(پی این این)
بلرام پور:اتر پردیش میں تیز رفتاری کا قہر دیکھنے کو ملا، جہاں بدھ کی دیر رات بلرام پور-اترولا روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے کی بھیانک ٹکر میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کی زد میں راہگیر بھی آگئے۔ یہ حادثہ اترولا تھانہ علاقے کے اکسی بڑہرا گاؤں کے قریب رات تقریباً 11 بجے پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں موٹر سائیکلیں بری طرح تباہ ہو گئیں۔ حادثے میں ایک بکری کی بھی موت ہو گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کرایا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی خود جائے حادثہ پر پہنچے۔ حادثے کی ایک وجہ کہرے کو بھی مانا جا رہا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ مارتنڈ پرکاش سنگھ نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھجوایا۔ زخمیوں کی تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈاکٹروں نے انہیں بہتر علاج کے لیے دوسرے اسپتال ریفر کر دیا ہے۔ پولیس نے حادثے کی اطلاع مہلوکین کے اہل خانہ کو دے دی ہے۔
حادثے میں جان گنوانے والوں میں غفران (18) ولد نور، ساکن گاؤں بردہی، کوتوالی اترولا؛ سلیم (20) ولد محمد رئیس، ساکن بڑہرا خورد، گوریاں ڈی ہی، کوتوالی اترولا؛ رحمت (30) ولد فیصل، ساکن چندراپور چتائی، تھانہ شری دت گنج؛ توفیق (19) ولد معین الدین، ساکن چھپر تلوا، تھانہ سداللہ نگر اور محمد فاروق (20) ولد حیدر، ساکن بڑہرا خورد، کوتوالی اترولا شامل ہیں۔
دوسری جانب، اس حادثے میں مجمل خان (20) ولد سکندر علی اور ناہید علی (18) ولد سمیر علی، دونوں ساکن بڑہرا خورد، گوریاں ڈی ہی، کوتوالی اترولا، شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو بہتر علاج کے لیے دوسرے اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مشترکہ ضلع اسپتال، بلرام پور بھیج دیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر پولیس سپرنٹنڈنٹ مارتنڈ پرکاش سنگھ نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود پولیس افسران کو ضروری قانونی کارروائی کرنے اور حادثے کی وجوہات کی تفصیلی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔ ابتدائی معائنے کے دوران جائے حادثہ سے دو بری طرح تباہ شدہ موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔ ان میں ایک ٹی وی ایس اسپورٹ اور دوسری ٹی وی ایس رائڈر ہے۔
اس کے علاوہ جائے حادثہ سے دو ٹوٹے ہوئے ہیلمٹ بھی ملے ہیں اور ایک بکری بھی مردہ پائی گئی ہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دونوں موٹر سائیکلوں کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر کے بعد کچھ پیدل چلنے والے افراد بھی اس کی زد میں آگئے۔ پولیس نے جائے حادثہ سے ضروری شواہد جمع کر لیے ہیں۔ حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔ تمام پہلوؤں کی تحقیقات کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
