(پی این این)
نوادہ: بہار کے نوادہ میں پولیس ٹیم پر جان لیوا حملہ کیا گیا۔ بلوآہی بھیکھم پورہ گاؤں میں ڈائل 112 اور مقامی تھانے کی پولیس ٹیم کے ساتھ گاؤں والوں نے مارپیٹ کی اور پتھراؤ کیا۔ اس کے علاوہ ایک خاتون سپاہی کے ساتھ بدتمیزی بھی کی گئی۔ اس واقعے میں ڈائل 112 کے ڈرائیور اور ایک خاتون سپاہی کو چوٹیں آئی ہیں۔معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے تین خواتین اور آٹھ مردوں سمیت 11 ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون سپاہی کی ویڈیو بنانے سے منع کرنے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہفتے کی رات بلوآہی بھیکھم پورہ کے گاؤں والوں نے ڈائل 112 کو اطلاع دی تھی کہ انہوں نے ایک معاملے میں ایک شخص کو پکڑ رکھا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم گاؤں پہنچی اور گاؤں والوں سے معاملے کی تفصیلات معلوم کر رہی تھی۔ اسی دوران کچھ لوگ خاتون سپاہی کی ویڈیو بنانے لگے اور اس کے ساتھ بدتمیزی کرنے لگے۔جب پولیس اہلکاروں نے اس کی مخالفت کی تو کچھ لوگوں نے خاتون کانسٹیبل کی پستول کو ہاتھ لگانے کی کوشش کی۔ خاتون سپاہی نے جب ویڈیو بنانے والوں کو ایسا کرنے سے منع کیا تو ہنگامہ شروع ہوگیا۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر تھانہ انچارج کو اس کی اطلاع دی گئی۔اطلاع ملتے ہی اے ایس آئی پپو کمار کی قیادت میں پولیس ٹیم موقع پر پہنچی۔
الزام ہے کہ پولیس کو دیکھتے ہی گاؤں والوں نے اس پر اینٹ پتھر برسانا شروع کر دیا۔ اس دوران پولیس اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی۔ اس سے موقع پر افراتفری مچ گئی، جس کے بعد پولیس ٹیم واپس لوٹ آئی۔چند گھنٹے بعد بڑی تعداد میں پولیس اہلکار گاؤں پہنچے اور وہاں جمع بھیڑ کو کھدیڑ کر منتشر کر دیا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے حملے کے الزام میں 11 افراد کو گرفتار کر کے تھانے لے آئی۔
اس معاملے میں نرہٹ تھانہ انچارج گوتم کمار نے بتایا کہ پتھراؤ کے باعث ڈائل 112 کے ڈرائیور سمیت خاتون پولیس اہلکار کو چوٹیں آئی ہیں۔ دونوں کا علاج کرایا گیا ہے۔ کچھ شرپسند عناصر نے پولیس کو اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین خواتین اور آٹھ مردوں سمیت 11 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس اہلکاروں پر حملہ کرنے، مارپیٹ کرنے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ پولیس قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے۔ اس معاملے میں کچھ دیگر ملزمین بھی ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔
نوادہ میں پولیس ٹیم پر اینٹ اور پتھرسے حملہ، خاتون سپاہی کی ویڈیو بنانے پر بڑھا تنازع، 11 افراد گرفتار
