(پی این این)
پھلواری شریف:امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال کے ناظم، حضرت مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی ماہِ اکتوبر کے وسط میں عمرہ کے مبارک سفر پر حرمین شریفین تشریف لے گئے تھے، /31 اکتوبر کو آپ بحمداللہ خیر و عافیت کے ساتھ پٹنہ واپس تشریف لائے۔
اس موقع پر دفترِ امارتِ شرعیہ، پھلواری شریف کے ذمہ داران اور متعلقین نے والہانہ استقبال کیا، حضرت ناظم صاحب کی واپسی پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا گیا اور ان کی خدمت میں ہدیۂ تبریک پیش کیا گیا، اس موقع پر ایک دعائیہ نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں سفرِ عمرہ کی روح پرور یادوں اور حرمین شریفین میں گزارے گئے بابرکت لمحات کا تذکرہ کیا گیا۔
نشست کے دوران حضرت ناظم صاحب نے اپنے سفر کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ بیت اللہ شریف پر پہلی نظر پڑتے ہی دل فرحت و عقیدت اور محبت کے جذبات سے سرشار ہوگیا اور بے اختیار آنکھیں اشک بار ہوگئیں، حرمِ کعبہ میں طواف، صفا و مروہ کے درمیان سعی اور دیگر مقاماتِ مقدسہ پر بارگاہِ الٰہی میں نہایت عاجزی و انکساری کے ساتھ دعائیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سفر میں بالاہتمام امیرِ شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ العالی، امارتِ شرعیہ کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور متعلقین کے لیے صحت و سلامتی، نیز امارتِ شرعیہ کی ترقی، استحکام اور مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
مدینہ منورہ میں حاضری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ روضۂ رسولؐپر حاضر ہوکر بارگاہِ رسالت میں سلام کا نذرانہ پیش کیا اور تمام متعلقین و احباب کے لیے دعائے خیر کی،آپ نے مزید فرمایا کہ ان دنوں سرزمینِ حجازحالات کی کشیدگی سےدوچار رہے ، جس کے باعث فضا میں بے چینی اور خوف سا ماحول تھا؛ تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور آپ حضرات کی دعاؤں کی برکت سے سفر کے دوران کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
الحمدللہ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا سفر بخیر و عافیت مکمل ہوا اور امن و سلامتی کے ساتھ واپسی ہوئی، آپ نےکہاکہ میں دعاء کرتاہوں اللہ تعالیٰ ہم سب کو بار بار حرمین شریفین کی بابرکت حاضری، بیت اللہ کے طواف اور بارگاہِ رسالت ﷺ میں حاضری و سلام کی سعادت نصیب فرمائے، نشست کے آغاز میں قائم مقام ناظم مولانا مفتی سہراب ندوی نے اپنے رفقا کے ساتھ حضرت ناظم صاحب کا استقبال کرتے ہوئے ان کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا اور سفرِ عمرہ کی بخیر و عافیت تکمیل پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
اس موقع پر انہوں نے حضرت ناظم صاحب کی خدمت میں کلماتِ تشکر و خیرمقدم پیش کیے اور ان کے سفر کو باعثِ برکت قرار دیا، حضرت ناظم صاحب کی آمد پر ان کا استقبال کرنے میں صدر قاضی شریعت مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی، نائب ناظم مولانا مفتی سہراب ندوی ، معاون ناظم مولانا ابوالکلام شمسی، مولانا ممتاز عالم، مولانا صابر صاحب قاسمی،مولانا محمد شارق رحمانی ،مولانا نیازعالم قاسمی اور دیگر متعدد ذمہ داران و کارکنان شامل تھے ، نشست کے اختتام پر حضرت ناظم صاحب کی رقت آمیز دعاء ہوئی ، جس میں امارتِ شرعیہ کی ترقی و استحکام، اس کے ذمہ داران و کارکنان کی صحت و عافیت، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور تمام حاضرین کے لیے خیر و برکت کی دعائیں کی گئیں،قابلِ ذکر ہے کہ اس مبارک سفر میں حضرت ناظم صاحب کی اہلیہ محترمہ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
ناظم امارت شرعیہ کی عمر ہ سے واپسی پر امارت شرعیہ میں دعائیہ نشست منعقد
