(پی این این)
حاجی پور؍وِیشالی:انڈیا اتحاد کی ہدایت پر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر آج انڈیا اتحاد کے کارکنان نے ضلع کے مختلف بلاک ہیڈکوارٹر پر زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے نذرِ آتش کیے گئے۔
احتجاج کی قیادت آر جے ڈی کے بلاک قائم مقام صدر رام اشلوک رائے، کانگریس بلاک صدر چندن جھا اور وی آئی پی صدر رام ناتھ سہنی نے کی۔ اس دوران کارکنان نے الیکشن کمیشن کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور ووٹر لسٹ میں SIR کے نام پر بے ضابطگی کا الزام عائد کیا۔
یوتھ آر جے ڈی کے ضلع صدر سنجے پٹیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر جانب داری سے کام نہیں کر رہا ہے اور جمہوریت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ اس لیے چیف الیکشن کمشنر کو اخلاقی بنیاد پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔ انتہائی پسماندہ کانگریس کے ضلع صدر اتم ٹھاکر نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے متعلق اٹھنے والے سوالات کی مناسب جانچ کر کے ضروری کارروائی کی جانی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام انڈیا اتحاد کی ریاست گیر اپیل پر منعقد کیا گیا ہے۔ اتحاد کے رہنماؤں اور کارکنان نے کہا کہ جب تک چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ نہیں دیتے، تب تک انڈیا اتحاد کی تحریک جاری رہے گی۔ اس موقع پر سنت پرساد سنگھ، یوتھ بلاک صدر سنیل رائے، دلیپ رائے، اتم ٹھاکر، کرشن نندن سہنی، راج کشور کمار، شیو جی سہنی، دلیپ ٹھاکر، بلرام رائے، سنجیو یادو، سکل دیپ رائے، دیوانند کشواہا، جتیندر لوہیا، جے پرکاش رائے، منّا خان، طاہر عالم، وکاس کشواہا، ابھیر اج کمار، وکاس کمار، محمد سلیم سمیت سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔ وہیں پاتے پور بلاک علاقہ میں راجد پارٹی کے بلاک صدر جناب مقبول عالم انصاری کی قیادت میں زبردست احتجاج کیا گیا۔
وہیں ضلع کے مہوا، مہنار، سہدئ بزرگ، گورول، دیسری، بدو پور، بھگوان پور، پٹیڑھی بیلسر، حاجی پور سمیت دیگر بلاک علاقہ میں بھی عظیم اتحاد کے لوگوں نے زبردست احتجاج کیا۔
