء میں مفتی عبد الجبار، قاری محبت دین، صوفی انوار، ڈاکٹر اقبال، آفاق خان، مولانا شاہنواز سٹھیڑی، مولانا رضوان نگلہ، قاری محفوظ پھلت، مولانا عبد الصمد اور مولانا عبد الکریم سمیت علاقے کے متعدد معززین و علمائے کرام موجود رہے۔ آخر میں صدرِ اجلاس مولانا محمد ہاشم نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ملک و ملت کی ترقی و سلامتی کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
