(پی این این)
مدھوبنی(سنگرام):مدھوبنی کے قصبہ سنگرام میں قائم معروف ومشہوردینی وعصری دانش گاہ مدنی پبلک اسکول سنگرام میں ،تعلیمی سال 2026میں پاس آوٹ ہونے والے ابنائے قدیم طلبا کی کامیابیوں، تخلیقی صلاحیتوں اوران کی کثیرجہتی صلاحیتوں کا اعزازکرنے کے لئے ایک پروقار تقریب منعقدہوئی۔
خانوادہ مدنی کی روایتوںکے امین ،جمعیۃعلمائ اترپردیش کے سکریٹری اورمدنی پبلک اسکول سنگرام کے بانی مولانا سیدحسن اسجدمدنی نے تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی ، جبکہ بلاک بی ڈی او پنکج دیکشت بطورمہمان اعزازی شریک تھے ، آنندہاسپیٹل اینڈٹراماسینٹرکے ڈاکٹرآنندموہن ،مدرسہ عافیہ سنگرام کے ناظم مفتی انواراحمدقاسمی ، قاری عبدالمجیدکے ساتھ دیگر تعلیمی وسماجی کارکنان کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی مولانا سیدحسن اسجدمدنی نے اپنے مختصرمگر جامع صدارتی خطاب میں طلبا کو زندگی میں بلند مقاصد متعین کرنے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے پوری لگن، محنت اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی نصیحت کی۔
انہوں نے طلبا کومتنبہ کیا کہ یہ آپ کی بنیادی اورپہلی کامیابی ہے ، آپ کا یہ سفر صرف اچھے نمبر حاصل کرنے تک محدود نہ ر ہے، بلکہ آپ قوم وملت کے لئے بہترسے بہترکرنے کی کوشش برابرجاری رکھیں ،تب ہی آپ معاشرہ وسماج میں ایک اچھے انسان کہلانے کے مستحق ہوں گے۔
انہوںنے خاص طورپر اعزازپانے والے طلبا کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آگے کی تعلیم میں امتیازی حیثیت برقراررکھنے کے لئے مسلسل محنت کرنا بے حدضروری ہے۔ یہ ایک اہم اوربنیادی اصول ہے کہ مسلسل محنت ،سچی لگن اور خود اعتمادی کے ذریعہ ہی انسان زندگی کے بڑے سے بڑے مقاصد حاصل کر سکتا ہے،آپ کے لئے ضروری ہے کہ ان اصولوںپرآگے بڑھیں ،اسکول انتظامیہ کی بھی یہی کوشش ہے کہ آپ سماج کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اورایک ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں ،آگے کی تعلیم میں اگرآپ کوکہیں پرہماری ضرورت محسوس ہوتی ہے، توآپ اسکول انتظامیہ سے رابطہ کریں حتی المقدوراسے دورکرنے کی پوری کوشش کی جائے گی، تاکہ آپ کے آگے کی تعلیم بغیر کسی روکاوٹ کے جاری رہ سکے ۔
اخیرمیں مولانا حسن اسجدمدنی نے طلبا کو بڑے خواب دیکھنے،متعین کردہ اہداف کے لیے جدو جہد کرنے، معاشرتی طرززندگی میں مثبت کردار ادا کرنے اوراپنے والدین سے حسن سلوک کی بھی ترغیب دی۔ جھنجھارپوربلاک کے بی ڈی او پنکج دیکشت نے بھی اپنے خطاب میں طلبا کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی ترغیب دی۔
آننداسپتال سمراکے ڈاکٹرآنند سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا اوراسکول انتظامیہ کی جانب سے ہونہار طلبا کی صلاحیتوں کے اعتراف میں حوصلہ افزائی اوراعزازسے نوازے جانے کی اس کوشش کو قابل ستائش قرار دیا۔
پروگرام کے اختتام پر اسکول کے ڈائرکٹرمحمد سعداللہ نے تمام طلبا، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں ان کی اپنی محنت کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کا تعاون بھی کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے اسکول کی تعلیمی وانتظامی امورکو بھی تفصیل سے حاضرین کے سامنے رکھا اور بتایاکہ اس وقت یہاں تعلیم حاصل کرنے والے بچوںکو کیا کیا سہولیات مہیاکرائی جارہی ہیں ، اسکول کے اساتذہ کی بھی شال اوڑھاکر عزت افزائی کی گئی،انہوںنے آنے والے تمام مہمانوں کا شکر یہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔پروگرام کی نظامت جناب محمد امجدنے بحسن وخوبی انجام دیا۔
تقریب میں پرنسپل اسکول مولانا ظفراللہ قاسمی کے علاوہ محمد ارشادعالم ندوی ، قاری عبدالمجید، سابق مکھیاسنگرام جناب عبدالرشید، جناب انظارعالم ،ممبرضلع پریشد محمد رضائ الدین، محمد انظرعالم ،رام سیوک، محمد ربانی،خلیل احمد، عمرفاروق،افتخاراحمد، سمن کمارمہتو،قاری فرقان احمدوغیرہ ودیگر معززین علاقہ بڑی تعدادمیںموجودتھے ۔
طلبہ کیلئے خوداعتمادی ، محنت اور معاشرتی ذمہ داریوں کو سمجھنا ضروری ، تعلیم کے ساتھ ساتھ طالب علم کی ہونی چاہیے کردارسازی ،مدنی پبلک اسکول سنگرام میں منعقد حوصلہ افزائی تقریب سے مولانا سیدحسن اسجدمدنی کا خطاب
