(پی این این)
مدھوبنی:بہار کے مدھوبنی ضلع میں ایک سی ڈی پی او کی حرکت جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ اس خاتون افسر پر حکومت کے کروڑوں روپے ایک نجی بینک کھاتے میں منتقل کرنے کا الزام ہے۔ دراصل ہرلا کھی بال وکاس پروجیکٹ دفتر کے ایس بی آئی کھاتے سے ایک نجی شخص کے دو بینک کھاتوں میں 3 کروڑ 21 لاکھ 35 ہزار 61 روپے منتقل کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ محکمہ جاتی جانچ میں سرکاری رقم کی اس مبینہ غیر قانونی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔
ضلع پروگرام افسر (آئی سی ڈی ایس) ڈاکٹر للتاکماری کی تحریری درخواست پر ہرلا کھی تھانے میں سابق سی ڈی پی او پلوی کماری، نجی بینک کھاتہ دار کمار ابھینو سمیت کئی افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ درج ایف آئی آر کے مطابق، ضلع اکاؤنٹس افسر، ضلع پروگرام افسر (آئی سی ڈی ایس) اور معاون ضلع اکاؤنٹس افسر کی ٹیم نے ہرلا کھی بال وکاس پروجیکٹ دفتر کے مالیاتی ریکارڈ اور بینک کھاتوں کی تفصیلات کی جانچ کی تھی۔
جانچ کے دوران ابتدائی طور پر اس بات کی تصدیق ہوئی کہ سرکاری رقم غیر قانونی طریقے سے نجی بینک کھاتوں میں منتقل کی گئی تھی۔جانچ میں پتہ چلا کہ پروجیکٹ دفتر کے ایس بی آئی بینک کھاتے سے ایک نجی شخص کمار ابھینو کے آئی سی آئی سی آئی بینک کھاتے میں 79 لاکھ 82 ہزار 609 روپے اور ایچ ڈی ایف سی بینک کھاتے میں 2 کروڑ 41 لاکھ 52 ہزار 452 روپے منتقل کیے گئے۔
اس طرح دونوں کھاتوں میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 21 لاکھ 35 ہزار 61 روپے بھیجے گئے۔محکمہ نے اس معاملے میں اس وقت کی سی ڈی پی او پلوی کماری، نجی بینک کھاتہ دار کمار ابھینو اور مبینہ غیر قانونی رقم منتقلی میں شامل دیگر معلوم و نامعلوم ملازمین اور بینک افسران کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) اور انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ معاملے کی تفتیش کی ذمہ داری سب انسپکٹر دیپک کمار کو سونپی گئی ہے۔
ہرلا کھی کی سابق سی ڈی پی او پلوی کماری فی الحال دربھنگہ ضلع کے جالے بلاک میں سی ڈی پی او کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد پولیس بینک کھاتوں میں ہونے والے لین دین اور اس میں ملوث افراد کے کردار کی جانچ کرے گی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نجی بینک کھاتہ دار کمار ابھینو، پلوی کماری کا رشتہ دار ہے۔ تاہم، ابھی تک اس رشتے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
