ارریہ:جمہوریت، آئین اور حقِ رائے دہی کے تحفظ اور انتخابی عمل میں شفافیت و غیر جانب داری کے مطالبے کو لے کر انڈیا اتحاد، ارریہ کے زیرِ اہتمام بدھ کے روز “ووٹ بچاؤ-دیش بچاؤ” مارچ نکالا گیا۔ مارچ کی قیادت انڈیا اتحاد میں شامل مختلف جماعتوں کے ضلعی صدور نے مشترکہ طور پر کی۔ مارچ میں ہزاروں کی تعداد میں عام شہری، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان شریک ہوئے۔ مارچ نیتاجی سبھاش چندر بوس اسٹیڈیم سے شروع ہوکر چاندنی چوک پہنچا، جہاں انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی موجودگی میں پتلا نذرِ آتش کیا گیا۔ اس موقع پر “ووٹ بچاؤ دیش بچاؤ” اور “جمہوریت بچاؤ آئین بچاؤ” کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ پروگرام میں ارریہ کے رکن اسمبلی عابد الرحمن، کانگریس کے ضلعی صدر معصوم رضا، وی آئی پی کے ضلعی صدر شیامانند سنگھ نشاد، سی پی آئی رہنما نوشاد عالم اور آر جے ڈی کے ضلعی صدر ابیانش آنند سمیت انڈیا اتحاد میں شامل مختلف جماعتوں کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔ رہنماؤں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام کا ووٹ ان کی سب سے بڑی طاقت اور حکومت منتخب کرنے کا بنیادی حق ہے۔ ووٹر لسٹ اور انتخابی عمل سے متعلق اٹھنے والے سوالات کا غیر جانب دارانہ، شفاف اور قابلِ اعتماد طریقے سے حل ضروری ہے۔ کسی بھی اہل شہری کو اس کے حقِ رائے دہی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔ چاندنی چوک پر پتلا نذرِ آتش کیے جانے کے بعد انڈیا اتحاد کی جانب سے معزز صدرِ جمہوریہ کے نام ضلع مجسٹریٹ، ارریہ کے توسط سے ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔ میمورنڈم میں انتخابی عمل سے متعلق سوالات کی غیر جانب دارانہ جانچ، ووٹر لسٹ میں مکمل شفافیت اور جمہوری و آئینی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ کیا گیا۔
اس موقع پر سی پی آئی (ایم ایل) کے رام ولاس یادو، اندرآنند پاسوان، شمبھو رشی دیو، موہندر چَوپال اور آنندی رام، سی پی آئی کے گیرانند پاسوان، نوشاد عالم، محمد ودود، اشوک شریواستو، ابھیشیک پاسوان، رام ونے رائے، چندر شیکھر اور اجیت پون، کانگریس کے ستیہ نارائن مہتا، رحمت علی، سیف علی خان، ممتاز اسلام، رام دھاری یادو، بل کرشن یادو، سروج سنگھ، پرشانت یادو، جے۔ڈی یادو، اماند منڈل، شیخ طالب، گلشن آرا، افسانہ حسن اور ششی بھوشن جھا سمیت متعدد رہنما و کارکنان موجود رہے۔ وی آئی پی کے یوتھ ضلعی صدر رندھیر کمار نشاد، 51 سکٹی اسمبلی حلقہ کے سابق امیدوار ہری نارائن پرمانک، وی آئی پی ضلعی آئی ٹی سیل کے جتیندر بہردار اور یوتھ بلاک صدر سکٹی ابھیشیک کمار منڈل سمیت انڈیا اتحاد کے دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے بھی مارچ میں شرکت کی۔
