بیگوسرائے:مدرسہ قاسمیہ بحرالعلوم بارو، بیگوسرائے میں ایک باوقار اجلاس کے دوران “حیات سبحانی: نقوش و تاثرات” کا رسمِ اجرا عمل میں آیا۔ یہ کتاجامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے سابق استاذِ حدیث حضرت مولانا عبدالسبحان رحمانیؒ کی حیات و خدمات پر مشتمل علمی و ادبی مضامین کا قیمتی مجموعہ ہے، جسے ممتاز صاحبِ قلم مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی نے تصنیف کیا ہے۔
تقریب میں علمائے کرام، حفاظ اور دانشورانِ ملت کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مدرسہ قاسمیہ بحرالعلوم ضلع کا ایک معروف ادارہ ہے، جہاں ضلع کے معزز علمائے کرام نے کتاب اور صاحبِ کتاب پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تلاوت کلام پاک سے جلسے کا آغاز ہوا ۔ابتدائی خطاب اور خوبصورت نظامت کے فرائض ادارہ کے ناظم تعلیمات قاری عبد القیوم شاد گودرگاواں نے اداکئے۔
جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا، مہاراشٹر کے استاذِ حدیث حضرت مولانا محمد مرشد عالم قاسمی نے “حیات سبحانی” پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت مولانا عبدالسبحان صاحب رحمانیؒ کو متعدد خوبیوں سے نوازا تھا۔ ان کی ایک بڑی خوبی یہ تھی کہ ان کا درس نہایت مقبول تھا اور وہ ایک بافیض استاذ تھے۔ وہ کسی بھی مسئلے کو گہرائی اور گیرائی کے ساتھ بیان کرتے تھے۔ اسی طرح ان کا خطاب بھی علمی اور پسندیدہ ہوا کرتا تھا اور وہ ایک مقبول خطیب کی حیثیت رکھتے تھے۔جمعیۃ علماء بیگوسرائے کے صدر حضرت مولانا مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی نے کہا کہ “حیات سبحانی” ایک اہم علمی و ادبی مجموعہ ہے، جس میں مولانا عبدالسبحان رحمانیؒ کے نقوشِ حیات کو علمی و ادبی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کا اتنی جلد منظرِ عام پر آنا مولانا مرحوم کے علمی و ادبی شغف کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے آج کے پروگرام اور کتاب کے باوقار اجرا پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگوسرائے ضلع میں “حیات سبحانی” کا اجرا نہ صرف مولانا سے علمی لگاؤ کا نتیجہ ہے، بلکہ ان کے پیغام اور نقوشِ زندگی کو دوسروں تک اور نئی نسل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔
مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی نے مزید کہا کہ ممتاز صاحبِ قلم مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی نے اتنے کم عرصے میں “حیات سبحانی” تصنیف کر کے ایک بڑی خدمت انجام دی ہے اور مولانا سے غیر معمولی تعلق کا حق ادا کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
جمعیۃ علماء بہار کے ناظمِ مالیات حضرت مولانا محمد صابر نظامی قاسمی نے کہا کہ “حیات سبحانی” میں مؤلف نے مولانا عبدالسبحان رحمانیؒ کے کردار کو مختلف عنوانات کے تحت بیان کیا ہے اور ان کی زندگی کے الگ الگ گوشوں کو جداگانہ زاویوں سے قابلِ تقلید اور قابلِ استفادہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ کتاب میں “حرفِ چند” کے عنوان سے مفتی محمد خالد حسین نیموی قاسمی کی تحریر علمی بھی ہے اور دلچسپ بھی۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب کا ٹائٹل، کتابت، طباعت اور کاغذ سب اعلیٰ معیار کے مطابق عمدہ اور دیدہ زیب ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے، مولانا مرحوم کو غریقِ رحمت کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے، آمین۔
ادارے کے سرپرست پروفیسر سید شمیم احمد باروی نے “حیات سبحانی” کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔
کتاب کے مصنف مولانا مفتی عین الحق امینی قاسمی نے ادارے کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمٰن قاسمی اور تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا اور دیر تک مولانا عبدالسبحان رحمانیؒ کی حیات کے مختلف گوشوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ قاسمیہ بحرالعلوم بارو، بیگوسرائے کے فعال مہتمم مولانا ضیاء الرحمٰن قاسمی نے جامعہ رحمانی کے مقبول ترین استاذ مولانا عبدالسبحان رحمانیؒ سے بے پناہ لگاؤ، محبت، عقیدت اور احترام کا ثبوت پیش کیا ہے۔ انہوں نے یہاں اجرا کا پروگرام رکھا، مہمانوں کی شاندار ضیافت کی اور ایک خوبصورت پروگرام منعقد کر کے ملت اور سماج کو بہتر پیغام دینے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
مفتی عین الحق امینی قاسمی نے مزید کہا کہ مدرسہ قاسمیہ بحرالعلوم علاقے کا ایک ممتاز دینی ادارہ ہے۔ یہاں کے اساتذہ، ذمہ داران، سرپرست اور صدر سبھی ادارے کی تعلیمی ترقی کے لیے فکر مند نظر آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہاں اکابر علماء کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور یہ ادارہ وقتاً فوقتاً چھوٹے بڑے پروگرام منعقد کر کے اپنے اکابر سے جڑے رہنے کی مسلسل جدوجہد اور فکری کوشش میں مصروف رہتا ہے۔
ادارے کے مہتمم مولانا ضیاء الرحمٰن قاسمی نے آخر میں تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “حیات سبحانی” قابلِ مطالعہ کتاب ہے۔ یہ عمدہ طباعت و کتابت، دیدہ زیب سرورق، بہترین کاغذ اور علمی مواد کے ساتھ نئے عنوانات میں زیورِ طبع سے آراستہ ہو کر منظرِ عام پر آئی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اسے قبولِ خاص و عام عطا فرمائے۔
اجلاس میں علمائے کرام، حفاظ اور دانشورانِ ملت کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ان میں بطورِ خاص قاری رقیم الدین، خالد عرف راجا بھائی، حافظ حشمت اللہ، حافظ زاہد، حافظ قریش، مولانا اسرافیل، مولانا محمد سفیان مظاہری، حافظ محمد بابر علی بھاگلپوری، سید فخر یوسف باروی، حافظ رقیم الدین اور محمد عطاء الرحمن کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ مولانا سفیان اور حافظ بابر علی، جو مدرسہ ہذا کے استاذ ہیں، پروگرام کو کامیاب بنانے میں پیش پیش رہے۔ آخر میں صدرِ مجلس کی دعا پر اجلاس بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔
