دیوبند:(پی این این)دیوبندکے معروف وقدیم عصری تعلیم کے ادارہ اسلامیہ انٹر کالج دیوبند میں مشن شکتی مہم کے تحت درجہ 12؍ ڈی کی طالبہ صوفیہ دختر نظام الدین کو ایک دن کے لئے پرنسپل مقرر کیا ۔اس پہل کا مقصد طالبات میں خود اعتمادی ،قیادت کی صلاحیت پیدا کرنا اور خواتین کی طاقت کو مزید مضبوط کرنا اور اس سوچ کو آگے بڑھانا ہے ۔
اس موقع پر طالبہ صوفیہ نے ایک دن کی پرنسپل کے طور پر ادارہ کے کام کرنے کے طور طریقوں کو سمجھا اورقیادتک ی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے تجربہ حاصل کیا ۔اس اقدام کے ذریعہ سے طالبات کو اپنے حقوق ،فرائض اور ذمہ داریوں کے تئیں بیدار کرنے میں مدد ملی اور ساتھ ساتھ مستقبل میں تمام طالبات کو اس طرح کے فرائض نبھانے کے لئے بیدار کیا گیا ۔ اسلامیہ انٹر کالج دیوبندکے پرنسپل قاضی اوصاف عالم نے کہا کہ مشن شکتی جیسے پروگرام طالبات کو خود انحصار ی ،خود اعتمادی کے ساتھ قیادت کی صلاحیت پیدا کرنے میں بہت زیادہ مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ بیٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ،انہیں اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا ،ان کے دل ودماغ میں حفاظت کے احساس کو بیدار کرنا ،نیز عزت وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا سلیقہ اور حوصلہ پیدا کرنا نہایت ضروری ہے۔ ادارہ میں منعقداس پروگرام اور طالبات کوذہنی طور پر بے خوف اور طاقت ور بنانے کے قدم کو ان میں قیادت کی صلاحیت بیدار کرنے اور ترقی کی مناز واپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے حوصلہ افزاء واہمیت کا حامل بتایا گیا ہے ۔اس موقع پر ادارہ کے پرنسپل اساتذہ وطالبات موجود رہیں ۔
